انضمام، یوحنا آسٹریلیا کا ہدف | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین پرتھ میں پہلے کرکٹ ٹیسٹ کے آغاز سے قبل انضمام الحق اور یوسف یوحنا آسٹریلوی بولروں کی توجہ کا مرکز ہیں۔ پاکستان کے نسبتاً ناتجربہ کار بلے بازوں کی موجودگی میں انضمام اور یوحنا کے کاندھوں پر نہایت اہم ذمہ داری ہے۔ان دونوں پاکستانی بلے بازوں نے مشترکہ طور پر دس ہزار سے زیادہ رنز بنائے ہیں جن میں ا کتیس سنچریاں بھی شامل ہیں۔ آسٹریلوی فاسٹ بولر گلین میگراتھ کا کہنا تھا کہ ’ یہ دونوں پاکستانی بیٹنگ کے اہم ترین ستون ہیں۔ اگر ہم انہیں گرانے میں کامیاب ہو گئے تو ہمارا کام آسان ہو جائے گا‘۔ یوسف یوحنا نے تو اگرچہ جنوبی آسٹریلیا کے خلاف ستتر اور بتیس رنز کی اننگز کھیلی ہیں مگر پاکستانی ٹیم کے کپتان انضمام الحق اس ٹور پر ابھی تک صرف سولہ رنز ہی بنا سکے ہیں۔ انضمام کا کہنا تھا کہ ’وہ واحد طریقہ جس سے ہم لوگوں کو غلط ثابت کر سکتے ہیں کھیل کے میدان میں ہماری کارکردگی ہے، اور ہماری موجودہ فارم کو دیکھتے ہوئے ہمیں شدید محنت کی ضرورت ہے‘۔ پرتھ کی وکٹ کو آسٹریلیا کی تیز ترین وکٹ کہا جاتا ہے۔ آسٹریلوی ٹیم پاکستانی بالنگ میں موجود شعیب اختر اور محمد سمیع سے خائف نہیں اور وہ اپنی جیت کے بارے میں نہایت پراعتماد ہیں۔ آسٹریلوی فاسٹ بولر بریٹ لی کی ٹیم میں شمولیت کے بارے میں ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا ہے۔ بریٹ لی نے جنوری 2004 سے کوئی ٹیسٹ نہیں کھیلا ہے اور اس مرتبہ بھی یہی کہا جا رہا ہے کہ وہ ٹیم میں اپنی جگہ بنانے میں کامیاب نہیں ہو سکیں گے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||