’عامر بھائی رانگ نمبر کے چکر میں مت پڑیں‘

بالی وڈ کے معروف اداکار عامر خان کے اس بیان پر سوشل میڈیا میں شور مچ گیا ہے جس میں انھوں نے کہا تھا کہ وہ ملک کے ماحول پر فکرمند ہیں اور ایک بار تو ان کی بیوی کرن راؤ نے ملک چھوڑنے کا مشورہ بھی دیا تھا۔
عامر خان کے اس بیان پر سوشل میڈیا پر ان کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے لیکن ساتھ ہی بڑی تعداد میں لوگ ان کی حمایت میں بھی آگے آئے ہیں۔
دہلی کے وزیر اعلیٰ اور عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کیجریوال نے ٹویٹ کیا کہ عامر خان کا ایک ایک لفظ سچ ہے۔
لیکن عامر کے ساتھ کئی فلمیں کرنے والے انوپم کھیر نے عامر پر تنقید کی۔
انھوں نے ٹویٹ كيا کہ ’عزیز عامر خان، کیا آپ نے کرن سے پوچھا تھا کہ وہ کون سے ملک جانا چاہیں گی؟ کیا آپ نے انہیں یہ بتایا کہ اسی ملک نے آپ کو عامر خان بنایا ہے۔‘

انوپم کھیر نے عامر کو مخاطب کرتے ہوئے ایک اور ٹویٹ میں کہا ’کیا آپ نے کرن کو بتایا ہے کہ آپ اس ملک میں اس سے بھی زیادہ برے دور میں رہے ہیں لیکن آپ نے کبھی ملک چھوڑنے کا نہیں سوچا۔‘
فلم اداکار انوپم کھیر کی بیوی کرن کھیر بی جے پی کی رہنما ہیں اور گذشتہ دنوں انوپم کھیر نے مارچ فار انڈیا نکالا تھا اور کہا تھا کہ ملک کو بدنام کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
Simuntweets نے لکھا ہے ’عامر خان کو بھارت کی نمائندگی کرنے والا کوئی بھی عہدہ نہیں دیا جانا چاہیے. انہیں ’ناقابل یقین بھارت‘ اشتہارات سے علیحدہ ہو جانا چاہیے اور رقم واپس دینی چاہیے۔
snehal_gandhi لکھتی ہیں ’عامر خان کا بیان مایوس کن ہے۔ فلم انڈسٹری میں بیوقوفی بڑھ رہی ہے۔‘
EkBilangChota نے عامر خان کے حق میں ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ’یہ کتنا عجیب ہے کہ لوگ عامر خان کے خلاف ٹویٹ کر رہے ہیں اور وہی لوگ مغربی ممالک کا ویزا حاصل کرنے کے لیے سفارت خانوں کے باہر لمبی لمبی لائنیں لگا کر کھڑے رہتے ہیں۔‘
سینئر صحافی راجن عظیم rajanmahan نے لکھا ہے ’اگر عامر بغیر گالی سنے کھل کر اپنی بات بھی نہیں کہہ سکتے، تو یہ پتہ چلتا ہے کہ ملک میں عدم برداشت بڑھ رہی ہے اور آزادی سمٹ رہی ہے۔‘
عام آدمی پارٹی کے یوتھ ونگ کے ترجمان وکاس یوگی نے انوپم کھیر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ’کیا انوپم کھیر بی جے پی کے ترجمان ہیں؟‘
وہیں کرن کمار ایس KiranKS کا کہنا ہے ’اے کا مطلب عامر خان، اے کا مطلب اروند کیجریوال۔ دونوں اے اس ہفتے بےشرم منافقوں کی طرح بےنقاب ہوئے ہیں۔‘
فیس بک پر ہی صحافی دلیپ منڈل نے لکھا ہے ’کرن راؤ، آپ کو جانا ہے تو جاؤ۔ گڈ بائے۔ عامر کو بھی لے جاؤ۔ عامر کو بھی جانا ہے تو جاؤ۔ یہ ناٹك بازی ٹھیک نہیں ہے۔ یہ کیا تماشا لگا رکھا ہے؟ دبئی میں کوٹھی ہوگی، لندن میں فلیٹ۔ جاؤ۔ کبھی کبھی آتے رہنا۔ ہم لوگ یہاں اپنے ملک کا ماحول ٹھیک کر لیں گے۔ ہم لوگوں کو آتا ہے۔ بہار سے علاج شروع ہوا ہے۔ مریض پکا ٹھیک ہو جائے گا۔ کرن اور عامر، آپ لوگوں کو جو دل میں آئے کرو۔ نوٹنکی کہیں کے! سیکیولرزم کی نوٹنکی انہی کو مبارک۔‘
سوربھ شکلا فیس بک پر لکھتے ہیں ’ارے عامر بھائی ایسا کچھ نہیں ہے ۔۔۔ رانگ نمبر کے چکر میں مت پڑیں۔‘







