 |  سونامی کے متاثرین کے لیے ملبورن میں کرکٹ میچ ہو گا |
سونامی کے متاثرین کی مدد کی غرض سے آسٹریلیا کے شہر ملبورن میں آئندہ ہفتے کھیلے جانے والے کرکٹ میچ میں پاکستان کے تیز بولر شعیب اختر زخمی ہونے کے باعث حصہ نہیں لے پائیں گے۔ شعیب اختر ایشیئن الیون کی جانب سے کھیلنے والے تھے جس کا مقابلہ باقی دنیا کی ٹیم سے ہونا تھا لیکن پٹھہ کھِچ جانے کے بعد شعیب یہ میچ نہیں کھیلیں گے۔ انہوں نے کہا ہے کہ یہ میچ نہ کھیلنا ایک ’دانشمندانہ‘ فیصلہ ہے کیونکہ بصورت دیگر وہ طویل عرصے تک بیمار ہو سکتے ہیں۔  |  شعیب اختر پٹھہ کھِچ جانے کی وجہ سے میچ نہیں کھیلیں گے |
ادھر سچن تندولکر بھی کہنی میں چوٹ کے باعث کھیلنے سے قاصر ہوں گے لیکن وہ اسی ہزار ممکنہ تماشائیوں کے ساتھ میچ دیکھنے سٹیڈیم آئیں گے۔ انگلینڈ کے فاسٹ بولر ڈیرن گوف اپنے بیٹے کے اصرار پر میچ کھیلنے آسٹریلیا روانہ ہو چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سونامی سے ہلاک ہونے والوں میں ایک تہائی چھوٹے بچے تھے۔ ’میرے دونوں بچوں نے اپنا جیب خرچ عطیے کے طور پر دے دی ہے اور میں چاہتا ہوں کہ میں بھی اپنا کردار ادا کروں۔‘ ڈیرن گوف نے کہا کہ سپورٹس کی دنیا کے حوالے سے کرکٹ نے تباہی کی زد میں آنے والوں کی امداد کے لیے بڑھ چڑھ کر مدد کی ہے۔ |