لیڈی گاگا کا یو ٹیوب چینل بحال

،تصویر کا ذریعہ
یو ٹیوب پر امریکی گلوکارہ لیڈی گاگا کا وہ چینل بحال کر دیا گیا ہے جسے کاپی رائٹس کی خلاف ورزی کے باعث معطل کر دیا گیا تھا۔
یہ چینل جمعرات چودہ جولائی کو بند کر دیا گیا تھا اور ویب سائٹ پر پیغام دیا گیا تھا کہ ’یہ اکاؤنٹ یوٹیوب کی کاپی رائٹ پالیسی کی شدید اور بار بار خلاف ورزی کے باعث معطل کر دیا گیا ہے‘۔
تاہم جمعرات کی شام کو ہی یہ چینل بحال کر دیا گیا۔ یو ٹیوب کی مالک کمپنی گوگل نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے۔
گوگل کی پالیسی ہے کہ وہ یو ٹیوب پر کاپی رائٹس کی تین خلاف ورزیوں کے بعد اکاؤنٹ بند کر دیتی ہے۔
انٹر نیٹ پر شائع بہت سی رپورٹس کے مطابق لیڈی گاگا اور جاپان کی ایک میڈیا کمپنی کے درمیان اختلافات کی وجہ سے یہ چینل معطل کیا گیا تھا۔
لیڈی گاگا اپنے نئے البم کی تشہیر کے لیے حال ہی میں جاپان کے ایک ٹی وی شو SMAP X SMAP میں آئیں تھیں۔
دس منٹ کے دورانیے میں انہوں نے اپنے گانوں کے مختصر ٹکڑے گائے، جن میں بورن دس وے، یو اینڈ آئی اور دی ایج آف گلوری شامل تھے۔
لیڈی گاگا کی اس پرفارمنس کی ویڈیو یوٹیوب سمیت دوسری تمام ویب سائٹس سے ہٹا دی گئی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ایک ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ اس ویڈیو کے بارے میں میڈیا انٹرایکٹو انکارپوریٹ نے کاپی رائٹس کی خلاف ورزی کرنے کی شکایت کی تھی۔
لیڈی گاگا انٹر نیٹ پر مقبول ترین فنکاروں میں سے ایک ہیں۔ ان کے ایک گانے’ بیڈ رومینس‘ کی ویڈیو کو یو ٹیوب پر چالیس کروڑ بار دیکھا گیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک کروڑ دس لاکھ افراد لیڈی گاگا کو ’فولو‘ کرتے ہیں۔







