ہیروئنیں جو قبل از وقت دنیا سے چلی گئیں

ممبئی میں اپنے فلیٹ پر مردہ پائی جانے والی اداکارہ جیا خان صرف 25 سال کی تھیں اور وہ بالی وڈ کی ایسی پہلی اداکارہ نہیں جنھوں نے اتنی کم عمری میں ہی دار فانی کو الوداع کہا ہو۔ بی بی سی سے بات کرتے ہوئے فلم نقاد جے پرکاش چوكسے نے بعض ایسی بڑی ہیروئنوں کے بارے میں بتایا جن کی زندگی اچانک ختم ہوگئي۔
مدھوبالا

بالی وڈ کی سب سے خوبصورت اداکارہ مانی جانے والی مدھوبالا نے بھی صرف 36 سال کی عمر میں اس دنیا کو الوداع کہہ دیا تھا۔
ان کی ہلاکت کی وجہ دل کی بیماری بنی تھی۔ مدھوبالا کے دل میں ایک چھوٹا سا سوراخ تھا اور اس وقت یہ بیماری ناقابل علاج تھی۔ جے پرکاش چوكسے کہتے ہیں: ’مدھوبالا کے آخری سال انتہائی المناک رہے۔ وہ آئینہ دیکھ کر گھبرا جاتی تھیں۔ ان کا خوبصورت چہرہ آہستہ آہستہ بگڑنے لگا تھا۔ وہ ہر دن اپنے میک اپ مین کو گھر بلانے لگیں۔ شوٹنگ نہ ہوتے ہوئے بھی وہ میک اپ کر کے بیٹھی رہتی تھیں۔‘
انھوں نے مزید کہا: ’اتنا ہی نہیں مدھوبالا کے اردگرد رہنے والے لوگ ہمیشہ ان کی خوبصورتی کی تعریف کرتے رہتے تھے تاکہ وہ مایوس نہ ہو جائیں۔‘
مدھوبالا کی یادگار فلموں میں مغل اعظم، ترانہ، امر، چلتی کا نام گاڑی، ہاف ٹکٹ، مسٹر اینڈ مسز55 ، کالا پانی، ہاوڑہ برج، محل اور برسات کی ایک رات وغیرہ شامل ہیں۔
مینا کماری

مینا کماری کی جب موت ہوئی اس وقت ان کی عمر 39 سال تھی۔ 31 مارچ 1972 کو ان کی موت جگر کے عارضے کی وجہ سے ہوئی۔
مینا کماری کے بارے میں بات کرتے ہوئے چوكسے کہتے ہیں: ’مینا کماری کی شراب نوشي کے قصے بہت مشہور ہیں۔ اپنے آخری سالوں میں وہ بہت زیادہ شراب پینے لگیں تھیں۔‘
اتنا ہی نہیں چوكسے بتاتے ہیں کہ کس طرح مینا کماری کے قریبی لوگ انہیں دیسی شراب ہو کہ غیر ملکی شراب ہر طرح کی شراب بوتل میں بھر کر دے دیتے تھے۔ نشے میں ڈوبی مینا کو کچھ اس کا کچھ دھیان نہیں رہتا کہ وہ کون سی شراب پی رہی ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
مینا کماری کی بہتری فلموں میں، پاکیزہ، کوہ نور، آزاد، یہودی، صاحب بی بی اور غلام، دل اپنا اور پریت پرائی، دل ایک مندر، آرتی، بیجو باورا وغیرہ شامل ہیں۔
سمیتا پاٹل

اپنے زمانے کی معروف اداکارہ سمیتا پاٹل کی موت ان کے بیٹے پرتیک کی پیدائش کے فورا بعد زچگی سے متعلق بعض پیچیدگیوں کی وجہ سے ہوئی۔ انتقال کے وقت وہ صرف 31 سال کی تھیں۔
سمیتا پاٹل بالی وڈ کے اداکار راج ببر کی بیوی تھیں۔
چوكسے کہتے ہیں: ’سمیتا پاٹل حیرت انگیز اداکاری کی صلاحیت کی مالک تھیں۔ فلم ’وارث‘ ان کے کیریئر کی بہترین فلموں میں سے ایک تھی۔ انھوں نے ’ارتھ‘، ’بھومیکا‘، ’منڈی‘ اور ’نشانت‘ جیسی کئی یادگار فلمیں دیں۔
سلک سمیتا

جنوبی ہندوستان کی دھڑکن کہی جانے والی سلک سمیتا 23 ستمبر 1996 کو چنئی میں اپنے گھر میں مردہ پائی گئیں۔ وہ 35 سال کی تھیں۔
ایسا کہا جاتا ہے کہ سلک اپنی زندگی سے اس قدر مایوس ہو گئیں تھیں کہ انہوں نے خود کشی کر لی۔
سلک سمیتا کے بارے میں بات کرتے ہوئے چوكسے کہتے ہیں: ’سلک کو ان کی مقبولیت لے ڈوبی۔ ان کی تصویر جنسیت کی علامت ’سیکس سائرن‘ کی مانند بن چکی تھی۔
انھوں نے مزید کہا کہ ’رسائل میں ان کے بارے میں بھدّي باتیں لکھی جا رہی تھیں۔ راہ چلتے لوگ انہیں گندے اشارے کیا کرتے تھے۔ یہ سب ان سے برداشت نہ ہو سکا۔‘
دویا بھارتی

دویا بھارتی صرف 19 سال کی تھیں جب ممبئی میں پانچ منزلہ عمارت سے گرنے کی وجہ سے ان کی موت ہوئی۔
ان کی موت کے متعلق طرح طرح کے سوال اٹھائے گئے۔ کسی نے کہا کہ یہ ایک حادثہ تھا، کسی نے اسے خودکشی کہا تو کسی نے کہا کہ دویا سازش کا شکار ہوئیں۔ تاہم پولیس کو اس بارے میں کوئی ٹھوس ثبوت نہیں مل پایا۔
دویا بھارتی کے بارے میں بات کرتے ہوئے چوكسے کہتے ہیں: ’دویا کی موت کو پولیس جانچ میں تو حادثہ ہی پایاگیا۔ جانچ میں یہ بھی سامنے آیا کہ وہ نشے میں تھیں اور خود کو سنبھال نہیں پائی اور نیچے گر گئیں۔‘
انھوں نے مزید بتایا: ’میں سمجھتا ہوں کہ دویا بھارتی کی موت بھی کامیابی کی وجہ سے ہوئی۔ بہت چھوٹی عمر میں بہت بڑی کامیابی انہیں مل گئی تھی۔ اتنی بڑی کامیابی کو کیسے سنبھالنا ہے یہ وہ سمجھ نہیں پائیں۔ اس لیے شاید وہ منشیات بھی لینے لگیں اور شراب بھی۔‘
جیا خان

جیا خان کے بارے میں بات کرتے ہوئے چوكسے کہتے ہیں: ’میں جیا سے کئی بار مل چکا تھا۔ انہوں نے بیرون ملک اپنی تعلیم حاصل کی جہاں کا ماحول بہت کھلا ہوتا ہے۔ وہاں سے وہ بالی وڈ میں آئیں اور یہاں آتے ہی انہوں نے تین بڑی فلموں میں کام کیا۔ تینوں فلمیں کامیاب رہیں، لیکن فلم انڈسٹری میں کامیاب فلمیں اس بات کی ضمانت نہیں ہے کہ آپ کو کام ملتا ہی رہے گا۔‘
چوكسے مزید کہتے ہیں: ’یہاں کام حاصل کرنے کے لیے کچھ دنياداري بھی کرنی پڑتی ہے۔ لوگوں سے ملنا جلنا پڑتا ہے، لیکن یہ کہنا بھی درست نہیں ہوگا کہ کام نہ ملنے کی وجہ سے جیا کی موت ہوئی ہے۔ وہ صرف 25 سال کی تھیں اگر فلموں میں کام نہیں مل رہا تھا تو ٹی وی میں کام کر سکتی تھیں۔ موقع کی کمی ان کی موت کی وجہ نہیں ہو سکتی ہاں اگر کوئی خاندانی وجہ ہو تو اس کی معلومات ہمیں نہیں۔‘







