کشمیر کی تعمیر کے لیے بالی وڈ کی کوشش

کشمیر میں آنے والے حالیہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد کے لیے عامر خان اور امیتابھ بچن جیسے معروف بالی وڈ اداکار سامنے آئے ہیں۔
’ہم ہیں امیِد کشمیر‘ نام کی اس تقریب میں آسام کے سیلاب اور وشاکھاپٹنم میں ہدہد طوفان سے متاثرین کے لیے بھی امداد کی بات کی گئی۔
اس فنڈ اکٹھا کرنے والی تقریب میں عامر خان کے علاوہ اداکار فرحان اختر اور اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے بھی شرکت کی۔
تقریب سنیچر کی شب کو منعقد ہوئی اور معروف اداکاروں نے متاثرین کی امداد اور آفت زدہ علاقوں کی تعمیرکے لیے بھرپور تعاون کی اپیل کی۔
بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق اس سے قبل امیتابھ بچن نے کہا تھا: ’جب بھی ہم کشمیر کی بات کرتے ہیں، آسام کی بات کرتے ہیں تو میں سوچتا ہوں کہ کہیں ہمارے دیش کو چوٹ پہنچی ہے اور میں جو بھی کر سکتا ہوں کروں گا۔‘

،تصویر کا ذریعہSONY TV
عامر خان اپنے سماجی رویے کی وجہ سے جانے جاتے ہیں اور ان کا ٹی پروگرام ’ستیہ میو جیتے‘ اس کی ایک مثال ہے۔
اس تقریب کا انعقاد انٹرٹینمنٹ مینجمنٹ ایسوسی ایشن نے زی انٹرٹینمنٹ اور فلم اور ٹیلی ویژن کی انجمن کے ساتھ مشترکہ طور پر کیا۔
تقریب میں نئی اداکارہ آدیتی راؤ حیدری، پرینیتی چوپڑا، سوشانت اور نیہا دھوپیہ نے اپنی اپنی پرفارمنسز دیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس کے علاوہ شان، دلیر مہندی، آدیتی سنگھ شرما وغیرہ نے اپنی آواز اور انداز کا جادو جگایا۔

اس موقع پر سینیئر اداکار انوپم کھیر، وویک اوبرائے اور ہدایت کار ودھو ونود چوپڑا وغیرہ بھی موجود تھے۔
یہ شو آنے والے دنوں میں زی کے مختلف چینلوں پر دکھایا جائے گا۔
اس شو کا دہلی کے علاوہ بھارت کے کئی شہروں ممبئی، حیدرآباد، چینئی، بنگلور، جے پور اور کولکتہ میں بھی انعقاد کیا گيا۔







