عامر خان ایک مرتبہ پھر باکس آفس کے تاجدار

بالی وڈ کے اداکار عامر خان مسلسل دوسرے برس بھی بالی وڈ میں باکس آفس کے فاتح بن کر ابھرے ہیں۔
گزشتہ برس کی طرح اس سال بھی انہیں کی فلم نے سب سے زیادہ پیسہ کمانے کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔
فلمی کاروبار کے ماہرین کے مطابق حال ہی میں ریلیز ہونے والی ان کی فلم ’پی کے‘ 2014 میں سب سے زیادہ کمائی کرنےوالی ہندی فلم بن گئی ہے۔
فلم سے متعلق کاروبار کے ماہر ترون آدرش کے مطابق اس فلم نے ریلیز کے ابتدائی دس دن میں صرف بھارت میں دو ارب 36 کروڑ 58 لاکھ روپے کمائے۔
کاروبار کے لحاظ سے دیکھیں اور عامر خان کی اس فلم نے سلمان خان کی بلاک بسٹر فلم ’کک‘ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
اس برس سلمان خان کی اس فلم نے بھارت میں مجموعی طور دو ارب 31 کروڑ روپے کمائے تھے۔

رواں برس ’ہیپی نیو ایئر‘ کی شکل میں فلمی صنعت کو ایک بڑی ہٹ فلم دینے والے شاہ رخ خان کمائی کے اعتبار سے ان دونوں خانوں سے پیچھے رہے۔
ان کی اس فلم نے بھارت میں مجموعی طور پر دو ارب دو کروڑ روپے کا کاروبار کیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
خیال رہے کہ انڈین باکس آفس پر گزشتہ برس بھی عامر خان ہی نمبر ون تھے اور ان کی فلم ’دھوم 3‘نے بھارت میں دو ارب 84 کروڑ روپے کما کر نیا ریکارڈ قائم کیا تھا۔
فلمی کاروبار کے ماہرین کا کہنا ہے کہ عامر کی نئی فلم ’پی کے‘ پیسہ کمانے میں ’دھوم 3 ‘ کو بھی پیچھے چھوڑ سکتی ہے۔
یہ فلم ایک ایسے معاشرے میں جہاں لوگوں کے شعور پر مذہب بہت اندر تک رچا ہوا ہے توہم پرستی پر سوال اٹھاتی ہے۔
عامر خان نے اس فلم میں خلائی مخلوق کا کردار ادا کیا ہے جو زمین پر آ کر انسانوں کے لالچ کا شکار ہو جاتا ہے۔







