گنگنم سٹائل نے یو ٹیوب کی حدیں توڑ دیں

،تصویر کا ذریعہReuters
جنوبی کوریا کے گلوکار سائی کی میوزک ویڈیو ’گنگنم سٹائل‘ نے یو ٹیوب پر ویوز کی حدیں توڑ دیں جس کی وجہ سے گوگل کو ویب سائٹ اپ گریڈ کرنا پڑ گئی۔
یو ٹیوب کا کہنا ہے کہ یہ دنیا کی سب سے زیادہ دیکھی جانے والی وڈیو ہے اور اسے دو ارب سے زائد مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔
ویب سائٹ نے اب اپنی زیادہ سے زیادہ ویوز کی حد نو ’کونٹیلین‘ یعنی نو کروڑ کھرب (9,223,372,036,854,775,808) سے زائد رکھی ہے۔
سنہ 2012 میں لانچ ہونے کے بعد گنگنم سٹائل دنیا کی مقبول ترین وڈیو بن گئی ہے، اس کی بڑی وجہ اس وڈیو کا غیر حقیقی انداز ہے۔
یو ٹیوب کے ویوز کی گنتی کرنے والا کاؤنٹر پہلے 32 بِٹ کے ہندسے استعمال کرتا تھا جس کا مطلب یہ ہے کہ یہ زیادہ سے زیادہ 2,147,483,647 تک گنتی کر سکتا تھا۔
یکم دسمبر کو یو ٹیوب نے ایک بیان جاری کیا جس میں اس نے کہا کہ ’ہم نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ 32 بِٹ کے انٹیجر سے بھی زیادہ تعداد میں کوئی وڈیو دیکھی جائے گی۔ لیکن تب گلوکار سائی منظر عام پر نہیں آئے تھے۔‘

،تصویر کا ذریعہbbc
یو ٹیوب کی مالک کمپنی گوگل نے ویب سائٹ ’دا ورج‘ کو بتایا کہ انجینیئروں کو ’دو ماہ قبل پتہ چل گیا تھا کہ ایسا ہو سکتا ہے، اسی لیے انھوں نے یو ٹیوب کی ویب سائٹ کے سسٹم کو اپ ڈیٹ کر دیا تھا، تاکہ آئندہ کے لیے تیاری ہو سکے۔‘
یو ٹیوب اب اپنے وڈیو کاؤنٹر کے لیے 64 بٹ کا انٹیجر استعمال کرتا ہے، جس کا مطلب ہے کہ اب ویوز کی گنتی 9.2 کونٹیلین تک جائے گی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سائی نے اب تک اس سلسلے سے متعلق کوئی بیان نہیں جاری کیا ہے لیکن یوٹیوب کی اس تبدیلی کی خبر ان کے فیس بک اور ٹوئٹر کے اکاؤنٹوں پر پوسٹ کی گئی تھی۔
یو ٹیوب پر دنیا کی دوسری سب سے دیکھی جانے والی وڈیو جسٹن بیبر کی ’بے بی‘ ہے، جو گنگنم سٹائل سے ایک ارب کم مرتبہ دیکھی گئی ہے۔







