عامر جیسا ہوشیار نہیں ہوں: امیتابھ بچن

بالی وڈ سپر سٹار امیتابھ بچن خود کو فلم مارکٹنگ کے معاملے میں اناڑی تسلیم کرتے ہیں۔
آر بالكی کی فلم ’شمیتابھ‘ میں امیتابھ بچن نے اہم کردار نبھایاہے۔ اسی فلم پر بحث کے دوران جب فلموں کی سیلز کی بات سامنے آئی تو امیتابھ نے کہا: ’مجھ سے یہ کام نہیں ہوتا۔ کیمرے کے سامنے آکر شاٹ دے لوں، یہی کام کر لوں تو غنیمت ہے۔‘
انھوں نے اس معاملے میں عامر خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا: ’انڈسٹری میں بہت سے لوگ بہتر طور پر مارکٹنگ کرتے ہیں۔ عامر خان تو بہت شاندار کام کرتے ہیں۔ میں ان کی طرح ہوشیار نہیں ہوں۔‘
امیتابھ نے یہ بھی بتایا کہ ’شمیتابھ‘ میں پہلے ان کے ساتھ شاہ رخ خان کام کرنے والے تھے۔

،تصویر کا ذریعہHOTURE
’آر بالكی کی پسند پہلے شاہ رخ خان تھے لیکن کسی وجہ وہ فلم نہیں کر پائے تب میں نے ہی دھنش کے نام کی تجویز پیش کی۔ فلم ’رانجھنا‘ میں انھوں نے بہت اچھا کام کیا تھا۔ ہمیں لگتا ہے کہ دھنش کو لینا بالکل صحیح فیصلہ تھا۔‘
حال ہی میں مہندر سنگھ دھونی اور سچن تندولکر جیسے معروف کرکٹروں کی زندگی پر مبنی بايوپك فلمیں بنانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
اس سے قبل معروف ایتھلیٹ ملکھا سنگھ اور بھارتی باکسر میری کام پر بھی فلمیں بن چکی ہیں۔ ایسے میں کیا وہ چاہیں گے کہ ان پر بھی کبھی بايوپك بنے؟

،تصویر کا ذریعہAFP
اس سوال کے جواب میں امیتابھ نے کہا: ’میری بايوپك فلم بہت ہی خراب ہو گی کیونکہ اس میں بتانے کے لیے کچھ بھی نہیں ہو گا۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
امیتابھ نے ٹی وی پر اپنی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اپنے فكشن شو ’یدھ‘ (جنگ) کے ناكام ہونے سے ان کی حوصلہ شکنی نہیں ہوئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر کچھ اور پسند آیا تو وہ پھر سے ٹی وی پر نظر آئیں گے۔







