بالی وڈ کے تینوں خان اب ’ایک فلم میں‘

،تصویر کا ذریعہAFP
حال ہی میں دہلی میں منعقدہ ایک پروگرام میں ایک ساتھ نظر آنے کے بعد بالی وڈ کے تین خان عامر خان، شاہ رخ خان اور سلمان خان اب ایک ساتھ، ایک فلم میں آنے کے موڈ میں ہیں۔
آج تک سلمان، عامر اور شاہ رخ نے ایک ساتھ کوئی فلم نہیں کی ہے۔
دراصل تینوں خانوں کو ساتھ لانے کی یہ بات چیت عامر سے شروع ہوئی۔
اپنی آنے والی فلم ’پی کے‘ کے ایک تشہیری پروگرام کے دوران انھوں نے کہا: ’مجھے لگتا ہے کہ ہم تینوں کا ایک ہی فلم میں کام کرنا بہت اچھا رہے گا۔ تاہم ایسا کوئی سکرپٹ ابھی تک آیا نہیں ہے، لیکن اگر آئے تو ہمیں ساتھ کام کرنے میں خوشی ہوگی۔‘
گذشتہ دنوں دہلی میں منعقدہ ایک پروگرام میں یہ تینوں سٹار یکجا ہوئے اور تینوں نے خوب ہنسی مذاق بھی کیا اور اپنے اپنے انداز کے رقص بھی پیش کیا۔
دہلی کے پرگتی میدان میں ایک نیوز چینل کے پروگرام میں عامر خان، شاہ رخ خان اور سلمان خان ایک ساتھ سٹیج پر آئے۔
ان تینوں کے علاوہ رنبیر کپور، سوناکشی سنہا، پرینکا چوپڑا اور دیپکا پاڈوکون بھی تقریب کی شان بڑھانے کے لیے موجود کے لیے وہاں موجود تھے۔
اس سے پہلے سلمان خان کی بہن ارپتا کے ولیمے میں سلمان اور شاہ رخ تو موجود تھے، لیکن عامر نہیں تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
عامر خان نے ارپتا کے شادی کی تقریب میں حصہ لیا تھا لیکن تب شاہ رخ وہاں موجود نہیں تھے۔
عامر اور شاہ رخ بھی وقتاً فوقتاً مختلف تقریبات میں ملتے رہتے ہیں لیکن ایک زمانے کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب تینوں خان ایک ساتھ ایک پلیٹ فارم پر یکجا ہوئے تھے۔







