دیپکا بگ باس کے گھر کیوں نہیں گئیں؟

بالی وڈ کی معروف اداکارہ دیپیکا پاڈوکون بگ باس کے گھر کیوں نہیں گئیں؟ کیا انھیں وقت نہیں ملا یا پھر سلمان خان اور شاہ رخ خان تنازع اس کا سبب بنا؟
اطلاعات کے مطابق گذشتہ دنوں سنجے لیلا بھنسالی کی آنے والی فلم ’رام لیلا‘ کی تشہیر کے لیے اس کے لیڈ اداکاروں رنویر سنگھ اور دیپکا پاڈوکون کو معروف ٹی وی ریئلٹی شو ’بگ باس‘ کے گھر جانا تھا لیکن آخری لمحوں میں صرف رنویر سنگھ ہی بگ باس کے گھر گئے اور دیپکا پاڈوکون وہاں موجود نہیں تھیں۔
بالی وڈ کے مرکز ممبئی میں گشت کرنے والی خبروں کے مطابق شاید شاہ رخ خان اور دپیکا پاڈوکون کی دوستی کی وجہ سے ایسا ہوا۔
واضح رہے کہ سلمان خان کئی سیزنوں سے ’بگ باس‘ کی میزبانی کر رہے ہیں اور شاہ رخ خان کے ساتھ ان کے کشیدہ تعلقات کسی سے پوشیدہ نہیں۔
اطلاعات کے مطابق دیپکا پہلے سلمان خان کی فلم ’کک‘ کا بھی حصہ بننے والی تھیں لیکن عین موقعے پر انہیں فلم سے ہاتھ دھونا پڑا۔
شاہ رخ خان کے ساتھ دیپکا نے ’اوم شانتی اوم‘ اور ’چنّئی ایکسپریس‘ جیسی فلموں میں کام کیا اور شاید اسی وجہ سے انھیں شاہ رخ کیمپ کا فرد تصور کیا جاتا ہے۔
لیکن فلم ’چنّئی ایکسپریس‘ کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے دیپیکا نے کہا تھا: ’مجھے سلمان خان کے ساتھ کام کر کے بے حد خوشی ہوگی اور سلمان کے علاوہ عامر خان اور ریتک روشن کے ساتھ بھی فلم کرنا چاہوں گی۔‘

دیپکا کے قریبی ذرائع نے واضح انداز میں اس بات سے انکار کیا ہے اور کہا ہے کہ ’بگ باس‘میں جانا دیپکا کے پروگرام میں کبھی تھا ہی نہیں کیونکہ ان کے مصروف شیڈيول کے تحت انہیں اس وقت دوسری جگہ جانا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
دریں اثنا فلم ’رام لیلا‘ کے خلاف شمال مشرقی ریاست بہار کے دارالحکومت پٹنہ کی ایک عدالت میں عرضی داخل کی گئی ہے۔
شکایت کے مطابق سنجے لیلا بھنسالی کی اس فلم سے ہندو سماج کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔
درخواست گزار نے اپنی شکایت کے ساتھ فلم کے ٹریلر کی ایک سی ڈی بھی داخل کروائی ہے۔
شکایت کے مطابق ’رام لیلا‘ ایک مقدس لفظ ہے اور ایسے نام سے منسوب فلم میں گیت کے طور پر مجرا ہے جو درست نہیں ہے۔
عدالت میں اس معاملے پر 11 نومبر کو سماعت ہوگی۔







