’ویجنتی مالا کے بعد دیپیکا سب سے خوبصورت‘

دیپیکا پاڈوکون کی فلم رام لیلا پندرہ نومبر کو ریلیز ہو رہی ہے
،تصویر کا کیپشندیپیکا پاڈوکون کی فلم رام لیلا پندرہ نومبر کو ریلیز ہو رہی ہے

بالی وڈ کے معروف ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالي نے کہا ہے دیپکا انتہائی خوبصورت ہیں اور انھوں نے اپنے زمانے کی معروف اداکارہ ویجنتی مالا کے بعد اتنی خوب صورتی کہیں نہیں دیکھی۔

ممبئی سے صحافی سوپریا سوگلے لکھتی ہیں کہ سنجے لیلا بھنسالي اپنی فلم ’رام لیلا‘ کی ’لیلا‘ یعنی دیپیکا پاڈوکون سے بے حد متاثر ہیں۔

بھنسالي نے اس فلم کے سلسلے میں دپیکا کے ساتھ اپنی ملاقات کو یاد کرتے ہوئے کہا ’وہ سادہ سا سوٹ پہنے ہوئے تھیں اور بیمار تھیں۔ انہوں نے کوئی میک اپ بھی نہیں کر رکھا تھا۔ تاہم وہ اتنی خوبصورت لگ رہی تھیں کہ میں بتا نہیں سکتا۔ میں نے ٹھان لیا کہ بس یہی ہے میری لیلا۔‘

لیلا کے کردار کے لیے سنجے کی اولین پسند کرینا ہی تھیں
،تصویر کا کیپشنلیلا کے کردار کے لیے سنجے کی اولین پسند کرینا ہی تھیں

دیپیکا پاڈوکون نے فلم ’کاک ٹیل‘ ریلیز ہونے سے ایک ہفتہ قبل فلم ’رام لیلا‘ سائن کی تھی۔

بھنسالي نے کہا: ’کاک ٹیل کی کامیابی سے دیپیکا پاڈوکون کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ رام لیلا میں انہوں نے جو کام کیا ہے وہ بے حد مؤثر ہے۔‘

لیکن اطلاعات کے مطابق ’رام لیلا‘ کے لیے دیپیکا پڈوکون بھنسالی کی پہلی پسند نہیں تھیں۔ وہ اس کردار کے لیے کرینہ کپور کو لینا چاہتے تھے۔

انہوں نے بتایا: ’میں بہت دنوں سے کرینہ کپور کے ساتھ کام کرنا چاہتا تھا لیکن بات کچھ بن نہیں پا رہی تھی۔ رام لیلا کے لیے تقریبا بات پکی ہو گئی تھی۔ ان کے لیے لباس بھی بن گیا تھا لیکن حالات کو یہ منظور نہیں تھا۔ کرینہ بہترین اداکارہ ہیں۔ امید ہے کہ مستقبل میں ان کے ساتھ کام کروں گا۔‘

بھنسالي نے بتایا کہ ’رام لیلا میں انہوں نے وہ سب کرنے کی کوشش کی ہے جو ان کی پہلی فلموں میں نہیں تھی۔ انہوں نے تفریح فراہم کرنے کی بھی کوشش کی ہے اور ساتھ ہی اس بات کا خیال رکھا ہے کہ مسالہ فراہم کرنے کی کوشش میں کہیں فلم کی اصل روح نہ مجروح ہو۔‘

بھنسالی کے مطابق دیپیکا سادگی میں بھی قیامت کی ادا کی تصویر تھیں
،تصویر کا کیپشنبھنسالی کے مطابق دیپیکا سادگی میں بھی قیامت کی ادا کی تصویر تھیں

واضح رہے کہ بطور ہدایت کار بھنسالي کی گذشتہ دو فلمیں ’سانوریا‘ اور ’گزارش‘ باکس آفس پر ناکام رہیں تھیں۔

انہوں نے بتایا: ’سانوریا کی اس قدر تنقید ہوئی کہ میں ڈپریشن میں چلا گیا۔ میں نے گھر سے نکلنا ، اخبار پڑھنا اور ٹی وی دیکھنا بند کر دیا۔تب مجھے موت اور مرسي کلنگ جیسی باتوں کا خیال آنے لگا اور میں نے ’گزارش‘ بنانے کا مصمم ارادہ کر لیا۔ لوگوں نے منع کیا کہ ایک تو ’سانوریا'' ' پٹ چکی ہے اور پھر ایسےسنجیدہ موضوع پر فلم بنا رہے ہو۔‘

ویجنتی مالا کے بعد سنجے کو دیپیکا خوبصورت لگیں
،تصویر کا کیپشنویجنتی مالا کے بعد سنجے کو دیپیکا خوبصورت لگیں

ہرچند کہ گزارش بھی ناکام رہی لیکن ان کے مطابق: ’میں فلم سے بڑا خوش ہوا۔ میں جیسی میں چاہتا تھا یہ فلم ویسی ہی بنی۔ گزارش سے میرے دل میں موت کا خوف اور ڈپریشن چلا گیا۔ میں زندگی کا لطف اٹھانا چاہتا تھا تو میں نے رام لیلا جیسی رنگین فلم بنائی۔‘

فلم ’رام لیلا‘ میں رنویر سنگھ اور دیپیکا پاڈوکون اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور فلم 15 نومبر کو ریلیز ہو رہی ہے۔