سلمان بنے 2014 کی امیر ترین فلمی شخصیت
سنیے بالی وڈ راؤنڈ اپ
سلمان بالی وڈ کے سب سے کامیاب اداکار

،تصویر کا ذریعہcolors
کاروباری جریدے فوربز کے مطابق اداکار سلمان خان 2014 میں بھارت کے سب سے زیادہ کمائی کرنے والے فنکار رہے ہیں۔
فوربز کا کہنا ہے کہ اس سال میں سلمان خان نے دو ارب 44 کروڑ 50 لاکھ روپے کمائے۔
یہ تین سال میں پہلا موقع ہے کہ شاہ رخ خان بالی وڈ کے فنکاروں میں سب سے زیادہ ’کماؤ پوت‘ اداکار نہیں بن پائے ہیں۔
اس سال وہ دو ارب دو کروڑ 40 لاکھ بھارتی روپے آمدن کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے ہیں۔
یہی نہیں شاہ رخ کی مقبولیت میں بھی کمی آئی ہے اور وہ مجموعی طور پر اس برس بالی وڈ کی تیسری کامیاب ترین فلمی شخضیت رہے ہیں۔
ادھر سلمان خان کاروباری لحاظ سے کامیاب ترین ہونے کے ساتھ ساتھ مقبولیت میں بھی سب سے آگے ہیں اور فوربز کے مطابق یہ بھی تین برس میں پہلی بار ہوا ہے۔
’بھلا دیے جانے کا ڈر نہیں‘

،تصویر کا ذریعہReuters
اپنی فلم ’پی کے‘ کے ساتھ ساتھ کرکٹر وراٹ کوہلی سے تعلقات کی وجہ سے آج کل خبروں میں رہنے والی اداکارہ انوشکا شرما کا کہنا ہے کہ انھیں بطور اداکارہ بھلا دیے جانے کا ڈر نہیں ستاتا۔
انوشکا نے اپنے فلمی کریئر میں زیادہ فلمیں نہیں کیں اور اس بارے میں بی بی سی سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا ’اگر میں اتنی کم فلمیں کر رہی ہوں تو ظاہر ہے مجھے کسی قسم کا خوف نہیں کہ میں بھلا دی جاؤں گی۔اگر مجھے ان سکیورٹی ہوتی تو میں خوب ساری فلمیں کرتی۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انھوں نے کہا کہ ’سب کا اپنا اپنا منصوبہ ہوتا ہے اور سب منصوبے کامیاب بھی نہیں ہوتے۔‘
انوشکا نے کہا کہ ’میری سوچ الگ رہی ہے۔ میں نے ہمیشہ وہ نہیں کیا جو مجھے کرنے کو کہا گیا بلکہ وہ کیا جو مجھے صحیح لگا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے ارادوں کی پکی ہیں اور اپنے فیصلوں پر نہیں پچھتاتیں۔
اکشے کے ایبز کیوں نہیں ہیں؟

،تصویر کا ذریعہPR
بالی وڈ میں گذشتہ چند برس سے فلمی ہیروز میں کسرتی جسم بنانے اور اس کی نمائش کا چلن بڑھ گیا ہے لیکن ایکشن فلموں سے نام بنانے والے اداکار اکشے کمار کا کہنا ہے کہ چند ہفتوں میں تیار ہونے والے کسرتی جسم صرف دکھاوا ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کسرتی جسم تیار کرنے میں بہت وقت لگتا ہے اور یہ چند دنوں یا ہفتوں کا کھیل نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’ٹہلتے ٹہلتے نہیں بن جاتے اور وہ جو بہت ساری چیزیں بن جاتی ہیں وہ نقلی ہوتی ہیں۔‘
فلمی دنیا میں آنے سے قبل کک باکسنگ سے شغف رکھنے والے اکشے کے مطابق ایبز بنانے کے لیے مصنوعی خوراک کی مدد حاصل کرنے کی بجائے قدرتی خوراک پر بھروسہ کرنا چاہیے۔
پوجا بھٹ کی شادی ختم ہوگئی

،تصویر کا ذریعہAFP
اداکارہ، فلمساز اور ہدایت کارہ پوجا بھٹ نے اپنے شوہر منیش مکھیجا سے علیحدگی کا اعلان کر دیا ہے۔
ٹوئٹر پر اس بات کا اعلان کرتے ہوئے پوجا نے لکھا، ’وہ تمام لوگ جو میری پرواہ کرتے ہیں اور خاص طور سے وہ جنہیں میری پرواہ نہیں ہے، ان تمام لوگوں کو میں مطلع کرنا چاہتی ہوں کہ شادی کے 11 بہترین سالوں کے بعد میں نے اور منا نے الگ ہونے کا فیصلہ کر لیا۔‘
پوجا نے یہ بھی بتایا کہ شادی ختم کرنے کا فیصلہ دونوں نے مل کر کیا اور ان کے دل میں ایک دوسرے کے لیے عزت و احترام ہے۔
پوجا اور منیش کی ملاقات ان کی ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران ہوئی تھی اور سنہ 2003 میں دونوں نے شادی کر لی تھی۔







