عامر سرکٹ کا کردار نہیں نبھا سکتے: ارشد وارثی

عامر خان نے ہیرانی کے ساتھ ایک پروگرام میں کہا تھا کہ وہ سرکٹ کا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں

،تصویر کا ذریعہspice

،تصویر کا کیپشنعامر خان نے ہیرانی کے ساتھ ایک پروگرام میں کہا تھا کہ وہ سرکٹ کا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں

بالی وڈ میں ’مسٹر پرفکشنسٹ‘ کے نام سے معرف عامر خان نے اپنی ایک خواہش کا اظہار کیا تھا کہ وہ سنجے دت کی سپر ہٹ فلم منا بھائی سیریز میں ’سرکٹ‘ کا کردار نبھانا چاہتے ہیں۔

تاہم منا بھائی فلم کی سیریز میں ’سرکٹ‘ کا رول ادا کرنے والے ارشد وارثی کا خیال ہے کہ عامر یہ کردار نہیں کر پائیں گے۔

بالی وڈ ہنگامہ سے بات کرتے ہوئے ارشد وارثی نے اپنے مخصوص انداز میں کہا: ’مجھے لگتا ہے کہ عامر نے ضرور مذاق کیا ہو گا۔ سرکٹ کا کردار ادا کرنے کے لیے وہ بہت بڑے سٹار ہیں۔ عامر جیسے سپر سٹار کے لیے وہ رول ہے ہی نہیں۔‘

ودھو ونود چوپڑا نے منا بھائی سیریز کی تیسری فلم کی ہدایت کے لیے ارشد وارثی کی فلم ’جولی ایل ایل بی‘ کے ہدایت کار سبھاش کپور کو لینے کا اعلان کیا تھا۔

لیکن سنجے دت کے جیل میں ہونے جانے کی وجہ سے فی الحال فلم رکی ہوئی ہے۔

ارشد وارثی کے سرکٹ کے رول کو بےانتہا مقبولیت ملی اس کے بعد انھوں نے عشقیہ اور ڈیڑھ عشقیہ میں بھی اسی طرح کا کردار نبھایا

،تصویر کا ذریعہfilm pr

،تصویر کا کیپشنارشد وارثی کے سرکٹ کے رول کو بےانتہا مقبولیت ملی اس کے بعد انھوں نے عشقیہ اور ڈیڑھ عشقیہ میں بھی اسی طرح کا کردار نبھایا

ارشد وارثی نے بتایا کہ سنجے دت کے جیل سے باہر آنے کے بعد فلم پر از سر نو کام شروع کیا جائے گا۔

سنہ 2003 میں ریلیز ہونے والی ’منا بھائی ایم بی بی ایس‘ اور 2006 میں آنے والی ’لگے رہو منا بھائی‘ میں ارشد وارثی نے سرکٹ کا رول نبھایا تھا جو بے حد مقبول ہوا اور اس کی وجہ سے ان کی خاص شناخت بھی بنی۔

دونوں فلموں کی ہدایت راجکمار ہرانی نے دی تھیں۔