آج بھی رقص کرنے سے گھبراتا ہوں: شاہ رخ خان

،تصویر کا ذریعہHoture
بالی وڈ کی معروف کوریوگرافر اور ہدایت کار فرح خان کا کہنا ہے کہ شاہ رخ نے فلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ میں مست ہو کر رقص کیا ہے تاہم شاہ رخ کا کہنا ہے کہ وہ آج بھی ڈانس کرنے سے گھبراتے ہیں۔
سال 1995 میں آنے والی فلم ’دل والے دلہنيا لے جائیں گے‘ نے شاہ رخ خان کے کریئر کو عروج حاصل ہوا اور یکایک بلندی پر پہنچا دیا۔
یش چوپڑہ بینر کے تحت اور آدتیہ چوپڑہ کی ہدایت میں بننے والی اس فلم کو ریلیز ہوئے 19 سال ہو چکے ہیں تاہم شاہ رخ خان اس کو یاد کر کے آج بھی جذباتی ہو جاتے ہیں۔
اپنی آئندہ ریلیز ہونے وای فلم ’ہیپی نیو ایئر‘ کے تشہری مہم کے دوران شاہ رخ خان نے اس فلم کو اپنی زندگی کی یادگار فلم قرار دیا۔
فلم میں اپنا پسندیدہ منظر بتاتے ہوئے شاہ رخ نے کہا: ’ایک سین میں جب امريش پوری کبوتروں کو دانا ڈال رہے ہیں تب میں بھی پہنچ جاتا ہوں اور کبوتروں کو دانا ڈالنے لگتا ہوں۔ وہ میرا پسندیدہ منظر ہے۔‘
واضح رہے کہ ’ہیپی نیو ایئر‘ کی ہدایتکار فرح خان، ’دل والے دلہنيا لے جائیں گے‘ کی كوريوگرافر تھیں۔

،تصویر کا ذریعہRed Chillies Entertainment
انھوں نے بتایا کہ اس فلم کے گانے ’رک جا او دل دیوانے‘ میں انھوں نے شاہ رخ کو بالکل ممبئی کے سٹائل میں مست ہو کر رقص کرنے کا کہا۔
فرح کہتی ہیں: ’انھوں نے یہ کام بخوبی ادا کیا۔ اس فلم میں شاہ رخ کی توانائی قابل دید تھی۔ وہ اچھلتے کودتے، گرتے پڑتے رہے۔ میرے خیال سے انھیں شوٹنگ کے دوران بہت چوٹ بھی لگی تھی۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
دوسری جانب شاہ رخ کا کہنا ہے کہ آج بھی وہ رقص کے نام سے گھبرا جاتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ رقص ان کے لیے بے چینی ختم کرنے کا نہیں بلکہ بے چینی پیداکرنےکا ذریعہ ہے۔
اپنی فلم ’ہیپی نیو ایئر‘ سے منسلک توقعات اور بالی وڈ میں 100 کروڑ کی دوڑ کے سوال پر شاہ رخ پریشان ہو گئے۔
وہ کہتے ہیں: ’اب تو ہمیں اپنی قائم کردہ حدود کا دائرہ بڑھانا ہوگا۔ ہمیں ہالی وڈ کی سپرہٹ فلم’اوتار‘ کے مجموعی کاروبار کے نصف تک تو کم از کم پہنچنا ہی چاہیے۔‘
فلم ’ہیپی نیو ایئر‘ اسی سال ہندوؤں کے اہم ترین تہواروں میں سے ایک دیوالی کے موقعے پر ریلیز ہو رہی ہے اس میں ان کے ساتھ دیپکا پاڈوکون اور ابھیشیک بچن ہیں۔







