’امیتابھ بچن نے میرے ساتھ بہت برا کیا‘

،تصویر کا ذریعہAP
سیاستدان امرسنگھ کبھی بالی وڈ اداکار امیتابھ بچن کے بہت قریبی دوست تھے لیکن وہ آج ان سے خفا خفا سے نظر آ رہے ہیں۔
بی بی سی سے ایک خصوصی گفتگو کے دوران انھوں نے کہا کہ امیتابھ بچن نے ان کے ساتھ سماجوادی پارٹی کے سربراہ اور اترپردیش کے سابق وزیر اعلیٰ ملائم سنگھ یادو سے بھی زیادہ برا سلوک کیا۔
امر سنگھ اب راشٹریہ لوک دل میں شامل ہو چکے ہیں۔ انھوں نے اپنے دوستوں سے ملنے والے درد کا اظہار اپنے مخصوض انداز میں ان الفاظ میں کیا۔
ہے اسی میں پیار کی آبرو وہ جفا کریں میں وفا کروںجو وفا بھی کام نہ آسکے تو وہی کہیں کہ میں کیا کروں
گفتگو کے دوران انھوں نے امیتابھ بچن کے متعلق کئی راز افشا کیے۔
امرسنگھ کا کہنا ہے: ’امیتابھ نے تو ملائم سنگھ سے بھی زیادہ برا (سلوک) کیا کیونکہ امیتابھ کو میں اپنے خاندان کا (حصہ) مانتا تھا۔ ان کے ساتھ میرے سیاسی تعلقات نہیں تھے۔ انھوں نے ایسا صرف میرے ساتھ ہی کیا، ایسا نہیں ہے۔ گاندھی خاندان کے ساتھ ان کے تین نسلوں کا تعلق اب نہیں رہا۔ پرکاش مہرہ، جنھوں نے امیتھابھ کو ’زنجیر‘ فلم میں لے کر انھیں عظیم ہیرو بنایا، ان سے ان کے تعلقات نہیں رہے۔‘

،تصویر کا ذریعہHOTURE
امر سنگھ کا مزید کہنا ہے کہ ’سنیل دت، جنھوں نے انھیں ’ریشما اور شیرا‘ میں وحیدہ رحمان کے برابر رول دیا، ان سے تعلق نہیں رہے۔ امیتابھ بچن نے امجد خان کے ساتھ بھی یہی کیا۔ ممبئی کی سڑکوں پر جب ان کے رہنے کے لیے کوئی ٹھکانہ نہیں تھا، انھیں سونے کے لیے محمود نے جگہ دی، ان کے وہ نہیں ہوئے۔ محمود کہتے تھے کہ امیتابھ جو تم نے میرے ساتھ کیا کسی اور کے ساتھ مت کرنا۔ میرے بعد وفا کا دھوکہ کسی اور کو مت دینا، لوگ تیرا ذکر کریں گے تو میرا سر جھک جائے گا۔‘
امر سنگھ کہتے ہیں کہ ’امیتابھ نے مجھ سے کہا تھا کہ جو طرز عمل جیا بچن نے آپ (امر سنگھ) کے ساتھ کیا اس کے لیے وہ معافی مانگتے ہیں اور آپ جیا کو معاف کر دیجیے۔ انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ آپ یہ غلطی کر رہے ہیں کہ جیا کو سیاست میں لے جا رہے ہیں۔ وہ حالات کو سمجھنے والی خاتون نہیں ہیں۔ وہ اپنی کسی ایک بات پر قائم نہیں رہتی۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہAP
امر سنگھ نے ’کبھی خوشی کبھی غم‘ کے سیٹ پر جیا بچن نے جو سب کے سامنے امیتابھ کی بے عزتی کی تھی اس کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے اس واقعے کے بعد قسم کھائی تھی کہ وہ ان کے ساتھ کبھی اداکاری نہیں کریں گے۔
’مجھے یاد ہے کہ میں امیتابھ کی کمپنی اے بی کارپوریشن میں وائس چیئرمین تھا اور میں نے مہیش مانجریكر کے ساتھ ’ورودھ‘ فلم کا پروجیکٹ بنایا تھا۔ ہم نے سوچا تھا اس فلم میں امیتابھ اور جیا بچن کو جوڑے کے طور پر اور ابھیشیک بچن کو بیٹے کے طور پر لیں گے۔ اپنی ہی کمپنی کی فلم میں امیتابھ بچن نے جیا بچن کے ساتھ کام کرنے سے انکار کر دیا، تو شرمیلا ٹیگور کو لیا گیا۔

،تصویر کا ذریعہAFP
’ہم نے سوچا شرمیلا ٹیگور کے ساتھ سیف علی خان کو لیں گے، لیکن وہ بھی بڑے ہیرو ہو گئے تھے، انھوں نے بھی انکار کر دیا۔ تو ہمیں جان ابراہم کو لینا پڑا۔ فلم کا پورا كانسیپٹ ہی بدل گیا۔ مجھے پتہ ہے کہ امیتابھ بچن نے پھر کبھی جیا بچن کے ساتھ کام نہیں کیا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ امیتابھ بچن نے ان سے کہا کہ وہ اپنی بیوی کو بہتر طور پر جانتے ہیں، ’لیکن میں نے کہا کہ وہ ہماری بھابھی ہیں اور وہ مجھے بہت مانتی ہیں۔ لیکن عوامی طور پر انھوں نے مجھے بہت کچھ کہا، جس سے مجھے ٹھیس لگی‘۔
انھوں نے بتایا کہ انل امبانی نے ایک دعوت دی ہوئی تھی اور ان کو امیتابھ بچن کا پیغام ملا کہ وہ اس پارٹی کے دوران ملنا چاہتے ہیں۔ ’میں نے کہا کہ ہمارے آپس کے معاملے میں انل امبانی کا کیا کام ہے۔ ہم براہ راست مل لیں۔‘

،تصویر کا ذریعہAP
اس ملاقات میں امیتابھ بچن نے مجھ سے کہا ’سہارا کے بورڈ سے آپ بھی نکل گئے۔ مجھے، جیا اور ایشوريا کو بھی نکلوا دیا۔ آپ نے سہارا سے نکلنے کے لیے ہمیں غلط مشورہ دیا اور وہاں بونی کپور کو رکھوا دیا۔ آپ نے کتنا غلط کیا۔ ہم لوگ باصلاحیت ہیں اور اپنی زندگی جی سکتے ہیں۔‘
امر سنگھ کہتے ہیں کہ چونکہ وہاں انل امبانی بیٹھے ہوئے تھے اس لیے وہ خاموش رہے۔ ’میں نے نہیں بتایا کہ جب آپ چاروں جانب سے قرض میں ڈوبے ہوئے تھے اور آپ نے کمار منگلم برلا اور امبانی سے لے کر بسنت برلا تک کا چکر کاٹا اور کسی نے آپ کو ایک پیسہ بھی نہیں دیا، اس وقت آپ کی صلاحیت کہاں تھی۔‘
ابھی حال ہی میں امیتابھ بچن نے ایک تقریب میں کہا تھا ’یش چوپڑہ نے میری بہت مدد کی تھی۔‘ اس حوالے سے امر سنگھ کا کہنا تھا کہ ’مجھے یاد ہے کہ ’محبتیں‘ کی شوٹنگ کے بعد وہ آتے تھے تو بڑے غمگین رہتے تھے کہ شاہ رخ خان کو زیادہ توجہ مل رہی ہے۔ امیتابھ کہتے تھے کہ یش چوپڑہ کے ساتھ انھوں نے ’دیوار‘ اور ’کبھی کبھی‘ بنائی۔ لیکن لگتا ہے کہ اب ہم دوسرے درجے کے شہری ہیں۔‘

،تصویر کا ذریعہScreen
امیتابھ بچن نے اپنی فلمی زندگی کی تین ہی باتیں بتائی ہیں اور تیسری بات ہے فرحان اختر کے ساتھ کام کا تجربہ۔ امر سنگھ کہتے ہیں ’فرحان اختر نے ان سے کہہ دیا تھا ڈائریکٹر میں ہوں آپ نہیں۔ آپ اپنے کام سے کام رکھیے۔ امیتابھ کو یہ بہت برا لگا تھا۔‘
امر سنگھ نے بتایا کہ امیتابھ بچن ایک علیحدہ مکان میں رہتے ہیں، جیا بچن ایک الگ مکان میں اور ان کا بیٹا ابھیشیک بچن ایک الگ مکان میں رہتے ہیں۔ ’ایک چھوٹے سے خاندان کے تین افراد تین جگہ رہتے ہیں اور یہ بات پوری ممبئی دیکھتی ہے۔‘







