’امیتابھ دلیپ کمار سے بڑے اداکار ہیں‘

بھارتی سینیما میں جو عزت اور وقار دلیپ کمار کو حاصل ہوا ہے وہ شاید کسی دوسرے اداکار کو نصیب نہ ہو سکا ہے

،تصویر کا ذریعہHOTURE

،تصویر کا کیپشنبھارتی سینیما میں جو عزت اور وقار دلیپ کمار کو حاصل ہوا ہے وہ شاید کسی دوسرے اداکار کو نصیب نہ ہو سکا ہے

بالی وڈ کے سپر سٹار امیتابھ بچن بذات خود دلیپ کمار کی اداکاری کے زبردست مداح ہیں اور انھیں اداکاری کا ادارہ کہتے ہیں۔

تاہم بالی وڈ میں اپنی اداکاری کے لیے معروف اداکار نصیر الدین شاہ کا کہنا ہے کہ ان کی نظر میں امیتابھ بچن، دلیپ کمار سے بھی بہتر اداکار ہیں۔

معروف بھارتی اخبار دا ٹائمز آف انڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے نصیر الدین شاہ نے کہا: ’میرے خیال میں امیتابھ بچن، دلیپ کمار سے بہتر اداکار ہیں۔ کیونکہ ایک آرٹسٹ کے طور پر ایک سپر اسٹار کے طور پر ان کی زیادہ لمبی اننگز رہی۔ دونوں ہی اداکاری کے سکول ہیں لیکن امیتابھ بہتر ہیں۔‘

تاہم نصیرالدین شاہ، ہندی سنیما میں دلیپ کمار کے کردار کو امیتابھ بچن سے زیادہ تسلیم کرتے ہیں۔

نصیرالدین شاہ نے کمرشیئل فلموں سے زیادہ آرٹ فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں

،تصویر کا ذریعہ

،تصویر کا کیپشننصیرالدین شاہ نے کمرشیئل فلموں سے زیادہ آرٹ فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں

انھوں نے کہا کہ ’بمل رائے جیسے کلاسک ڈائریکٹر کی فلموں کو دلیپ کمار نے اپنی اداکاری سے عوام تک پہنچایا۔ ان معنوں میں ان کا تعاون زیادہ ہے۔‘

امیتابھ بچن کی اس قدر تعریف کے بعد نصیرالدین شاہ کو ان سے ایک شکایت بھی ہے۔

وہ کہتے ہیں کہ ’امیتابھ بچن اتنے با اثر ہو چکے تھے کہ وہ فلم انڈسٹری میں مثبت تبدیلی کر سکتے تھے۔ اس کی ہیت اور سمت و رفتار کو تبدیل کر سکتے تھے لیکن انھوں نے ایسا نہیں کیا۔ وہ پاپ کارن سنیما سے آگے ہی نہیں بڑھ پائے۔‘

امیتابھ بچن نے فلم شکتی میں دلیپ کمار کے ساتھ کام کیا ہے

،تصویر کا ذریعہSaira Bano

،تصویر کا کیپشنامیتابھ بچن نے فلم شکتی میں دلیپ کمار کے ساتھ کام کیا ہے

انھوں نے مزید کہا کہ ’اس سب کے باوجود ایک اداکار کے طور پر امیتابھ کی عظمت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔‘

دوسری جانب امیتابھ بچن نے برملا کئی بار اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ ان کے لیے سب سے بڑا انعام دلیپ کمار کے ساتھ کام کرنا رہا ہے۔

واضح رہے کہ نصیرالدین شاہ نے دلیپ کمار کے ساتھ فلم ’کرما‘ میں کردار نبھایا تھا جبکہ فلم ’شکتی‘ میں امیتابھ نے دلیپ کمار اور امیتابھ آمنے سامنے تھے۔