بڑے پردے سے زیادہ دور نہیں رہوں گی: کاجول

بالی وڈ کی اداکارہ کاجول کا کہنا ہے کہ گذشتہ 25 سالوں کے مقابلے میں آج بالی وڈ فلموں کی معیار کافی بہتر ہو گیا ہے۔
بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کاجول نے بالی وڈ میں اپنے 25 سال کے سفر کے تجربے اور فلموں میں آنے والی تبدیلی کے بارے میں بات کی۔
اس ہفتے میں ریلیز ہونے والی اپنی نئی فلم ’دل والے‘ سے پہلے کاجول سنہ 2010 میں کرن جوہر کی فلم ’مائی نیم از خان‘ اور پھر ’وی آر فیملي‘ میں نظر آئی تھیں اور اب وہ روہت شیٹی کی فلم ’دل والے‘ میں شاہ رخ خان کے ساتھ بالی وڈ میں واپس آئی ہیں۔

بالی وڈ کی فلموں میں تبدیلیوں کے بارے میں انھوں نے کہا کہ ’آج کل بالی وڈ کی فلموں کے بارے میں ناظرین کے خیالات کافی بدل گئے ہیں۔ اب وہ ہالی وڈ کی بھی فلمیں دیکھنا پسند کرتے ہیں۔‘
کاجول نے آج کے دور کے ساتھ قدم ملانے کی بات پر کہا کہ ’ایک اداکار کے طور پر میں نے کچھ چیزیں پہلے سیکھی تھیں جو مجھے آج اپنی اداکاری کے لیے بدلنا پڑی ہیں۔‘
انھوں نے مثال دیتے ہوئے کہا: ’20 سال پہلے ہمیں رونے اور ہنسنے کے طریقے سکھاتے وقت کہا جاتا تھا کہ آپ کو اتنا ہی ہنسنا یا رونا ہے اس سے زیادہ نہیں۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
شاہ رخ خان اور کاجول کی آخری فلم ’مائی نیم از خان‘ سنہ 2010 میں ریلیز ہونے کے بعد باکس آفس اور مبصرین میں کافی مقبول رہی تھی۔
کاجول نے ’دل والے‘ میں کام کرنے کے اپنے تجربات کے بارے میں بتایا کہ ’اس فلم میں ہم سے ہماری اداکاری کے بارے میں سختی سے کہا گیا تھا کہ جتنا ہو سکے اتنی ہی حقیقی اداکاری کرنی ہے، جیسے کہ ہم عام زندگی گزارتے ہیں۔ یہ میرے لیے ایک نئی بات تھی۔‘

’دل والے‘ میں کاجول کی ساتھی اور اداکارہ کریتی سانن نے حال ہی میں بی بی سی کو بتایا تھا کہ کسی سین کی شوٹنگ شروع ہونے سے پہلے کاجول بہت زور سے ہنستی تھیں لیکن سین شروع ہوتے ہی وہ اچانک سے بہت سنجیدہ اداکاری کرنے لگتی تھیں۔
کاجول کا کہنا ہے کہ وہ فلم انڈسٹری میں تبدیلیوں کو قبول کرتی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ’ہمیں بھی وقت کے ساتھ بدلنا پڑے گا۔ یہ دور اداکاروں کے لیے بہترین دور ہے کیونکہ یہاں پر ہر طرح کی فلمیں بنائی جا رہی ہیں۔‘

،تصویر کا ذریعہred chillies
’دل والے‘ میں ایک طرف ناظرین کو شاہ رخ خان اور کاجول کی جوڑی دیکھنے کو ملے گی اور دوسری طرف وہ نسبتاً نوجوان جوڑی ورون دھون اور کریتی سانن کو بھی دیکھ سکیں گے۔
کاجول نے نوجوان نسل کے اداکاروں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’آج کے اداکار پیشہ ورانہ انداز کے ساتھ کام کرتے ہیں، وہ شوٹنگ کے وقت پر پابندی سے پہنچتے ہیں اور انھیں یہ بھی پتہ ہوتا ہے کہ انھیں کیمرے سے ہٹ کر بھی کیسے پیش آنا چاہیے۔‘
انھوں نے مزید کہا: ’آج ایک اداکار سے سٹار بننے میں اس بات پر 60 فیصد انحصار کیا جاتا ہے کہ آپ پردے سے ہٹ کر اصل زندگی میں کس طرح پیش آتے ہیں اور یہ بات آج کے اداکار اچھی طرح سے جانتے ہیں۔‘

کاجول نے فلم انڈسٹری میں ایک دہائی سے پہلے کے حالات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمارے زمانے میں اگر آپ ایک سٹار ہیں تو آپ اپنی مرضی کے وقت پر سیٹ پر آ سکتے تھے، چاہے کتنی بھی دیر کیوں نہ ہو جاتی ہو۔‘
انھوں نے مسکراتے ہوئے مزید کہا: ’لیکن میں ایسا نہیں کرتی تھی۔‘
اہنی آخری فلم کے پانچ سال بعد فلموں میں واپسی کرنے والی کاجول نے یہ بھی کہا کہ اب وہ بڑے پردے سے زیادہ فاصلہ نہیں رکھیں گی اور جلد ہی اپنی کمپنی کے ذریعے ایک فلم بنائیں گی جس میں وہ خود اداکاری بھی کریں گی۔







