موٹوں پر تنقید کی ویڈیو کے بعد ’یوٹیوب ہنگامہ‘

،تصویر کا ذریعہOther
ایک مزاحیہ فنکار کی جانب سے زیادہ وزن کے لوگوں پر تنقید کرنے کی ویڈیو کے بعد یوٹیوب پر سینسر کے متعلق ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے۔
نکول آربر نے یو ٹیوب پر ایک ویڈیو ’ڈیئر فیٹ پیپل‘ اپ لوڈ کی تھی جس میں انھوں نے فربہ لوگوں کا تمسخر اڑایا تھا۔
انھوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے چینل کو معطل کر کے انھیں سینسر کیا گیا ہے۔ تاہم دوسرے لوگوں نے الزام لگایا ہے کہ انھوں نے ہمدردی حاصل کرنے کے لیے اپنے چینل کو خود ہی ڈیلیٹ کیا ہے۔
لیکن بی بی سی کو معلوم ہوا ہے کہ بہت سے لوگوں کی یوٹیوب کو شکایت کے بعد چینل خود بخود معطل ہو گیا تھا۔
اس کے بعد سے نکول آربور کا چینل دوبارہ شروع ہو گیا ہے۔
نکول آربور امریکی مزاحیہ فنکار ہیں جو فیس بک اور یوٹیوب پر ویڈیوز اپ لوڈ کرتی رہتی ہیں۔
ایک متنازع ویڈیو میں، جسے دو کروڑ دس لاکھ مرتبہ دیکھا گیا ہے، نکول آربور نے ذکر کیا کہ ان کا سامنا فربہ لوگوں کے ساتھ کس طرح ہوا۔
انھوں نے کہا کہ ’فیٹ شیمنگ‘ یا موٹے افراد کو شرم دلانا کوئی چیز نہیں ہے۔ موٹے لوگوں نے ہی اسے گھڑا ہے۔ اگر ہم آپ کو اتنا تنگ کریں کہ آپ وزن کم کر دیں تو میرے لیے یہ ٹھیک ہے۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہOther
ان کے اس ویڈیو کے بعد سوشل میڈیا کے ممتاز ستاروں نے ان پر تنقید کی ہے۔
’مائے بگ فیٹ فیبیولس لائف‘ شو کی اداکارہ وٹنی وے تھور کہتی ہیں کہ ’فیٹ شیمنگ‘ بڑے مسئلے کا ایک حصہ ہے جسے ’باڈی شیمنگ‘ (جسم پر مذاق) کہا جاتا ہے اور اس کے متعلق انھیں ضرور معلوم ہو گا کہ دنیا میں ہر کسی کو اس کا تجربہ ہوتا ہے۔‘
انھوں نے کہا کہ ’آپ کسی کو دیکھ کر اس کی صحت یا جسمانی حالت کا اندازہ نہیں لگا سکتے۔‘
گلوکارہ میگن تونیے نے کہا کہ ویڈیو ’نقصان دہ‘ ہے۔ ’مجھے معلوم ہے کہ ایک ٹین ایج لڑکی اسے بیٹھ کر دیکھتے ہوئے کیسے محسوس کرتی ہے۔‘
وی لوگر skagg3 نے نکول آربور کا دفاع کیا ہے: ’میں لوگوں کے منھ پر ٹیپ لگانے کی کوشش میں کسی سینسر شپ پیریڈ کا راستہ اختیار نہیں کرتی کیونکہ میں اپنے ذاتی احساسات سے زیادہ خیالات کے آزادانہ تبادلے کی قدر کرتی ہوں۔‘
جب اتوار کو نکول آربور کے چینل کو معطل کیا گیا تو انھوں نے ٹویٹ کیا کہ انھیں سینسر کیا جا رہا ہے۔

،تصویر کا ذریعہOther
یوٹیوب نے کہا کہ وہ کسی خاص ویڈیو پر بیان نہیں دے گی لیکن اس نے بی بی سی کو یہ بھی بتایا کہ ’ایسی صورت میں جہاں کمیونٹی کسی چینل یا ویڈیو کو غلط ’فلیگ‘ کرتی ہے اور وہ اس کے بعد اتر جاتی ہے، تو ہم فوراً اسے دوبارہ بحال کر دیتے ہیں۔‘
اس کے بعد سے آربور نے ایک نئی ویڈیو اپ لوڈ کر دی ہے جس کے متعلق وہ کہتی ہیں کہ انھیں اس کی کوئی پرواہ نہیں کہ لوگ اس سے ناراض ہوتے ہیں یا نہیں۔
یوٹیوب کے مشہور ترین ستاروں میں سے ایک گریس ہیلبگ نے کہا کہ آربور کا بیان ’بیہودہ‘ ہے۔
انھوں نے کہا کہ ’مزاح ایک بہت طاقتور آلہ ہو سکتا ہے۔ کاش ہم اسے زیادہ احترام سے استعمال کریں۔ کاش ہم ایک دوسرے کی صرف بطور انسان عزت کریں۔‘







