’پاکستانی فنکاروں، کھلاڑیوں کو بھارت میں اجازت ملنی چاہیے‘

،تصویر کا ذریعہAFP
موسیقی کی دنیا کی معروف شخصیت زوبین مہتا نے بھارت میں مختلف شعبے کے ماہرین کی جانب سے ایوارڈ واپس کیے جانے کے عمل کو ’بڑی تحریک‘ سے تعبیر کیا ہے۔
انھوں نے پاکستانی کھلاڑیوں کو آئی پی ایل میں شامل کیے جانے کی بھی بات کہی ہے۔ وہ ان دنوں آسٹریلین ورلڈ آرکسٹرا کے ساتھ بھارت کا دورہ کر رہے ہیں۔
<link type="page"><caption> بھارتی سائنس دان نے بھی ایوارڈ واپس کر دیا</caption><url href="http://www.bbc.com/urdu/regional/2015/10/151029_indian_scientist_returned_award_sr.shtml" platform="highweb"/></link>
<link type="page"><caption> انڈیا میں ادیبوں کو دبانے کی کوشش</caption><url href="http://www.bbc.com/urdu/regional/2015/10/151024_doosra_pahlu_writers_row_mb.shtml" platform="highweb"/></link>
انھوں نے یہ باتیں حالیہ دنوں بھارتی حکومت کے ’غیر روادار رویے‘ کے خلاف دانشوروں کے انوکھے احتجاج کے ضمن میں کہیں۔
انھوں نے کہا: ’میں یہاں نہیں رہتا ہوں اور اس پورے سلسلے کا حصہ نہیں ہوں لیکن ہم نے اخبار میں اس کے بارے میں دیکھا۔ میری خواہش ہے کہ میں ان میں سے کسی مصنف یا فلم ساز سے مل پاتا اور ان کی باتیں سنتا۔ اگر اس طرح کے دانشور سامنے آ رہے ہیں اور وہ اپنے ایوارڈ واپس کر رہے ہیں اس کا مطلب ہے کہ انھیں بہت برا لگا ہے۔ وہ جو کچھ کر رہے ہیں میں ان کی قدر کرتا ہوں۔ میرے خیال میں حکومت کو بیٹھ کر اس پر بات کرنا چاہیے۔‘
انھوں نے ایک بھارتی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے ممبئی میں پاکستان کے فنکاروں کے پروگرام نہ ہونے دیے جانے اور منتظمین کے چہرے پر سیاہی لگانے کی تنقید کی اور بھارت میں عدم رواداری کے واقعات کو ’کلچرل ڈکٹیٹرشپ‘ سے تعبیر کیا۔

،تصویر کا ذریعہAP
انھوں نے نہ صرف پاکستانی فن کاروں کو ہندوستان میں پروگرام پیش کرنے کی اجازت کی بات کہی بلکہ پاکستانی کرکٹروں کی آئی پی ایل میں شمولیت پر بھی زور دیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انھوں نے کہا کہ انگلینڈ یا آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کی جیت پر وہ پاکستان کے لیے خوشی مناتے ہیں لیکن جب میچ بھارت اور پاکستان کے درمیان ہوتا ہے تو بات الگ ہوتی ہے۔
اس سے قبل صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’اگر صحافی یا دانشور اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہیں تو حکومت کی جانب سے ان کو نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے بلکہ انھیں اظہار رائے کی مکمل آزادی ملنی چاہیے۔‘
انھوں نے اقلیتوں کے درمیان عدم تحفظ پر کہا: ’اس ملک میں 15 کروڑ مسلمان رہتے ہیں اور اقلیتوں کو سکیورٹی کا احساس دلایا جانا چاہیے۔‘
اس کے علاوہ انھوں نے بھارت میں موسیقی کے ایک عالمی سطح کے ہال کے قیام کی بات بھی کہی۔ اس ٹور میں ان کے ساتھ دنیائے کرکٹ کے بہترین کھلاڑی بریڈ مین کی پوتی بھی ہیں جنھوں نے بتایا کہ ان کے دادا زوبین مہتا کے بڑے مداح تھے۔







