شاہ رخ کی خواہش: بیٹی بنے اداکارہ، بیٹا فٹبالر

بالی وڈ کے سپر سٹار شاہ رخ خان اپنی بیٹی سہانا کو فلم اداکارہ اور بیٹے آرین کو فٹبالر بنانا چاہتے ہیں۔
شاہ رخ خان نے یہ باتیں ممبئی میں ایک نجی کمپنی کے پروگرام میں کہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کی بیٹی بہترین رقص بھی کر لیتی ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ مستقبل میں وہ اداکارہ یا ڈانسر بنے۔
اس سے قبل بھی رواں سال کے شروع میں ایک تقریب کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہ رخ نے کہا تھا ’میری خواہش ہے کہ سہانا اداکارہ بنے۔ وہ بالی وڈ کا حصہ بنتی ہے تو مجھے اس پر فخر ہوگا۔‘
شاہ رخ خان نے یہ بھی بتایا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ان کا بیٹا آرين کھلاڑی بنے۔ ان کی تمنا ہے کہ وہ فٹبالر بن کر انگلش پریمیئر لیگ کھیلے۔
تاہم شاہ رخ نے یہ بھی کہا کہ اپنی اس خواہش کے بارے میں انھوں نے کبھی اپنے بیٹے یا بیٹی سے بات نہیں کی۔ انھوں نے کہا کہ یہ ان کی ذاتی خواہش اور تمنا ہے لیکن وہ اپنے بچوں پر اسے زبردستی ڈالنا نہیں چاہیں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کا بیٹا آرين انھی کی طرح غیر منظم ہے ، لیکن بیٹی سہانا بے حد سنجیدہ اور سلجھی ہوئی بچی ہے۔
کرینہ نے ٹھکرائی فلم

دیا مرزا کی فلم ’بوبی جاسوس‘ کے لیے پہلی پسند کرینہ کپور تھیں لیکن جب دیا مرزا نے کرینہ کپور کو اس میں اداکاری کی آفر دی تو انھوں نے اس میں کام کرنے سے انکار کر دیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اطلاعات کے مطابق شادی کے بعد وہ مبینہ طور پر بہت کم اور منتخب فلمیں ہی کرنا چاہتی ہیں۔
کرینہ کے انکار کے بعد انھوں نے ودیا بالن کو سکرپٹ سنایا اور انھوں نے جھٹ سے اس کے لیے ہاں کر دی۔
حال ہی میں ودیا بالن کا اس فلم میں بھکاری والا فقیرانہ انداز اور حلیہ انٹر نیٹ پر جاری کیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق اس پر کافی گرما گرم بحث ہوتی رہی۔
شاہد کپور بالی وڈ کی روش پر ناراض

شاہد کپور اس بات سے ناراض ہیں کہ بالی وڈ میں صرف فلم کی کامیابی ہی کسی اداکار کی صلاحیت کا پیمانہ مانی جاتی ہے۔
انہوں نے اپنی آنے والی فلم ’آر راجکمار‘ کے بارے میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا: ’لوگ مجھے انڈر ریٹڈ اداکار کہتے ہیں اور میں ان کی بات سے متفق بھی ہوں۔ یہاں تو جب آپ کی فلم چلے گی تبھی آپ کو اچھا فنکار مانا جائے گا ورنہ نہیں۔‘
شاہد نے اپنے دس سالہ فلمی کریئر میں کل تین ہی ہٹ فلمیں دی ہیں۔ ان کی پہلی فلم ’عشق وشك‘ ( 2003 ) ، ’شادی‘ ( 2006 ) اور ’جب وی میٹ‘ ( 2007 ) ہی چل پائیں۔
اس سال ریلیز ہونے والی ان کی فلم ’پھٹا پوسٹر نکلا ہیرو‘ بھی فلاپ ہو گئی۔
اب ان کی تمام امیدیں چھ دسمبر کو ریلیز ہونے والی فلم ’آر راجکمار‘ پر پر ٹکی ہوئی ہیں۔
اس فلم میں ان کے ساتھ سوناکشی سنہا لیڈ رول میں ہیں اور اس کی ہدایت کاری پربھو دیوا نے کی ہے جو بذات خود ایک معروف اداکار ہیں۔







