شاہ رخ کی تعریف، سلمان کی فلم کا ریکارڈ بزنس

کیرتی سنون نے تیلگو فلم سے اپنے کریئر کی ابتدا کی تھی

،تصویر کا ذریعہHeropanti

،تصویر کا کیپشنکیرتی سنون نے تیلگو فلم سے اپنے کریئر کی ابتدا کی تھی
    • مصنف, نصرت جہاں
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن

شاہ رخ خان کی فلم ’دل والے‘ میں شامل اداکارہ کیرتی سنون آج کل شاہ رخ کی تعریفیں کرتی نہیں تھکتیں۔

کیرتی کبھی شاہ رخ کے ایکشن کی تعریف کرتی ہیں تو کبھی ان کی اداکاری کی اور تو اور اب کیرتی کہتی ہیں کہ شاہ رخ بڑے دل والے ہیں اور بطور پروڈیوسر فلم کی ضرورت کے مطابق وہ بے شمار دولت خرچ کرنے سے بھی نہیں کتراتے۔

<link type="page"><caption> بالی وڈ راؤنڈ اپ سننے کے لیے کلک کریں</caption><url href="http://www.bbc.com/urdu/multimedia/2015/11/151114_bollywood_audio_mb.shtml" platform="highweb"/></link>

کیرتی فلم ’دل والے‘ میں ورون دھون کے ساتھ نظر آنے والی ہیں۔ لگتا ہے کیرتی بالی ووڈ کے چلن سے اچھی طرح واقف ہو چکی ہیں کہ جس کا کھاؤ اس کا گانا گاؤ کیونکہ اس سے پہلے ٹائگر شروف کے ساتھ فلم ’ہیرو پنتی‘ میں کام کے دوران وہ فلم کے ہدایت کار صابر خان کے گن گان کرتی تھیں۔

لگتا ہے کیرتی سنون کافی آگے جائیں گی۔

کیرتی نے جیکی شراف کے بیٹے ٹائيگر شراف کے ساتھ ہیروپنتی میں اداکاری کی تھی
،تصویر کا کیپشنکیرتی نے جیکی شراف کے بیٹے ٹائيگر شراف کے ساتھ ہیروپنتی میں اداکاری کی تھی

ٹائیگر شروف سے یاد آیا کہ وہ بھی فلم’ہیرو پنتی‘ کے بعد سے تقریباً غائب رہے حالانکہ فلم خاصی کامیاب رہی تھیں لیکن لگتا ہے کہ کیرتی کی طرح وہ بھی ایک بڑے بینر کی فلم جلدی ہی کرنے والے ہیں۔

خبر ہے کہ پروڈیوسر ساجد ناڈیاڈ والا نے اپنی ایک فلم کے لیے انھیں سائن کر لیا ہے اور فلم کی شوٹنگ اگلے سال شروع ہونے والی ہے۔

25 سالہ ٹائیگر فی الحال ایکتا کپور کی فلم ’فلائنگ جٹ‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں یہ ساجد ہی تھے جنھوں نے انھیں فلم ’ہیرو پنتی سے ہیرو بنایا تھا۔ چلیں دیکھتے ہیں کہ کیا اس بار بھی ساجد ان کے لیے لکی ثابت ہوں گے۔

فلم میں سلمان کی موجودگی ہی کافی ہے

سلمان خان کی فلم نے پہلے دن ہی ریکارڈ بزنس کیا ہے

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنسلمان خان کی فلم نے پہلے دن ہی ریکارڈ بزنس کیا ہے

سلمان خان کئی برسوں سے ایک کے بعد ایک کئی ہٹ فلمیں دیتے آ رہے ہیں اب فلم میں کچھ ہو یا نہ ہو صرف سلمان کی موجودگی ہی کافی ہوتی ہے۔

ان کی فلاپ فلم بھی اربوں کا بزنس کر جاتی ہے اور اس ہفتے کی ریلیز ’پریم رتن دھن پایو‘ نے بھی توقع کے مطابق دھوم مچا دی ہے اور صرف بھارت میں ایک ہی دن میں 40 کروڑ سے زیادہ کا بزنس کر ڈالا۔

خیر خبر یہ ہے کہ فلم ’ایک تھا ٹائیگر‘ اور فلم ’بجرنگی بھائی جان‘ کے فلمساز کبیر خان اب سلمان کے ساتھ ایک نئی فلم کرنا چاہتے ہیں۔

کبیر خان کا کہنا ہے کہ یہ فلم کب کیسے اور کہاں شروع ہوگی ابھی یہ طے نہیں ہے لیکن ہاں سلمان اور وہ پھر سے ایک دوسرے کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں۔ کیوں نہ ہو کبیر صاحب اس وقت آپ اور سلمان دونوں ہی کا ستارہ عروج پر ہے تو کیوں نہ بہتی گنگا میں ہاتھ دھولیں۔

بلاوجہ ایک دوسرے کی تعریف

دیپکا ان دنوں فلم تماشا کے پروموشن میں مصروف ہیں
،تصویر کا کیپشندیپکا ان دنوں فلم تماشا کے پروموشن میں مصروف ہیں

جب سے رنبیر کپور اور دیپکا پاڈوکون کی فلم ’تماشا‘ کا تماشا یعنی پروموشن شروع ہوا ہے تب سے ان دونوں کے بارے میں یا پھر دونوں کی جانب سے ایک دوسرے کے بارے میں باتیں کہی اور سنائی جا رہی ہیں اور کبھی کبھی تو دونوں بلاوجہ ایک دوسرے کی تعریفیں کرتے نظر آتے ہیں۔

کبھی وہ دیپکا کو لکی چارم کہتے ہیں تو کبھی دیپکا ان کے بارے میں کہتی ہیں کہ آج رنبیر کے والدین ان کے نام سے پہچانے جاتے ہیں۔

اب تازہ خبر یہ ہے کہ رنبیر کپور نے کہا ہے کہ دیپکا اتنی اچھی اداکارہ ہیں کہ انھیں دیپکا سے ڈر لگتا ہے۔

یہ دونوں ایک دوسرے کی تعریف اور نزدیکیوں میں بھول گئے کہ ان کا ایک ماضی رہ چکا ہے اور دونوں ایک زمانے میں ایک دوسرے کے عشق میں گرفتار تھے اور’ کوئی‘ ان کی باتوں کا غلط مطلب نکال سکتا ہے۔ خیر دوسروں کا نہ سہی کم از کم اپنے قریبی ’دوستوں‘ کا تو خیال کریں۔

سنی دیول اپنی نئی فلم ’گھائل ٹو‘ کے ساتھ جلد ہی

سنی دیول نے بیتاب فلم سے اپنے کریئر کی ابتدا کی تھی اور اس کے بعد کئی یادگار فلمیں دی ہیں
،تصویر کا کیپشنسنی دیول نے بیتاب فلم سے اپنے کریئر کی ابتدا کی تھی اور اس کے بعد کئی یادگار فلمیں دی ہیں

اب بالی ووڈ میں ’کھمبا اکھاڑ‘ اداکاری کرنے والے سنی دیول اپنی نئی فلم ’گھائل ٹو‘ کے ساتھ جلدی ہی پردے پر نظر آنے والے ہیں۔

سنی پاجی اس فلم کے ہدایت کار بھی خود ہیں ہیرو بھی اور سکرین رائٹر بھی۔

صرف ایک کام بچا تھا پروڈکش کا وہ انھوں نے اپنے پاپاجی یعنی دھرم پاجی کو دے دیا۔ فلم نہ ہوئی گھر کی کھیتی ہو گئی۔

خیر سنی پاجی کو اس فلم سے بہت امیدیں ہیں کہ 1990 کی ان کی سپر ہٹ فلم گھائل جو راج کمار سنتوشی نے بنائی تھی اس کا سیکوئل بھی کامیاب رہے۔

امید کرتے ہیں کہ اس بار آپ کی فلم پنجاب کے باہر بھی کامیاب رہے۔