فیض بذریعہ خالد: ناممکن کا ممکن | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
شاعری کیا ہے؟ یہ سوال آج بھی اتنا ہی پُر اسرار ہے جتنا ہزاروں برس پہلے تھا۔ بِیتی صدیوں میں شاعری کی تعریف (ڈیفی نِشن) کئی بار متعین کی گئی، مختلف شاعروں اور نقّادوں نے شاعری کی حدود و قیود اپنے اپنے انداز میں مقرّر کیں۔ اِن تعریفوں میں سے ایک یہ بھی ہے کہ شاعری وہ صِنف ادب ہے کہ جسکا ترجمہ ممکن نہ ہو۔ دوسری زبان تو دُور کی بات ہے خود اُسی زبان میں اگر شعر کے الفاظ آگے پیچھے کر دئیے جائیں تو بیان کا سارا طلسم ختم ہوجاتا ہے۔ لیکن اسکے باوجود ہر زبان میں شاعری کا ترجمہ ہوتا رہا ہے اور آجکل بھی ہورہا ہے۔ شاعری کے ناقابل ترجمہ ہونے کا نظریہ جتنا پرانا ہے، اسکی مخالفت کی تاریخ بھی اتنی ہی قدیم ہے۔ لاہور کے ادبی حلقوں میں آج کل یہ پرانی بحث ایک کروٹ لیکر بیدار ہوچکی ہے۔ وجہ اسکی یہ ہے کہ واشنگٹن میں مقیم انگریزی زبان کے معروف پاکستانی قلم کار خالد حسن نے فیض احمد فیض کے منتخبہ کلام کو انگریزی میں مرتب کیا ہے، کچھ تراجم خود اُن کے کئے ہوئے ہیں، کچھ داؤد کمال کے۔ آکسفورڈ یونیورسٹی پریس نے اب اس مواد کو کتابی شکل میں شائع کر دیا ہے۔
کتاب کا عنوان ہے: O City of Lights جوکہ ظاہر ہے فیض کی معروف نظم ’اے روشنیوں کے شہر‘ سے لیا گیا ہے۔ نمونے کے طور پر ترجمے کی چند سطریں ملاحظہ کیجئے: اے روشنیوں کے شہر سبزہ سبزہ، سوکھ رہی ہے پھیکی، زرد دوپہر O City of Lights Behind this fog lies the city of lights, O city of lights!
لاہور کے الحمرا ہال میں کتاب کی تقریبِ رُو نمائی کے دوران معروف دانش ور آئی اے رحمان نے کہا کہ شعر و ادب کسی اور زبان کے سانچے میں ڈھل کے اپنی اصل روح گنوا بیٹھتے ہیں لیکن خالد حسن کے انگریزی ترجموں میں یہ کمال ہے کہ وہ اصل کی روح کو فنا نہیں ہونے دیتے اور مغربی قارئین کے ثقافتی پس منظر کو مدِنظر رکھتے ہوئے اپنے زیرِترجمہ مواد کو اُن کی حدودِ فہم سے ماوراء نہیں جانے دیتے۔ خود خالد حسن کا کہنا تھا کہ ترجمہ فیض کا ہو یا منٹو کا یہ ایک انتہائی سخت آزمائش ہوتی ہے کیونکہ ایک زبان کے اظہارات کا عین متبادل دوسری زبان میں ناپید ہوتا ہے اور اگر تفہیم و ترسیلِ معانی کی خاطر ترمیم و اضافے کا سلسلہ شروع ہو جائے تو ترجمہ شدہ مواد اصل متن سے کوسوں دُور چلا جاتا ہے۔
گویا شاعری کا مترجم ہمہ وقت ایک ایسی تنی ہوئی رسی پر چلتا ہے جسکی ایک جانب بے کیف لفظی ترجمے کی کھائیاں ہیں اور دوسری طرف حُسنِ بیان کی وہ خوبصورت بلا منہ کھولے بیٹھی ہےجو سارے متن کو ایک ہی نوالے میں ہڑپ کر جانے کے لئے بے چین ہے۔۔۔ لیکن یہی متن جب بھاپ بن کر اُسکے نتھنوں سے نکلے گا تو اس بدلی ہوئی صورت میں اسے کوئی بھی پہچان نہ پائے گا۔ مترجم کو غلامانہ لفظی ترجمے اور متن کی مکمل کایا کلپ کی اِن دو انتہاؤں کے درمیان ایک توازن تلاش کرنا ہوتا ہے۔ طاہرہ مظہر علی خان نے اس موقعے پر حاضرین سے پنجابی میں خطاب کیا اور اُن لوگوں کی اچھی طرح خبر لی جو فیض کو محض فیشنی سوشلسٹ یا ’بیٹھک کا باتونی‘ قرار دیتے ہیں۔ کتاب کی تقریبِ رونمائی میں فیض احمد فیض کی صاحب زادی سلیمہ ہاشمی مہمانِ خصوصی تھیں۔ انھوں نے اپنے بچپن اور نوجوانی کے کچھ واقعات سنائے جن سے فیض صاحب کی شخصیت پر نئے زاویوں سے روشنی پڑتی ہے۔ تقریب کے آخر میں فیض گھرانے کی تیسری پُشت کی نمائندگی کرنے والے عدیل ہاشمی سٹیج پر آئے اور اپنے نانا جان کے بارے میں اظہارِ عقیدت کیا۔
کتاب کی ناشر امینہ سید بھی تقریب میں موجود تھیں اور انھوں نے اپنے ادارے کی جانب سے حال ہی میں شائع ہونے والی دیگر علمی و ادبی کتابوں کا تذکرہ بھی کیا۔ آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کی شائع کردہ دوسو نوّے صفحے کی اس کتاب میں داؤد کمال اور خالد حسن کی ترجمہ کردہ نوّے نظموں کے علاوہ فیض احمد فیض کے کچھ نثرپاروں اور فیض صاحب کے بارے میں عمائدینِ علم و ادب کی چیدہ چیدہ تحریروں کا ترجمہ بھی موجود ہے۔ |
اسی بارے میں ’وہ آج بھی ہمارے دلوں میں زندہ ہیں‘11 July, 2006 | قلم اور کالم احمد ندیم قاسمی چل بسے10 July, 2006 | پاکستان بلھے شاہ اساں مرنا ناہیں26 August, 2004 | قلم اور کالم سیاہ فام شاعر کا اعزاز لینے سے انکار28 November, 2003 | فن فنکار ادب خاموش ہے: قاسمی30.07.2003 | صفحۂ اول جون ایلیا: خاک بہ خاک 09.11.2002 | صفحۂ اول راہی، راہئ ملک عدم02.09.2002 | صفحۂ اول منیر کوغصہ کیوں آتاہے30.07.2003 | صفحۂ اول | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||