کاجول کے منع کرنے کے بعد ایشوریہ شاہ رخ کے ساتھ آ سکتی ہیں

ایشوریہ رائے بچن کو بیٹی کی پیدائش کے بعد فلموں میں واپسی کے لیے بہت ساری پیشکشیں ہو رہی ہیں

،تصویر کا ذریعہHoture

،تصویر کا کیپشنایشوریہ رائے بچن کو بیٹی کی پیدائش کے بعد فلموں میں واپسی کے لیے بہت ساری پیشکشیں ہو رہی ہیں

اداکارہ کاجول کے شاہ رخ خان کے ساتھ ایک فلم میں کام کرنے سے انکار کے بعد اطلاعات کے مطابق اب یہ کردار ایشوریہ رائے بچن کی جھولی میں آ سکتا ہے۔

بھارتی اخبار دکن کرانیکل میں شائع ہونے والی ایک خبر کے مطابق روہت شیٹی ایک فلم بنانے والے ہیں جسے اداکار اور گلوکار کشور کمار اور مدھوبالا کی سپر ہٹ فلم ’چلتی کا نام گاڑی‘ کا ری میک کہا جا رہا ہے۔

یہ فلم بھارتی سینیما کی تاریخ کی بہترین مزاحیہ فلموں میں شمار ہوتی ہے اور اس میں کشور کمار کے دونوں بھائیوں اشوک کمار اور انوپ کمار نے بھی اداکاری کی تھی۔

پہلے اس فلم میں مدھوبالا کے کردار کے لیے کاجول کو پیش کش کی گئی تھی لیکن ان کے انکار کے بعد یہ خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اب یہ کردار ایشوریہ رائے ادا کر سکتی ہیں۔

ایشوریہ اور شاہ رخ اس سے پہلے کئی فلموں میں کام کر چکے ہیں

،تصویر کا ذریعہHOTURE

،تصویر کا کیپشنایشوریہ اور شاہ رخ اس سے پہلے کئی فلموں میں کام کر چکے ہیں

واضح رہے کہ ایشوریا رائے بچن کو بیٹی کی پیدائش کے بعد فلموں میں واپسی کے لیے بہت سی پیشکشیں ہو رہی ہیں۔

اس سے قبل کرن جوہر نے اپنی فلم ’اے دل ہے مشکل‘ میں رنبیر کپور اور انشكا شرما کے ساتھ ایشوریہ رائے بچن کو سائن کیا تھا۔ اس کے علاوہ ایشوریہ رائے نے سنجے گپتا کی فلم ’جذبہ‘ میں کام کرنے کےلیے بھی ہاں کر دی ہے۔

کاجول اور شاہ رخ کی جوڑی کو فلم ناظرین نے بہت پسند کیا ہے تاہم یہ واضح نہیں کہ انھوں نے اس فلم سے انکار کیوں کر دیا۔

اس سے قبل شاہ رخ اور ’ایشوریہ فلم ’جوش،‘ ’محبتیں‘ اور ’دیوداس‘ میں ایک ساتھ کام کر چکے ہیں۔