بالی وڈ ڈائری
رواں سال سنہ 2015 میں جن فلموں پر ناظرین اور ناقدین کی نظریں رہیں گي ان میں سب سے پہلے فلم ’بے بی‘ ریلیز ہو رہی ہے۔
اس فلم میں اکشے کمار، رانا دگگباتي اور انوپم کھیر اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
اس فلم کی ہدایات نیرج پانڈے نے دی ہیں جنھوں نے ’اے وینزڈے‘ اور ’سپیشل 26‘ بنائی تھیں اور ان فلموں کو بہت سراہا گیا تھا۔
سلمان خان کی فلم ’بجرنگي بھائی جان‘ پر رواں سال لوگوں کی نظر رہے گي۔

،تصویر کا ذریعہEros
کبیر خان کی ہدایت میں بننے والی اس فلم میں کرینہ کپور کا بھی اہم کردار ہے۔ کبیر اور سلمان اس سے پہلے ’ایک تھا ٹائیگر‘ جیسی سپر ہٹ فلم دے چکے ہیں۔
’بجرنگي بھائي جان‘ کے ریلیز کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں ہوا ہے، تاہم اطلاعات کے مطابق روان سال کے وسط تک اس کی ریلیز متوقع ہے۔
فلم ’شمیتابھ‘ میں امیتابھ کے علاوہ جنوبی ہند کے اداکار دھنش اور ان کے ساتھ کمل ہاسن کی بیٹی اکشرا ہاسن ہوں گي۔
یہ فلم چھ فروری کو ریلیز ہو رہی ہے۔ اس کے ڈائریکٹر آر بالكي ہیں جنھوں نے ’پا‘ اور’انگلش ونگلش‘ جیسی فلموں کی ہدایات دی ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
فلم ’رائے‘ 13 فروری کو ریلیز ہورہی ہے جس میں ارجن رامپال، جیكلين فرناڈیز اور رنبیر کپور نے اہم کردار نبھائے ہيں۔
سلمان نے رنگ ڈالا گاؤں

،تصویر کا ذریعہArbaaz Khan
سلمان خان نئے سال میں اپنی فلم ’بجرنگي بھائي جان‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔
ان کی فلم کی شوٹنگ ان دنوں ممبئی سے ملحق كرجات کے ایک گاؤں ہت لونی میں جاری ہے۔
سلمان خان نے سنہ 2015 کے آتے ہی اس گاؤں کا حلیہ ہی بدل کر رکھ دیا اور پورے گاؤں کو رنگوا دیا۔
اس گاؤں میں زیادہ تر گھر مٹی اور لکڑی کے بنے ہوئے ہیں جسے دیکھ کر سلمان نے ان گھروں کو خوبصورت دکھانے کے لیے مکانات کو رنگ روغن کا کام کروایا۔
بذات خود سلمان خان نے بھی بعض گھروں کو پینٹ کیا، اور نئے سال کی خوشی میں اس گاؤں میں رہنے والی تمام خواتین کو ساڑھیاں بھی دیں اور ان کے بچوں کی فٹبال کھیلنے کے لیے حوصلہ افزائی کی بھی کی۔
مودی کا پرچار امیتابھ نہیں کریں گے

،تصویر کا ذریعہPIB
امیتابھ بچن نے ٹویٹ کر کے بتایا ہے کہ وہ نریندر مودی حکومت کے لیے اشتہار نہیں کریں گے۔
امیتابھ نے ٹوئٹر پر لکھا: ’وزیر اعظم کے دفتر (پی ایم او) یا خود وزیر اعظم نے مجھے حکومت کے اشتہار سے وابستہ ہونے کے لیے نہیں کہا ہے۔ اشتہار کرنے کی خبر مکمل طور غلط ہے۔ براہ مہربانی غلطی درست کریں۔ شکریہ۔‘
گذشتہ کچھ دنوں سے میڈیا میں یہ خبریں چھائی ہوئی تھیں کہ امیتابھ بچن مرکزی حکومت کے لیے اشتہار کریں گے جس میں مودی حکومت کو سیکیولر حکومت کے طور پر پیش کیا جائے گا۔ یہ بھی کہا گیا کہ خود مودی نے امیتابھ بچن سے اس سلسلے میں بات کی ہے۔
ویسے اس سے پہلے امیتابھ پولیو کے خاتمے اور ’صاف بھارت مہم‘ جیسی سرکاری مہم کے برانڈ ایمبیسڈر رہ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ گجرات ٹورزم کا بھی اشتہار انھوں نے کر رکھا ہے۔
گذشتہ دنوں امیتابھ بچن جب دہلی آئے تو انھوں نے نریندر مودی سے ملاقات کی تھی اور اس کے بعد سے ہی ان کے متعلق ایسی خبریں آنے لگیں۔







