بالی وڈ راؤنڈ اپ
- مصنف, صائمہ اقبال
- عہدہ, بی بی سی، دہلی
سلمان کے ساتھ کام کرنا چاہتی ہوں: دیپیکا

فلم ’یہ جوانی ہے دیوانی‘ کی کامیابی کو گھوڑے پر سوار اداکارہ دیپیکا پاڈوکون اب اپنی فلم ’چنئی ایکسپریس‘ کی تشہیر میں مشغول ہیں۔ اس فلم میں ان کے ساتھ معروف اداکار شاہ رخ خان ہیں۔
یاد رہے کہ شاہ رخ کے ساتھ دیپیکا کی یہ دوسری فلم ہے اور بالی وڈ کے دوسرے خان اداکاروں میں سے دیپیکا نے سلمان خان کے ساتھ فلم میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا: ’مجھے سلمان خان کے ساتھ کام کر کے بے حد خوشی ہوگی اور سلمان کے علاوہ عامر خان اور ریتک روشن کے ساتھ بھی فلم کرنا چاہوں گی۔‘
چنّئی ایکسپریس روہت شیٹی کی فلم ہے جو فلم انڈسٹری میں ’سنگھم‘ اور ’گول مال‘ سیریز کی کامیاب فلم سازی کے لیے جانے جاتے ہیں۔
اس فلم سے کافی امیدیں وابستہ ہیں اس لیے فلم کی ریلیز کی تاریخ عید کا دن رکھی گئی ہے یعنی اب سے تقریباً دو ماہ بعد۔
چھ سال کی عمر میں بالی وڈ کا خواب

اداکارہ جیا خان کی خود کشی کی خبر سے پورا بالی وڈ صدمے میں ہے۔ ان کی موت کے بعد ملنے والے آخری خط سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وہ کس قدر تکلیف میں تھیں اور کن مشکل حالات میں انھوں نے اپنی زندگی ختم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
جیا خان کی ماں رابعہ خان نے بی بی سی کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا: ’جیا کو ہمیشہ سے اداکارہ بننے کی خواہش تھی۔ وہ جب چھ سال کی تھی تو وہ فلم رنگیلا کے گانوں پر رقص کیا کرتی تھی۔‘
جیا کی خودکشی کا سبب انھیں فلم نہ ملنا قرار دیا جا رہا تھا لیکن اس پر وضاحت دیتے ہوئے رابعہ خان نے کہا: ’جیا کام کے سلسلے میں پریشان نہیں تھی۔ اس نے شروع سے ہی ایسے چنندہ کردار نبھائے جو اسے پسند آئے۔ اس کے پاس ایک فلم کی آفر تھا جس کے لیے اسے وزن بڑھانے کے لیے کہا گیا تھا۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
جیا کے بارے میں انھوں نے مزید کہا: ’وہ ایک سادہ دل، محنتی اور اللہ والی لڑکی تھی جو خدا کو ہر وقت یاد کرتی تھی۔‘
لڑکیوں کو مجھ سے زیادہ روہت پسند: شاہ رخ خان

بالی وڈ کے بڑے ستاروں میں شاہ رخ خان کا نام آنا لازمی ہے اور لڑکیاں انہیں بطور خاص پسند کرتی ہیں لیکن وہ اس کے برعکس سوچتے ہیں۔
انہیں یہ بات گوارہ نہیں کہ لڑکیاں ان سے زیادہ کسی اور کو پسند کریں۔
اپنی آنے والی فلم ’چنئی ایکسپریس‘ کے بارے میں بات کرتے ہوئے شاہ رخ خان نے کہا: ’پہلی بار میں ایسے ہدایت کار کے ساتھ کام کر رہا ہوں جنہیں لڑکیاں مجھ سے زیادہ پسند کرتی ہیں۔‘
انھوں نے مزید کہا: ’اگلی بار جب میں اس کے ساتھ کام کروں گا تو اس کے منھ پر کپڑا باندھ دوں گا۔‘
چنّئی ایکسپریس کی ہدایت روہت شیٹی دے رہے ہیں جو ’سنگھم‘ اور گول مال‘ سیریز کی فلموں کے لیے یاد کیے جاتے ہیں۔
یہ فلم عید کے دن نمائش کے لیے پیش کی جائے گي۔







