’آج ہم غیر روادار ہیں، بہتر جواب دوں گی‘

شاہ رخ خان نے اپنی 50 ویں سالگرہ پر بھارت میں عدم روادری پر تشویش کا اظہار کیا تھا
،تصویر کا کیپشنشاہ رخ خان نے اپنی 50 ویں سالگرہ پر بھارت میں عدم روادری پر تشویش کا اظہار کیا تھا

بالی وڈ کے سپر سٹار شاہ رخ خان نے ’عدم رواداری‘ کے معاملے پر پوچھے جانے والے سوالات پر خاموشی اختیار کر لی جبکہ ان کی حمایت میں اداکارہ کاجول سامنے آئیں۔

شاہ رخ کی خاموشی کے بعد کاجول نے کہا:’آج ہم غیر روادار ہیں، مجھ سے پوچھیے جو پوچھنا ہے۔ آپ کی باتوں کا میں بہتر جواب دوں گی۔‘

کاجول کے سر میں سر ملاتے ہوئے اداکار ورون دھون نے کہا: ’اس بات پر سوال کرنے کے لیے یہ جگہ مناسب نہیں ہے۔ ہم یہاں فلم کے بارے میں بات کرنے آئے ہیں اور آپ اپنے سوالات بھی وہیں تک محدود رکھیں۔‘

کاجول اور ورون کے تیور سے یہ واضح تھا کہ وہ ان سوالات کے لیے تیار ہو کر آئے تھے اور بڑی صفائی سے شاہ رخ کو بچا لے گئے۔

خيال رہے کہ شاہ رخ کے ’عدم رواداری‘ پر دیے جانے والے بیان پر تنازع کھڑا ہو گيا تھا اسی لیے شاید شاہ رخ اسے مزید ہوا دینا نہیں چاہتے تھے۔

ان کی خاموشی پر فلم ’دل والے‘ میں ان کے ساتھ کام کرنے والے فنکار کاجول اور ورون دھون نے میڈیا کو اس سے منسلک سوال پوچھنے سے باز رکھا۔

کاجول اور شاہ رخ کی جوڑی کو بالی وڈ کی کامیاب ترین جوڑیوں میں شمار کیا جاتا ہے

،تصویر کا ذریعہyashraj films

،تصویر کا کیپشنکاجول اور شاہ رخ کی جوڑی کو بالی وڈ کی کامیاب ترین جوڑیوں میں شمار کیا جاتا ہے

یہ سوال دسمبر میں ریلیز ہونے والی شاہ رخ خان کی میگا بجٹ فلم ’دل والے‘ کے ٹریلر لانچ کے موقعے پر کیے گئے تھے۔

شاہ رخ خان کی جانب سے 50 ویں سالگرہ کے موقعے پر دیے جانے والے ایک انٹرویو کے دوران ملک میں روز افزوں عدم رواداری کے ان کے بیان پر حکمراں جماعت بی جے پی کے کئی رہنماؤں نے انھیں تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

ممبئی میں ٹریلر لانچ پر فلم دل والے کے اہم اداکار اور ہدایتکار موجود تھے

،تصویر کا ذریعہbbc

،تصویر کا کیپشنممبئی میں ٹریلر لانچ پر فلم دل والے کے اہم اداکار اور ہدایتکار موجود تھے

فلم ’دلوالے‘ کے ٹریلر کی ریلیز کے دوران جب صحافیوں نے ان سے اس سے منسلک سوال پوچھنے شروع کیے تو وہ پرسکون رہے لیکن کاجول نے کہا: ’آج ہم غیر روادار ہیں، مجھ سے پوچھیے جو پوچھنا ہے۔ آپ کی باتوں کا میں بہتر جواب دوں گی۔‘

کاجول نے اس موقعے پر صحافیوں کے سوالات کے جواب دیے
،تصویر کا کیپشنکاجول نے اس موقعے پر صحافیوں کے سوالات کے جواب دیے