عالمی سطح پر ایشوریہ رائے کے حسن کا جادو برقرار

،تصویر کا ذریعہAFP
بالی وڈ کی معروف اداکارہ اور سابق ملکۂ عالم ایشوریہ رائے بچن کے حسن کا جادو اب تک بین الاقوامی سطح پر قائم ہے اور بالی ووڈ کی کوئی دوسری اداکارہ ان کے آس پاس بھی نہیں ہے۔
ہالی وڈ بز نامی ویب سائٹ کے ایک سروے میں ایشوریہ رائے کو دنیا کی حسین ترین خواتین کی فہرست میں چوتھا مقام ملا ہے۔
اس فہرست میں پہلا مقام اطالوی اداکارہ مونیکا بیلوچی کو ملا ہے۔ اطلاعات کے مطابق 50 سالہ مونیکا بلوچی کو کانگریس صدر سونیا گاندھی پر ایک مجوزہ فلم کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔ یہ فلم سنہ 2007 میں ریلیز ہونے والی تھی لیکن فلم کسی وجہ سے روک دی گئی۔

،تصویر کا ذریعہAP
دوسرے نمبر پر امریکی ماڈل اور اداکارہ کیتھرن کیٹ اپٹن ہیں۔ وہ سنہ 1992 میں پیدا ہوئیں۔ ان کی آنے والی فلم ’دا ادر وومن‘ ہے۔ انھیں سپورٹس السٹریٹڈ کے سوئم سوٹ ایڈیشن پر ان کی تصویر کے لیے یاد کیا جاتا ہے۔
تیسرے نمبر پر ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ اینجلینا جولی ہیں۔ جو اپنے مختلف النوع کردار کے لیے جانی جاتی ہیں اور بطور خاص اپنے مہم جویانہ کردار کے لیے پسند کی جاتی ہیں۔ وہ گذشتہ کئی برسوں سے رضاکارانہ کاموں میں خاصی سرگرم نظر آتی ہیں۔
اس فہرست میں ایشوریہ رائے کے بعد بالی ووڈ سے دوسرا نام اس دور کی انتہائی کامیاب اداکارہ دیپکا پادوکون کا ہے لیکن وہ ایشوریہ سے بہت پیچھے 29 ویں نمبر پر ہیں۔

،تصویر کا ذریعہGetty
گذشتہ سال کی ان کی فلموں نے بے پناہ مقبولیت حاصل کی اور رواں سال کی شروعات سے ان پر ایوارڈز کی بارش ہو رہی ہے۔ پہلے انھیں فلم ’چنّئی ایکسپریس‘ کے لیے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ ملا تو پھر انہیں فلم ’گولیوں کی راس لیلا رام لیلا‘ کے لیے بہترین اداکارہ کے اعزاز سے نوازا گيا۔
اس فہرست میں شو بز کی دنیا کی 30 بہترین خواتین کو شامل کیا گیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ہالی وڈ بز کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے یہ فہرست 40 لاکھ لوگوں کے ووٹوں کی بنیاد پر تیار کیا ہے۔
ایشوریہ رائے نے اس فہرست کے شائع ہونے کے بعد ایک بیان میں کہا: ’ہالی وڈ بز کے پول کے نتائج کے بارے میں میرے خیرخواہوں نے واٹس ایپ پر مجھے بتایا۔ آپ کو یقین آئے یا نہ آئے لیکن میں اعتراف کرتی ہوں کہ پوری دنیا سے 40 لاکھ لوگوں نے اس پول میں حصہ لیا اور مجھے بھی اپنی پسند میں شامل کیا۔‘
اس سے قبل بھی ایشوریہ رائے بچن کا نام کئی بار خوبصورت ترین اداکاراؤں کی فہرست میں رہا ہے۔

،تصویر کا ذریعہBBC World Service







