گلے شکوے بھلا کر بغل گیر ہوئے شاہ رخ اور اجے دیوگن

ویسے تو بالی وڈ کے دو معروف ترین اداکار اجے دیوگن اور شاہ رخ خان کے درمیان تعلقات کبھی خوشگوار نہیں تھے لیکن دو سال قبل ان دونوں کے درمیان جھگڑا تک ہو گیا تھا۔
یہ بات اس وقت کی ہے جب شاہ رخ کی فلم ’جب تک ہے جاں‘ اور اجے دیوگن کی فلم ’سن آف سردار‘ ایک ہی دن ریلیز ہوئی تھی۔
اس موقعے پر اجے دیوگن نے الزام لگایا تھا کہ شاہ رخ خان اور ’جب تک ہے جاں‘ کے پروڈیوسر یش راج بینر نے اپنا اثرو رسوخ استعمال کر کے زیادہ سے زیادہ سینیما گھروں پر قبضہ کر لیا ہے۔
تاہم حال ہی میں ان دونوں ستاروں نے بڑی گرمجوشی سے ایک دوسرے سے ملاقات کی۔
اجے کے ان الزامات پر شاہ رخ خان نے کھل کر جوابی حملہ کیا تھا اور کہا تھا: ’یش راج بینر نے کسی کے ساتھ کوئی زیادتی نہیں کی۔ یہ کھلا بازار ہے، کسی کو کیا خریدنا ہے یہ تو اس خریدار پر منحصر ہے۔ فلم چاہے بڑے فنکار کی ہو یا پھر کسی چھوٹے اداکار کی، بازار میں اس کا حشر خریدار یعنی تقسیم کار کی مرضی پر منحصر ہے۔‘
اطلاعات کے مطابق احوال واقعی یہ ہے کہ اجے دیوگن روہت شیٹّی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’سنگھم 2‘ کی شوٹنگ کر رہے تھے کہ شاہ رخ خان وہاں پہنچ گئے۔
سیٹ پر شاہ رخ خان کے دوست روہت شیٹّی اور کرینہ کپور بھی موجود تھے لیکن شاہ رخ نے سب سے پہلے اجے دیوگن کو گلے لگا لیا اور پھر بڑے سلیقے اور شائستہ انداز میں ان سے باتیں کیں۔
اس موقعے پر روہت شیٹّی سب سے زیادہ خوش نظر آئے۔ شاید وہ اس بات پر مطمئن تھے کہ آخر کار ان کے دو چہیتے فنکاروں کے درمیان دوستی ہو ہی گئی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اجے دیوگن کی اہلیہ اور معروف اداکارہ کاجول نے شاہ رخ خان کے ساتھ کئی یادگار فلمیں دی ہیں۔
سلمان کا تحفہ

،تصویر کا ذریعہstarplus
شاہ رخ اور سلمان خان کی ملاقات بھی لوگوں کو یاد ہی ہوگی۔ بہر حال یہاں بات سلمان خان کی سخاوت کی ہے۔
یہ اب عام معلومات میں شامل ہے کہ اداکار سلمان خان کو تحفے دینے کا بڑا شوق ہے اور ان کے بارے میں اکثر یہ خبریں آتی رہتی ہیں کہ انھوں نے فلاں کو یہ تحفہ دیا اور فلاں کو وہ۔
اپنی آنے والی فلم ’کک‘ کے سکرپٹ رائٹر رجت اڑورا سے وہ اتنے خوش ہوئے کہ انھیں بلا کر اپنی ایک قیمتی گھڑی تحفے میں دے دی۔
اطلاعات کے مطابق سلمان خان رجت کے لکھے مکالموں سے بے حد خوش ہوئے اور انھوں نے کئی فلم سازوں سے ان کی سفارش تک کر ڈالی۔







