بالی وڈ کے میگا سٹار امیتابھ بچن نے کہا ہے کہ بھارت کی اقتصادی ترقی کے ساتھ فلمی صنعت بھی دنیا بھر میں اور مشہور ہو سکتی ہے اگر بھارتی فلم پروڈیوسرز اس کی مارکیٹنگ ’ہالی وڈ‘ سٹائل میں کریں۔ 150 سے زائد فلموں میں کام کرنے والے بھارتی اداکار نے کہا کہ فلمی صنعت کو اور مشہور ہونے کے لیے ڈسپلن کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فلمی صنعت ہالی وڈ کی طرح کارپوریشنوں کی طرح کام نہیں کرتی۔’ہمیں چاہیے کہ متحد ہو کر ایک طاقت بن جائیں‘۔ امیتابھ بچن نیویارک میں ایک بارہ روزہ فلمی میلے میں شرکت کر رہے ہیں جس میں ان کی فلمیں دکھائی جائیں گی۔ بھارتی اداکار نے ہالی وڈ سے اپیل کی کہ وہ بالی وڈ کی مدد کرے اور اسے بڑے امریکی شائقین کی تلاش میں مدد دے۔ انہوں نے کہا کہ ’ہم اس بارے میں بات کرنا چاہتے ہیں کہ وہ ہماری کس طرح مدد کریں گے۔ امریکیوں کے پاس ایک اچھا مارکیٹنگ سسٹم موجود ہے جس کی تقلید کرنی چاہیے‘۔ امیتابھ نے جو اقوامِ متحدہ کے ادارے یونیسف کی پولیو کی مہم میں خصوصی نمائندے بھی ہیں کہا کہ پولیو اب بھی موجود ہے۔ ’ہم اسے صفر پر لانا چاہتے ہیں‘۔ |