شاہ رخ خان دنیا کے دوسرے امیر ترین اداکار

،تصویر کا ذریعہAFP
بالی وڈ سپر سٹار شاہ رخ خان پوری دنیا کے دوسرے امیرترین اداکار بن گئے ہیں اور انھوں نے ہالی وڈ کے بڑے بڑے فنکاروں جیسے ٹام کروز اور جانی ڈیپ تک کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
معروف ویب سائٹ ’ویلتھ ایکس‘ کی طرف سے ہالی وڈ اور بالی وڈ کے دس امیر ترین فنکاروں کی جاری کردہ تازہ فہرست میں شاہ رخ خان کی دولت کا تخمینہ 60 کروڑ ڈالر یعنی تقریباً ساڑھے تین کھرب ہندوستانی روپے لگایا گیا ہے۔
شاہ رخ خان سے پہلے اور امیر ترین اداکار ہالی وڈ کے معروف کامیڈین 60 سالہ جیری سائن فیلڈ ہیں۔ ویب سائٹ پر ان کی کل دولت 82 کروڑ ڈالر بتائی گئی ہے۔
دنیا کے امیر ترین دس فنکاروں کی فہرست میں بالی وڈ سے صرف شاہ رخ خان کا ہی نام ہے۔
شاہ رخ کے بعد اس فہرست میں ٹام کروز کا نام ہے، ان کی دولت کا تخمینہ 48 کروڑ ڈالر لگایا گیا ہے۔
جانی ڈیپ کی جائیداد کا تخمینہ 45 کروڑ ڈالر ہے جبکہ امریکی اداکار ٹائلر پیری کی بھی دولت کا تخمینہ 45 کروڑ ڈالر لگایا گیا ہے اور دونوں مشترکہ طور پر چوتھے اور پانچویں نمبر پر ہیں۔
ویلتھ ایکس کے مطابق فہرست میں شامل تمام اداکاروں کی مجموعی دولت چار ارب 68 کروڑ ڈالر ہے۔
بھارتی اخبار دا ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ویلتھ ایکس نے کہا ہے کہ ’شاہ رخ خان کی دولت کا تخمینہ 60 کروڑ ڈالر لگایا گیا ہے۔ وہ اپنے ملک ہندوستان کے علاوہ ساری دنیا میں بھی بہت مقبول ہیں۔ وہ فلم ساز بھی ہیں، ٹی وی کے میزبان بھی ہیں اور بھارتی کرکٹ کلب کی ایک ٹیم کے مشترکہ مالک بھی ہیں اور فلاحی کاموں میں حصہ لیتے ہیں۔ انھوں نے 50 سے زیادہ بالی وڈ فلموں میں اداکاری کی ہے اور وہ کانز فلم فیسٹیول میں مسلسل شریک ہوتے رہے ہیں۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس فہرست میں کئی اکیڈمی ایوارڈز سے سرفراز اداکار بھی شامل ہیں جن میں جیک نکلسن کی دولت کا تخمینہ 40 کروڑ ڈالر لگایا گیا ہے جبکہ ٹام ہینکس کی دولت کا تخمینہ 39 کروڑ ڈالر لگایا گیا ہے۔

معروف اداکار اور ہدایت کار 84 سالہ کلنٹ ایسٹ وڈ بھی ان چیدہ امیر ترین افراد میں شامل ہیں۔ ان کی دولت کا تخمینہ 37 کروڑ ڈالر لگایا گیا ہے اور وہ فہرست میں شامل تمام اداکاروں میں سب سے معمر ہیں۔
فہرست میں نکلسن چھٹے نمبر پر ہیں جبکہ ان کے بعد ٹام ہینکس، بل کوسبی، کلنٹ ایسٹ وڈ اور ایڈم سینڈلر ہیں۔
ایڈم سینڈلر دسویں نمبر پر ہیں اور ان کی دولت کا تخمینہ 34 کروڑ ڈالر ہے۔







