بالی وڈ راؤنڈ اپ
رنبیر کپور ’چوتھی پسند‘

معروف فلم ساز اور ہدایت کار انوراگ كشیپ کا کہنا ہے کہ انھوں نے اپنی فلم ’بامبے ویلویٹ‘ کے لیے پہلے عامر خان اور سیف علی خان سے رجوع کیا تھا۔
ان دونوں کے انکار کے بعد فلم کے لیے رنبیر کپور کو منتخب کیا گیا۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق انوراگ اس فلم کے لیے کسی بڑے سٹار کو لینا چاہتے تھے کیونکہ فلم کا بجٹ بہت زیادہ تھا۔
اخبار کے مطابق انوراگ نے پہلے تو عامر خان اور سیف سے بات کی لیکن دونوں کے انکار کے بعد وہ ریتک روشن کے پاس فلم کی تجویز لے کر گئے۔ رتیک سے بھی جب بات نہیں بن پائی تب جا کر فلم رنبیر کپور کے حصہ میں آئی۔ یعنی رنبیر چوتھی پسند ٹھہرے۔
مبینہ طور پر ’بامبے ویلویٹ‘ کا بجٹ 90 کروڑ روپے ہے، اور یہ فلم سنہ 2015 میں ریلیز ہوگی۔
گیان پرکاش کی کتاب پر مبنی یہ فلم ممبئی کے میٹروپولیٹن شہر بننے سے پہلے کی کہانی ہے۔
جیل سے ہی فلم کی تشہیر کی: سنجے دت

عامر خان نے سنجے دت کو کرسمس کے موقعے پر فلم ’پی کے‘ دکھائی۔
اس موقعے پر سنجے دت نے اپنی اہلیہ مانیتا اور اپنے جڑواں بچوں کے ساتھ فلم دیکھی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پی کے کی اس سپیشل سکریننگ پر فلم کے پروڈیوسر ودھوونود چوپڑا اور ڈائریکٹر راجکمار ہيراني بھی وہاں موجود تھے۔
سنجے دت 24 دسمبر کو پونے کی يروڈا جیل سے 14 دنوں کی چھٹی پر باہر آئے تھے۔
فلم دیکھنے کے بعد سنجے دت نے صحافیوں کو بتایا: ’مجھے فلم بہت پسند آئی۔ میرا کردار چھوٹا ہی سہی لیکن بڑا اہم ہے۔‘
سنجے دت نے یہ بھی کہا کہ انھوں نے جیل کے اندر رہ کر ہی ’پی کے‘ کا پرچار کیا۔
سنجے نے کہا: ’میں نے ساتھی قیدیوں سے کہا کہ وہ اپنے گھر والوں کو خط لکھیں اور ان سے پی کے دیکھنے کے لیے کہیں۔ تو بھیا، اپنے حصے کا پروموشن تو میں نے کر دیا۔‘
بگ باس میں سلمان کی جگہ کپل شرما

،تصویر کا ذریعہGetty
بالی وڈ کے اداکار سلمان خان اپنی سالگرہ بگ باس کے گھر کے بجائے اپنے اہل خانہ کے ساتھ گزاریں گے، اس لیے وہ اس دن ریئلٹی شو ’بگ باس‘ کی میزبانی کرتے نظر نہیں آئیں گے۔
27 دسمبر کو نشر ہونے والے اس سیزن کے شو میں ان کی جگہ کپل شرما میزبان ہوں گے۔
كلرز چینل کے ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ ’27 تاریخ کو سلمان خان کی سالگرہ ہے۔ وہ یہ دن اپنے خاندان والوں کے ساتھ گزارنا چاہتے ہیں۔ اس کی وجہ سے ہم نے اس دن کے لیے کپل شرما کو مدعو کیا ہے۔‘
سلمان پہلے ہی اعلان کر چکے ہیں کہ وہ دسمبر کے بعد سے ’بگ باس‘ سے الگ ہو رہے ہیں کیونکہ جنوری سے وہ کبیر خان کی فلم ’بجرنگي بھائی جان‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہو جائیں گے۔
اس فلم میں ان کے ساتھ کرینہ کپور خان اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ اس سے قبل دونوں کئی فلموں میں ایک ساتھ آ چکے ہیں جن میں ’باڈی گارڈ‘ بھی شامل ہے۔







