کرن جوہر کا بالی وڈ فلم میں منفی کردار

بالی وڈ کے معروف فلم ساز اور ہدایت کار کرن جوہر اب ایک فلم میں منفی کردار میں نظر آئیں گے۔
کرن جوہر نے کچھ فلموں میں تھوڑی بہت اداکاری بھی کی اور وہ اکثر ایوارڈز کی تقریبات میں میزبانی کرتے دکھائی دئیے ہیں۔ ٹی وی پر وہ فلمی ستاروں سے غیر رسمی گفتگو کے پروگرام ’کافی ود کرن‘ کے میزبان بھی ہیں۔
انھوں نے اپنی سپرہٹ فلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ میں اداکار شاہ رخ خان کے دوست کا ایک چھوٹا سا کردار نبھایا تھا لیکن ایک ولن کے طور پر وہ کیسے لگیں گے اس کا اندازہ تو فلم دیکھ کر ہی لگایا جا سکتا ہے
کرن جوہر فلم ’بامبے ویلویٹ‘ میں پہلی مرتبہ منفی کردار میں نظر آئیں گے۔
اس فلم کے ہدایتکار انوراگ کشیپ ہیں اور فلم کی شوٹنگ بھی جلد ہی شروع ہونے والی ہے۔
’بامبے ویلویٹ‘ تاریخ داں گیان پرکاش کی کتاب ’ممبئی فیبلز‘ پر مبنی ہے۔ جو 60 کی دہائی کی ایک کہانی ہے۔

انوراگ کشیپ 60 کی دہائی کے ممبئی کو فلم میں دکھانے کی کوشش کریں گے حالانکہ اس فلم کی شوٹنگ سری لنکا میں ہو گی۔
فلم میں رنبیر کپور اور انوشکا شرما اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ فلم میں آزادی کے بعد کے ممبئی اور اس کے ابتدائی صنعتی دور کو دکھایا جائے گا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یہ فلم اگلے سال کرسمس کے موقعے سے ریلیز ہوگی۔
گزشتہ کچھ برسوں سے یہ دیکھا جا رہا ہے کہ کرسمس کے موقعے سے بڑی فلمیں ریلیز کی جا رہی ہیں۔
یاد رہے کہ عامر خان کی ’تارے زمیں پر‘، ’گجني‘ اور ’تھری ایڈیٹس‘، شاہ رخ خان کی ’ڈان ‘2 اور سلمان خان کی ’دبنگ 2‘ کرسمس پر ہی ریلیز ہوئیں اور سپر ہٹ ثابت ہوئیں۔







