عامر خان کو پاکستان جانے کا مشورہ

عامر خان کے بیان پر بھارت کی بعض ہندو تنظیموں کی جانب سے سخت رد عمل سامنے آيا ہے

،تصویر کا ذریعہbbc

،تصویر کا کیپشنعامر خان کے بیان پر بھارت کی بعض ہندو تنظیموں کی جانب سے سخت رد عمل سامنے آيا ہے

بھارت میں مختلف ہندو تنظیموں نے عامر خان کے بیان کو بھارت کے خلاف قرار دیا ہے اور انھیں پاکستان جانے کا مشورہ دیا ہے۔

ہندو مہاسبھا کے ایک رہنما نے کہا ہے کہ عامر خان یا تو ’گھر واپسی‘ کے تحت ہندو مذہب اپنا لیں یا پھر پاکستان چلے جائیں۔

بھارتی میڈیا میں شائع رپورٹس کے مطابق ہندو مہا سبھا کے نیشنل جنرل سیکریٹری منّا کمار شرمانے کہا: ’یا تو عامر خان کو گھر واپسی کرلینی چاہیے تاکہ وہ ’لو جہاد‘ جیسے جرم سے پاک ہو جائیں کیونکہ ان کی پہلی بیوی اور دوسری بیوی کرن راؤ دونوں ہندو ہیں یا پھر وہ پاکستان جا کر بھارت کا بھلا کریں۔‘

خیال رہے کہ گذشتہ دنوں عامر خان نے ایک پروگرام میں کہا تھا کہ بھارت میں عدم رواداری میں اضافہ ہوا ہے یہاں تک کہ ان کی اہلیہ کرن راؤ نے ایک دن ان سے دوسرے ملک میں جاکر رہنے کی بات کہی تھی۔

عامر خان کے گھر باہر شیو سینا کے بعض کارکنوں نے مظاہرہ کیا ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنعامر خان کے گھر باہر شیو سینا کے بعض کارکنوں نے مظاہرہ کیا ہے

دریں اثنا عامر خان کے گھر کے باہر شیو سینا کے چند کارکنوں نے مظاہرہ کرنے کی کوشش کی جنھیں پولیس نے فوراً ہی ایسا کرنے سے روک دیا۔

بہرحال اس بیان کے بعد سے عامر خان پر شدید تنقید کی جا رہی ہے اور ان کے خلاف بھارت کے شہر کانپور میں ’ملک سے غداری‘ کا ایک مقدمہ دائر کیا گيا ہے۔

اے این آئی کی رپورٹ کے مطابق ایڈووکیٹ منوج کمار دیکشت نے تعزیرات ہند کی دفعہ 124 اے(غداری)، 153 اے (مختلف مذہبی گروپ کے درمیان منافرت پھیلانے) اور 153 بی (الزام تراشی) کے تحت اپیل دائر کی ہے۔

شیو سینا نے خان گھرانے کو سانپ سے تعبیر کیا ہے
،تصویر کا کیپشنشیو سینا نے خان گھرانے کو سانپ سے تعبیر کیا ہے

دوسری جانب مغربی ریاست مہاراشٹر میں بی جے پی کی اتحادی حکمراں جماعت شیو سینا کے وزیر ماحولیات رام داس کدم نے پارٹی کے ترجمان اخبار ’سامنا‘ میں عامر خان کو ’رن چھوڑ داس‘ بتایا ہے۔

ان کا یہ نام فلم ’تھری ایڈیٹس‘ میں تھا جس کا مطلب میدان چھوڑ کر بھاگنے والا ہوتا ہے۔

اس میں کہا گيا ہے کہ ’عامر خان نے ’پی کے‘ جیسی فلم بنائی جس میں ہندو کے دیوتاؤں کا مذاق اڑایا گیا اور وہ فلم ریلیز ہوتی ہے اور پھر بھی وہ کہتے ہیں کہ بھارت غیر روادار ہے۔ ایک ٹی وی شو ’سیتہ میے و جیتے‘ میں ہیرو کی طرح پیش آئے اور پھر وہ ملک چھوڑنے کی بات کرتے ہیں۔‘

عامر خان انکریڈیبل انڈیا مہم کا حصہ ہیں
،تصویر کا کیپشنعامر خان انکریڈیبل انڈیا مہم کا حصہ ہیں

انھوں نے کہا کہ’ اگر عامر بھارت سے محبت نہیں کرتے تو وہ پاکستان جا سکتے ہیں۔‘ انھوں نے کہا کہ عامر اور شاہ رخ جیسے لوگ ’سانپ‘ کی طرح ہیں۔

اس سے قبل عامر خان کے خلاف بی جے پی کے رہنما مختار عباس نقوی اور نتن گڈکری کے بیانات سامنے آ چکے ہیں جبکہ بالی وڈ اداکار انوپم کھیر نے انھیں تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور سوشل میڈیا پر شدید بحث جاری ہے۔