فلم بین بہت ذہین ہیں: ٹام ہینکس

ہالی وڈ کے معروف اداکار ٹام ہینکس نے صومالیہ کے بحری قزاقوں کے ہاتھوں سنہ 2009 میں امریکہ کے ایک جہاز پر قبضہ کیے جانے کے حقیقی واقعے پر مبنی فلم ’کیپٹن فلپس‘ میں کیپٹن رچرڈ کا کردار ادا کیا ہے۔
ٹام ہینکس نے لندن میں اس فلم کے پروموشن کے دوران فلم کے بارے میں بی بی سی کے پروگرام آؤٹ لک سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس فلم سے انہیں بہت کچھ سیکھنے میں مدد ملی ہے۔
یہ فلم اغوا شدہ جہاز کے کیپٹن رچرڈ فلپس کے تجربات پر لکھی گئی کتاب ’اے كپٹینز ڈیوٹی‘ پر مبنی ہے۔ اس کی ہدایت ہالی وڈ کے ہدایت کار پال گرين گراس نے کی ہے۔
واضح رہے کہ سنہ 2009 میں رونما ہونے والے اس واقعے میں صومالی قزاقوں نے کارگو جہاز ایم وی میئرسك ایلاباما کو جہاز کے عملے سمیت اغوا کر لیا تھا۔
اصل زندگی کے کردار کو ادا کرتے وقت اپنی ذمہ داری کے بارے میں ٹام ہینکس نے کہا: ’اس فلم میں اداکاری کرتے ہوئے مجھ پر بڑی ذمہ داری تھی اور فلم کے دوران میں اور ڈائریکٹر پال گرين گراس اکثر کردار کے بارے میں بات کیا کرتے تھے۔
’ہم ایک قابل اعتماد اور سچا کردار لوگوں کے سامنے پیش کرنا چاہتے تھے۔ میں چاہتا تھا کہ ناظرین مجھے کیپٹن رچرڈ کے طور پر ہی دیکھیں نہ کہ ٹام ہینکس کے طور پر۔‘

اس کردار کو نبھاتے ہوئے اپنے تجربات کے بارے میں انھوں نے کہا: ’اس کردار کو زندہ اور فعال بنانے کے لیے بہت محنت کی گئی۔ لیکن جب ہم اس طرح کا کردار ادا کر رہے ہوتے ہیں تو یہ صرف ایک شخص کی کوشش نہیں رہتی بلکہ اجتماعی کوشش ہو جاتی ہے۔ ساتھی اداکار، فلم کا عملہ، سب کی اس میں پوری محنت رہی۔‘
انھوں نے کہا کہ فلم سازی کے دوران زبردست دباؤ تو تھا لیکن تمام لوگوں کے تعاون سے یہ فلم شاندار بنی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
صومالیہ کے قزاقوں کے بارے میں ان کا کہنا تھا: ’عیش و آرام کی تمام سہولتوں سے لیس ایک شاندار اور پرشکوہ جہاز جب بحیرۂ عرب میں صومالیہ کے ساحل پر پہنچتا ہے تو اسے لوٹ لیا جاتا ہے۔ صومالیہ ایک ایسا ملک ہے جو پوری طرح سے نظرانداز ہے اور وہاں کے لوگ مایوسی کا شکار ہیں۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ ’صومالیہ میں لوگ بھوکے مر رہے ہیں۔ ہم نے اس فلم کی تیاری کے زمانے میں نے اس کی سنگینی کو محسوس کیا۔ ان سب چیزوں نے مجھے فلم میں اداکاری کی تحریک دی اور تمام چیزوں کو جاننے میں بہت مدد کی۔‘
57 سال کی عمر میں اس کردار کو نبھانے کے متعلق ٹام ہینکس نے کہا کہ ان پر عمر کے لحاظ سےکوئی دباؤ نہیں تھا۔ ’میں 57 کی عمر میں بھی یہ کردار ادا کر سکتا ہوں۔ جہاں تک ناظرین کی بات ہے تو وہ بہت ذہین ہیں، وہ مجھے گذشتہ 20 برسوں سے بھی زیادہ عرصے سے اداکار کے طور پر دیکھتے آ رہے ہیں۔‘







