امیتابھ کا کمال، کامیابی کے 40 سال | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بولی وڈ کے مشہور اداکار امیتابھ بچن کو بھارتی فلمی دنیا میں آئے چالیس سال ہو چکے ہیں۔ سو سے زیادہ فلموں میں ہیرو کا کردار ادا کرنے والے امیتابھ بچن آج بھی بھارتی فلم انڈسٹری کے سب سے زیادہ جانے پہچانے اداکار ہیں۔ ایک مرتبہ انہوں نے اپنے مداحوں سے درخواست کی تھی کہ وہ ان کی عمر کا خیال کیے بنا ان کی فلمیں دیکھیں اور سنہ 2005 میں امیتابھ کی ریلیز ہونے والی گیارہ فلمیں اس بات کا ثبوت ہیں کہ امیتابھ کے مداح آج بھی ان سے اتنا ہی پیار کرتے ہیں۔ اس سال امیتابھ کی کل تیرہ فلمیں ریلیز ہوں گی جو ان کے چالیس سالہ کیرئیر میں کسی بھی برس میں سب سے زیادہ ہیں۔ دن میں اٹھارہ گھنٹے کام کرنے والے تریسٹھ سالہ امیتابھ آج فلموں کے علاوہ بھارتی ٹی وی کے بھی مشہور ترین اداکاروں میں سے ایک ہیں اور متعدد اشتہارات کے علاوہ ان کا مشہور شو ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ عوام میں بے حد مقبول ہے۔ امیتابھ بچن ہندی کے مشہور شاعر ہری ونش رائے بچن کے بیٹے ہیں اور وہ کلکتہ سے نوکری چھوڑ کر ممبئی کی فلم نگری میں کام کرنے کے لیے آئے تھے۔
انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ’میں ممبئی صرف ایک ڈرائیونگ لائسنس لے کر آیا تھا اور بس۔ میرا خیال تھا کہ اگر میں اداکار نہ بنا تو ٹیکسی چلاؤں گا۔ میرے پاس رہنے کی جگہ تک نہ تھی‘۔ امیتابھ بچن نے فلموں میں 1970 سے کام کرنا شروع کیا اور ان کی پہلی ہٹ فلم ’زنجیر‘ تھی جس میں انہوں نے ایک پولیس افسر کا کردار ادا کیا جو اپنے والدین کی موت کا بدلہ لینے کی کوشش کرتا ہے۔ اس فلم نے امیتابھ کو راتوں رات شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا اور وہ ایک ’اینگری ینگ مین‘ کے طور پر ابھرے۔ اس زمانے کی ایک پوری نوجوان بھارتی نسل نے امیتابھ کو ہیرو تصور کیا اور ان کے بال، چلنے کا طریقہ اور آواز کی نقل کرنے کی کوشش کی۔ جب سنہ 1982 میں امیتابھ کو فلم ’ قلی‘ کی فلمبندی کے دوران چوٹ لگی تو ان کے ہزاروں مداح اس ہسپتال کے باہر دنوں تک جمع رہے جہاں پر وہ داخل تھے۔ یہی نہیں پورے بھارت کے کروڑوں لوگوں نے ان کی صحت یابی کے لیے دعا کی۔ اس واقعہ کے ایک سال بعد امیتابھ نے فلموں میں ایک بار پھر کام کرنا شروع کیا تاہم پہلے کے نسبت اتنے کامیاب نہیں رہے۔ امیتابھ نے سنہ 1985 میں اس وقت سیاست کا رخ کیا جب کانگریس پارٹی کے صدر اور سابق بھارتی وزیرِاعظم راجیوگاندھی نے انہیں انتخابات میں حصہ لینے پر آمادہ کر لیا۔ امیتابھ الٰہ آباد کے حلقے سے یہ انتخاب آسانی سے جیت گئے تاہم وہ جلد ہی مستعفٰی ہوگئے کیونکہ ان پر مالی کرپشن کا الزام لگا یا گیا جو کہ بعد میں غلط ثابت ہوا۔ امیتابھ نے مستعفٰی ہونے کے تھوڑے عرصے بعد سٹار ڈسٹ رسالے کو بتایا کہ سیا ست میں آ کر انہوں نے بہت بڑی غلطی کی اور آئندہ وہ سیاست میں حصہ نہیں لیں گے۔
امیتابھ نے نّوے کی دہائی میں بہت سی ناکام فلموں میں کام کیا۔ اس کے بعد انہوں نے اپنے نام کی فلم کمپنی بنائی جو بہت جلد ہی خسارے میں چلی گئی جس کی وجہ سے امیتابھ کے مالی حالات گھمبیر ہو گئے۔ تاہم کچھ عرصے بعد ہی امیتابھ بولی وڈ میں زبردست طریقے سے واپس آئے اور جلد ہی فلموں کی کامیابی کی ضمانت بن گئے۔ امیتابھ نے اپنے فلمی کیرئیر کے اس دوسرے حصے میں نہ صرف فلموں میں کامیاب کردار اداکیے بلکہ بھارتی ٹی وی پر ان کا کوئز شو ’ کون بنےگا کروڑپتی‘ بھی مقبولِ عام ہوا۔ امیتابھ کی یہ واپسی اتنی کامیاب ترہی کہ وہ آج بھارتی فلمی دنیا کے مصروف ترین ادادکار ہیں اور یہی نہیں بلکہ انہوں نے اپنی فلم کمپنی کا دوبارہ آغاز کر لیا ہے۔ امیتابھ کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ اب ہالی وڈ میں بھی کام کرنا چاہتے ہیں۔ یاد رہے کہ وہ سال ہا سال سے ہالی وڈ فلمسازوں کو انکار کرتے رہے ہیں۔ امیتابھ بچن کو سنہ 1999 میں بی بی سی نیوز کی ویب سائٹ پر کروائے جانے والے ایک سروے میں ’ بیسویں صدی کا بہترین اداکار‘ چنا گیا تھا مگر وہ اپنے انتخاب کو ’کمپیوٹر کی غلطی‘ کہتے ہیں اور ان کا ماننا ہے کہ اگر ان سے پوچھا جاتا تو وہ مارلن برانڈو کو ہی بیسویں صدی کا عظیم ترین اداکار چنتے۔ | اسی بارے میں تاریخ ، ادب اور بالی وڈ25 July, 2005 | فن فنکار ممبئی میں پاکستانی فلم کی شوٹنگ16 July, 2005 | فن فنکار سٹارز شوز کی دوڑ میں کون آگے04 May, 2004 | فن فنکار ’اچھے مارکیٹنگ سسٹم کی ضرورت‘14 April, 2005 | فن فنکار بالی ووڈ فلمیں تنازعے کا شکار02 September, 2005 | فن فنکار نورجہاں کی پوتی کی فلم تاج محل18 November, 2005 | فن فنکار امیتابھ کی حالت بہتر29 November, 2005 | انڈیا امیتابھ آپریشن کے بعد مزید بہتر 01 December, 2005 | فن فنکار | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||