امیتابھ پہلی بار سپر ہیرو کے روپ میں

ایسا عام طور پر نہیں ہوتا کہ امیتابھ بچن سے وابستہ کوئی خبر ہو اور صحافیوں کو اس کے بارے میں پتہ نہ چلے۔
لیکن بالی ووڈ کے عظیم اداکار امیتابھ بچن کے اینیمیٹڈ اوتار کو اتنی خاموشی سے شروع کیا جا رہا تھا کہ اگر بی بی سی کی ٹیم وہاں نہیں ہوتی تو شاید یہ بات ابھی تک منظر عام پر نہیں آئی ہوتی۔
سپر ہیرو کے طور پر وہ’ایسٹرا فورس‘ نام کی ایک کارٹون سیریز میں نظر آئیں گے جس کی فلم بندی مشترکہ طور پر ’گرافک انڈیا‘ اور ’ڈزنی‘ کر رہے ہیں۔
اس سپر ہیرو کی تخلیق ڈزنی کے سدھارتھ رائے کپور اور گرافک انڈیا کے سی ای او اور بانی شرد دیوراجن نے کی ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل اینیمیٹڈ فلم ’مہابھارت تھری ڈی‘ کے لیے امیتابھ بچن نے بھیشم پتاما کے کردار کے لیے اپنی آواز دی تھی لیکن اب وہ چھوٹے بچوں کے لیے کارٹون میں سپر ہیرو بننے کو تیار ہو گئے ہیں۔
اسی کے ساتھ امیتابھ بچن نے ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کے بعد چھوٹے پردے پر واپسی کی تیاری کر لی ہے۔

بی بی سی کی مدھو پال سے ممبئی میں خصوصی بات چیت میں امیتابھ بچن نے بتایا: ’یہ ایک ایسا شعبہ تھا جس سے بالی وڈ کے کئی ستارے منسلک تھے لیکن ابھی تک اس سے ہمارا رابطہ نہیں ہوا تھا۔‘
امیتابھ سے پہلے اینیمیٹڈ سپر ہیرو کے لیے اجے دیوگن (ٹونپور کا سپرہیرو) اور شاہ رخ خان (دی انكریڈبلز) میں اپنی آواز دے چکے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
امیتابھ نے مزید کہا: ’میرا یہ خیال ہے کہ اس اینیمیٹڈ کارٹون میں ہم بچوں کے لیے ہنسی مذاق، ایک اچھی فکر، ایک اچھی کہانی لا پائیں گے اور یہ ایک بہترین کوشش ہوگی۔‘
اس کارٹون سیریل کے مجموعی طور پر52 اقساط ہوں گے جسے سنہ 2017 میں نشر کیا جائے گا۔
امیتابھ بچن نے تسلیم کیا کہ آج کے بچوں کے پاس تفریح کے بہت سے ذرائع ہیں جن سے وہ اپنا دل بہلا سکتے ہیں جبکہ پہلے ایسا نہیں تھا۔

امیتابھ نے اپنے بچپن کو یاد كرتے ہوئے کہا: ’جب میں بچہ تھا تو صرف ریڈیو سنتا تھا اور گلّی ڈنڈا کھیلا کرتا تھا۔ ہمارے پاس اتنی سہولتیں نہیں تھی جو آج کل کے بچوں کے پاس ہے۔‘
امیتابھ نے سنیما دیکھنے کے بارے میں بتایا کہ ’پہلے تو والدین اس فلم کو جاکر دیکھتے تھے اور پھر وہ یہ فیصلہ کرتے تھے کی یہ بچوں کے لیے موزوں ہے یا نہیں۔
کارٹون سیریل میں امیتابھ کے پسندیدہ کردار ’میكی ماؤس‘ اور ’سنڈریلا‘ رہے ہیں۔







