ہیپی نیو ایئر انتہائی بے تکی فلم ہے: جیا بچن

،تصویر کا ذریعہScreen
اپنے زمانے کی معروف اداکارہ جیا بھادری جو امیتابھ بچن سے شادی کے بعد جیا بچن ہو گئی ہیں، انھوں نے شاہ رخ خان اور ابھیشیک بچن کی حالیہ فلم کی سخت تنقید کی ہے۔
شاہ رخ خان، دیپکا پاڈوکون اور ابھیشیک بچن کی فلم ’ہیپی نیو ایئر‘ کی کامیابی پر جہاں امیتابھ بچن خوش ہیں اور اس کے بارے میں سوشل میڈیا بڑھ چڑھ کر باتیں کر رہے ہیں، ایسے میں ان کی اہلیہ کی جانب سے فلم کے بارے میں بیان چونکانے والا ہے۔
جنوبی ہند کے معروف اخبار ’دا دکن کرانکل‘ کے مطابق جیا بچن نے یہ باتیں حال ہی میں ممبئی میں ہونے والی ایک ادبی کانفرنس کے دوران کہیں۔
انھوں نے کہا: ’میں نے گذشتہ چند سالوں میں ہیپی نیو ایئر جیسی بے تکی فلم نہیں دیکھی۔ میں نے تو یہ بات فلم کے اہم اداکاروں کو بھی بتائی ہے۔‘
انھوں نے مزید کہا: ’میں نے یہ فلم اس لیے دیکھی کیونکہ ابھیشیک بھی اس میں تھے۔ میں نے اس سے کہا کہ تم سچ مچ عظیم فنکار ہو کیونکہ کیمرے کے سامنے اس قدر احمقانہ حرکتیں کرنا بھی ایک جرات کی بات ہے۔‘

،تصویر کا ذریعہRED CHILLIES
ادب اور سینیما کے تعلقات پر مبنی ایک بحث میں خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا: ’آج سنیما صرف کاروبار ہو کر رہ گیا ہے، آرٹ نہیں ہے۔ آج کی فلموں میں جو دکھایا جاتا ہے، میں ویسا کر ہی نہیں سکتی۔ اس لیے میں فلمیں نہیں کرتی۔‘
دوسری جانب امیتابھ بچن نے ٹوئٹر پر لکھا: ’واہ، ہیپی نیو ایئر نے دنیا بھر میں 300 کروڑ کی کمائی کر لی ہے۔ شاہ رخ اور فرح کو مبارکباد۔۔۔ تو فرح خان ہم ایک ساتھ کب کام کر رہے ہیں؟۔۔۔ہا ہا۔‘
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی جیا بچن نے اخباروں کو اس بات پر آڑے ہاتھوں لیا تھا کہ وہ ایشوریہ رائے کو ’ایش‘ کیوں لکھتے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انھوں نے کہا کہ ’آج اچھی فلموں کو آرٹ ہاؤس سینیما کہا جاتا ہے۔ اس کا کیا مطلب ہے؟‘
ان کے نزدیک تمام سینیما آرٹ ہے اور اس میں فن کا مظاہرہ ہوتا ہے پھر ایسی تخصیص کیوں؟







