ہالی وڈ: گرمیوں کا ’کھڑکی توڑ‘ سیزن

سائنس فکشن فلم ’ایلائی ژیئم‘ کی کہانی سال 2154 میں وقوع پذیر ہوتی ہے
،تصویر کا کیپشنسائنس فکشن فلم ’ایلائی ژیئم‘ کی کہانی سال 2154 میں وقوع پذیر ہوتی ہے

بعض بڑے بجٹ کی فلموں کے فلاپ ہونے کے باوجود توقع ہے کہ رواں موسمِ گرما ہالی وڈ کی تاریخ کا سب سے منافع بخش سیزن بن جائے گا۔

امریکی مارکیٹ میں بڑے بجٹ کی جو فلمیں فلاپ ہوئیں ان میں ’دا لون رینجر،‘ ول سمتھ کی ’آفٹر ارتھ‘ اور اینیمیشن فلم ’ٹربو‘ شامل ہیں۔

تاہم مجموعی طور پر ہالی وڈ کی فلمیں اس سیزن میں اب تک چار ارب دس کروڑ ڈالر کما چکی ہیں، جب کہ گذشتہ ریکارڈ ساز سال 2011 میں یہ بزنس چار ارب 40 کروڑ ڈالر تھا۔

’ڈسٹرکٹ 9‘ کے ہدایت کار نیل بلوکیمپ کی سائنس فکشن فلم ’ایلائی ژیئم‘ اپنے پہلے اختتامِ ہفتہ میں ساڑھے تین کروڑ ڈالر کما کر اس ہفتے کے چارٹ پر سرِفہرست آ گئی ہے۔

اس فلم کے مرکزی کردار میٹ ڈیمن اور جنوبی افریقی اداکار شارلٹو کوپلی ہیں۔ اس فلم پر ساڑھے گیارہ کروڑ ڈالر لاگت آئی تھی۔

اگرچہ ایلائی ژیئم نے سٹوڈیو کی توقعات کے مطابق بزنس کیا ہے لیکن اس کی آمدنی پھر بھی 2009 میں کم بجٹ والی ’بلوم کیمپ‘ کی حیرت انگیز طور پر ہٹ ہونے والی فلم ڈسٹرکٹ 9 سے کم ہے، جس نے پہلے تین دنوں میں تین کروڑ 73 لاکھ ڈالر کمائے تھے۔

سونی کے شعبۂ تقسیم کے سربراہ روری بروئر نے توقع ظاہر کی ہے کہ ایلائی ژیئم ’بہت زیادہ منافع بخش‘ ثابت ہو گی اور یہ کہ یہ فلم ’بین الاقوامی طور ہمارے لیے بہت بڑی کامیابی حاصل کرے گی۔‘

جینیفر انیسٹن کی فلم ’وی آر دا ملرز‘ نے توقعات سے بڑھ کر بزنس کیا ہے
،تصویر کا کیپشنجینیفر انیسٹن کی فلم ’وی آر دا ملرز‘ نے توقعات سے بڑھ کر بزنس کیا ہے

اسی ہفتے جینیفر انیسٹن کی مزاحیہ فلم ’وی آر دا ملرز‘ دو کروڑ 66 لاکھ ڈالر کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی، جب کہ ڈزنی کی اینی میٹڈ فلم ’پلینز‘ نے سوا دو کروڑ ڈالر کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔

سائنس فکشن فلم ’پیسیفک رِم‘ اور جیف بریجز کی ایکشن کامیڈی ’آر آئی پی ڈی‘ نے بھی رواں موسمِ گرما میں باکس آفس پر مایوس کیا ہے۔

فاکس کے شعبۂ تقسیم کے سربراہ کرس آرنسن یہ تسلیم کرتے ہیں کہ 2013 میں بعض بڑی فلمیں باکس آفس پر ناکام رہی ہیں، لیکن وہ کہتے ہیں، ’میڈیا کی طرف سے مایوس کن خبروں کے باوجود یہ موسمِ گرما زبردست رہا ہے۔‘

رواں موسمِ گرما میں بعض فلمیں غیر متوقع طور پر اس قدر کامیاب ہوئی ہیں کہ ان کی وجہ سے ناکام فلموں کی کمی بھی پوری ہو گئی ہے۔ ان میں ’ورلڈ وار زی‘ شامل ہے، جو کئی مسائل کے باوجود عالمی سطح پر 50 کروڑ ڈالر بٹورنے میں کامیاب رہی۔ اس کے علاوہ کامیڈی فلم ’دِس از دی اینڈ‘ نے نو کروڑ 60 لاکھ ڈالر کمائے جو اس کے کل بجٹ سے تین گنا زیادہ ہے۔

اینی میٹڈ فلموں ’ڈسپکابل می 2‘ (74 کروڑ 60 لاکھ لاکھ ڈالر) اور ’مانسٹرز یونیورسٹی‘ (63 کروڑ 70 لاکھ ڈالر) نے بھی دنیا بھر کی مارکیٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔