ممبئی: اداکارہ جیا خان فلیٹ میں مردہ پائی گئیں

بالی وڈ کی اداکار جیا خان جن کا اصل نام نفیسہ خان تھا کو پولیس کے مطابق ان کے فلیٹ میں مردہ پایا گیا جبکہ بھارتی میڈیا کے مطابق جیا خان نے خودکشی کر لی ہے تاہم پولیس نے اس امر کی تصدیق نہیں کی ہے۔
ممبئی پولیس کے مطابق جیا خان کو مردہ حالت میں ممبئی کے کوپر ہسپتال لایا گیا مگر ان کی موت کیسے ہوئی اس بارے میں ابھی کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔ ان کے خاندان میں سے بھی کسی نے اس حوالے سے ابھی کوئی بات نہیں کی ہے۔
جیا خان نے امیتابھ بچن کے ساتھ سال 2007 میں رام گوپال ورما کی فلم نشبد سے فلمی دنیا میں قدم رکھا تھا۔
اسی فلم کے لیے انہوں نے ایک گانا بھی گایا تھا۔
اس کے علاوہ 2008 میں انہوں نے عامر خان کے ساتھ ان کی فلم گجني میں اور 2010 میں اکشے کمار کے ساتھ اسپھل میں بھی کام کیا تھا۔
اس کے علاوہ انہوں نے کچھ اشتہارات میں بھی کام کیا تھا۔
بھارتی میڈیا پر چلنے والی رپورٹوں کے مطابق 25 سالہ جیا نے پیر کی رات ممبئی کے علاقے جوہو میں واقع اپنے فلیٹ میں مبینہ طور پر خودکشی کی تاہم اس بات کی تصدیق ابھی تک پولیس نے نہیں کی ہے۔
جیا خان کی موت کی خبر سوشل میڈیا پر
جیا خان کی موت کی خبر جنگل میں آگ کی طرح سوشل میڈیا پر پھیلی اور جلد ہی جیا خان ٹوئٹر پر سب سے اوپر ٹرینڈ کرنا شروع ہو گیا جس کا مطلب بھارت کے حساب سے یہ ہے کہ بیک وقت لاکھوں افراد ان کے بارے میں کچھ نہ کچھ ٹوئٹر پر لکھ رہے تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
بالی وڈ کے مشہور فلم سٹار امیتابھ بچن نے اس خبر پر ٹویٹ کی کہ ’کیا ...!! جیاء خان؟؟ کیا ہوا ہے؟ کیا یہ سچ ہے؟ ناقابل یقین!!!‘
اداکارہ دیا مرزا نے بھی ٹويٹر پر لکھا کہ ’نفيسہ (جیا) خان ... تم ابھی بہت چھوٹی اور خوبصورت تھیں۔‘
جیاء خان کے ٹوئٹر ہینڈل پر انہوں نے خود کو آرٹسٹ، شاعرہ، گلوکارہ، موسیقار اور ’ڈريمر‘ یا خواب دیکھنے والی لکھا ہے۔ انہوں نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے آخری ٹویٹ چوبیس مئی کو کی تھی۔
ان کی اپنی ویب سائٹ کے مطابق وہ امریکہ کے شہر نیو یارک میں پیدا ہوئیں اور لندن میں پلی بڑھی تھیں۔







