ہندو تنظیموں کا احتجاج، شاہ رخ کی فلم کا شو روک دیا گيا

دل والے سے شاہ رخ اور کاجول کی کئی برس بعد سکرین پر واپسی ہوئی ہے

،تصویر کا ذریعہRed Chillies Entertainment

،تصویر کا کیپشندل والے سے شاہ رخ اور کاجول کی کئی برس بعد سکرین پر واپسی ہوئی ہے

بھارت میں جمعے کو ریلیز ہونے والی شاہ رخ خان کی فلم ’دل والے‘ اور ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’باجی راؤ مستانی‘ کے خلاف احتجاجی مظاہرے ہوئے ہیں جس کے سبب کئی مقامات پر ان کے شو روکنے پڑے ہیں۔

دارالحکومت دہلی سے متصل غازی آباد میں شاہ رخ خان کی فلم دل والے کے خلاف احتجاجی مظاہرے شروع ہوئے جس کے بعد فلم کی سکریننگ روک دی گئی۔

مہاگن میٹرو مال کے پی وی آر سنیما میں اس فلم کا پہلا شو شروع ہوا تھا کہ ہنگامہ پھوٹ پڑا۔

،تصویر کا ذریعہRoshan Jaiswal

پی وی آر مووی کی انتظامیہ کے سو جيت نے فون پر بی بی سی کو بتایا: ’سو سے زیادہ مظاہرین نے شاہ رخ خان کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے رکاوٹ ڈالی ہے۔ پولیس آ گئی ہے۔ آگے کے شو چلانے ہیں یا نہیں یہ پولیس سے بات چیت کرنے کے بعد طے کیا جائے گا۔‘

اسی سنیما ہال میں فلم دیکھنے والے پیوش پانڈے نے بھی بی بی سی کو بتایا کہ احتجاج کی وجہ سے فلم کی سکریننگ روک دی گئی ہے۔

شاہ رخ خان نے کچھ دنوں پہلے ایک بیان میں کہا تھا کہ بھارت میں عدم برداشت بڑھتی جا رہی ہے۔ اس بیان کے بعد سے ہندو تنظیمیں ان کی مخالفت کر رہی ہیں۔

کئی ہندوں تنظیموں نے شاہ رخ خان کی اس فلم کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ بنارس جیسے شہروں میں اس کے خلاف پہلے ہی سے احتجاجی مظاہرے ہوتے رہے ہیں
،تصویر کا کیپشنکئی ہندوں تنظیموں نے شاہ رخ خان کی اس فلم کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ بنارس جیسے شہروں میں اس کے خلاف پہلے ہی سے احتجاجی مظاہرے ہوتے رہے ہیں

کئی ہندوں تنظیموں نے شاہ رخ خان کی اس فلم کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ بنارس جیسے شہروں میں اس کے خلاف پہلے ہی سے احتجاجی مظاہرے ہوتے رہے ہیں۔

دوسری جانب مہاراشٹر میں پونے سمیت کئی شہروں میں فلم باجی راؤ مستانی کی سکریننگ بھارتیہ جنتا پارٹی کی مخالفت کی وجہ سے روک دی گئی ہے۔

،تصویر کا ذریعہeros

پونے کے مقامی صحافی دیوي داس دیش پانڈے کے مطابق شہر کے سٹي پرائڈ ملٹی پلیکس میں باجی راؤ مستانی کی آج سے سکریننگ ہونی تھی لیکن بی جے پی کے کارکنان کی جانب سے اس کے خلاف مظاہروں کے بعد اسے روک دیا گیا ہے۔

بی جے پی کے مقامی رکن اسمبلی میدھا کلکرنی نے مہاراشٹر کے دیگر شہروں میں بھی فلم کی مخالفت کرنے کی بات کہی ہے۔

بی جے پی کے کارکنوں نے فلم کے خلاف پونے میں کل بھی احتجاجی مظاہرہ کیا تھا۔