شاہ رخ خان کے لیے فرانس کا اعلیٰ ترین اعزاز

بھارت کے دورے پر آنے والے فرانس کے وزیر خارجہ لوراں فبیوس نے شاہ رخ خان کو اس اعزاز سے نوازا

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنبھارت کے دورے پر آنے والے فرانس کے وزیر خارجہ لوراں فبیوس نے شاہ رخ خان کو اس اعزاز سے نوازا

بالی وڈ کے معروف اداکار شاہ رخ خان کو فرانس کے اعلیٰ ترین اعزاز ’نائٹ آف دا لیجن آف آنر‘ سے نوازا گیا ہے۔

فرانس کے وزیرِ خارجہ لوراں فبیوس نے منگل کی شب ممبئی کے تاج محل پیلس ہوٹل میں منعقدہ ایک مخصوص تقریب میں شاہ رخ خان کو اس باوقار اعزاز سے نوازا۔

انھیں یہ ایوارڈ دنیا میں ثقافتی رنگا رنگی اور تنوع کے فروغ میں تعاون کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔

شاہ رخ خان نے تھیئٹر کے معروف ہدایتکار بیری جون سے بھی اداکاری کی تعلیم حاصل کی تھی۔ انھوں نے ٹیلی ویژن کے راستے بالی وڈ میں قدم رکھا اور دو دہائیوں سے زیادہ عرصے کے دوران کئی سپر ہٹ فلمیں دیں۔

فرانس کے سفارت خانے سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ شاہ رخ خان نے دنیا میں بھر میں لوگوں کا دل جیتا ہے اور فرانس کے لوگوں کو بھی اپنی فلموں کے ذریعے تفریح فراہم کی ہے۔

فرانس کے وزیر خارجہ لوراں فبیوس نے اعزاز دیتے ہوئے کہا کہ ’فرانس کے عوام شاہ رخ خان کی صلاحیتوں اور فراخ دلی کی قدر کرتے ہیں اور شاہ رخ خان کی یہ خوبیاں عالمی سطح پر ناظرین میں جوش پیدا کرتی ہیں اور یہ ثقافتی اور تاریخی اختلافات کو بھلا کر تمام شعبہ ہائے زندگی سے لوگوں کو ان کی فلموں کی جانب لاتے ہیں۔‘

شاہ رخ خان نے اعزاز کے بعد سر جھکا کر شکریہ ادا کیا اور داد تحسین حاصل کیا

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنشاہ رخ خان نے اعزاز کے بعد سر جھکا کر شکریہ ادا کیا اور داد تحسین حاصل کیا

اس موقعے پر شاہ رخ خان نے کہا: ’زندگی میں بہت سے ایسے مقام آتے ہیں جو یہ بتاتے ہیں کہ آپ صحیح راستے پر ہیں۔ اور یہ ان میں سے ایک ہے۔

’میں اس اعزاز کو قبول کرتے ہوئے شکرگزار ہوں۔ میں فرانس کے صدر فرانسوا اولاند اور وزیر خارجہ لوراں فبیوس کا احسان مند ہوں کہ انھوں نے مجھے اس لائق سمجھا۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ ’میں ہندوستانی فلمی برادری کا حصہ ہوں اور مجھے اس بات پر فخر ہوتا ہے کہ یہ ہماری برادری کے اعتراف میں ہے۔‘

واضح رہے کہ اس ایوارڈ کو سنہ 1802 میں فرانس کی معرف ترین تاریخی شخصیت نپولین بوناپارٹ نے شروع کیا تھا اور یہ کسی بھی ملک کے شخص کو دیا جاتا ہے جس نے فرانس کے لیے گراں قدر خدمات فراہم کی ہوں۔

انھوں نے اس اعزاز کو ہندوستانی فلمی برادری کی محنت کے اعتراف سے تعبیر کیا

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنانھوں نے اس اعزاز کو ہندوستانی فلمی برادری کی محنت کے اعتراف سے تعبیر کیا

شاہ رخ خان سے قبل یہ اعزاز بھارت کے سپرسٹار اور ’اینگری ینگ مین‘ امیتابھ بچن کے علاوہ معروف فلم ہدایتکار ستیہ جیت رے اور معروف ستار نواز پنڈت روی شنکر کو دیا جا چکا ہے۔

شاہ رخ خان کی معروف فلموں میں ’دیوانہ،‘ ’ڈر،‘ ’بازی گر،‘ ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے،‘ ’دل تو پاگل ہے،‘ ’کچھ کچھ ہوتا ہے،‘ ’کبھی خوشی کبھی غم،‘ ’سودیش،‘ ’چک دے انڈیا،‘ ’دیوداس،‘ ’مائی نیم از خان‘ اور ’چینّئی ایکسپریس‘ شامل ہیں۔