 |  سونامی کنسرٹ بی بی سی نشر کرے گی |
سونامی کے متاثرین کے لیے ہونے والے بڑے کنسرٹ کے منتظمین اس کوشش میں ہیں کہ شو کے ٹکٹ ایسے افراد تک نہ پہنچ پائیں جو انہیں انٹرنیٹ پر فروخت کرنے کی کوشش کریں گے۔ کارڈف ملینیم سٹیڈیم کے مینیجر پال سارجنٹ نے یہ ٹکٹ فروخت کر کے منافع کمانے کی کوشش کرنے والے لوگوں کو ’ کرائے کے قاتل‘ قرار دیا ہے۔ انٹرنیٹ پر خرید و فروخت کی ایک مشہور ویب سائٹ ای بے پر درجنوں ٹکٹ نیلامی کے لیے پیش کیے گئے ہیں البتہ یہ ٹکٹ بیچنے والے متعدد افراد کا کہنا ہے کہ وہ یہ رقم متاثرین کی امداد کے لیے دیں گے۔ ای بے ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ ان ٹکٹوں کی انٹرنیٹ پر دوبارہ فروخت غیر قانونی بات نہیں ہے۔  |  کارڈف ملینیم سٹیڈیم میں فٹبال فائنلز بھی کھیلے جاتے ہیں |
انٹرنیٹ پر ٹکٹوں کی دوبارہ نیلامی کا تنازعہ اس وقت کھڑا ہوا جب مشہور راک بینڈ سٹیریوفونکس کے لیڈ سنگر کیلی جونز کا نام بائیس جنوری کو ہونے والے کنسرٹ میں حصہ لینے والے فنکاروں میں شامل کرنے کے بعد یہ اعلان کیا گیا کہ بی بی سی اس کنسرٹ کو آن لائن، ٹی وی اور ریڈیو پر نشر بھی کرے گی۔ایرک کلیپٹن، کین، سنو پٹرول، مینک سٹریٹ پریچرز، بیڈلی ڈران بوائے، جولز ہالینڈ، لبرٹی ایکس، لیمار، شارلٹ چرچ، کریگ ڈیوڈ اور ایمبریس جیسے گلوکاروں اور بینڈز سے سجے اس کنسرٹ کے ساٹھ ہزار ٹکٹ صرف تین دن میں فروخت ہو گئے۔ امید کی جا رہی ہے کہ اس کنسرٹ کے باعث سونامی کے متاثرین کے لیے دس لاکھ پاؤنڈ جمع کیے جا سکیں گے۔ |