بالی وڈ راؤنڈ اپ

سلمان اور شاہ رخ کا آمنا سامنا نہیں ہوگا

سلمان خان اور شاہ رخ خان جب بھی ملتے ہیں خبروں کی شہ سرخیاں تیار ہوتی ہیں

،تصویر کا ذریعہHoture

،تصویر کا کیپشنسلمان خان اور شاہ رخ خان جب بھی ملتے ہیں خبروں کی شہ سرخیاں تیار ہوتی ہیں

یہ طے ہو گیا ہے کہ شاہ رخ خان اور سلمان خان کو ایک دوسرے کا آمنا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

شاہ رخ خان نے اپنی فلم ’ہیپی نیو ایئر‘ کے پرموشن کے لیے ریئلیٹی شو ’بگ باس‘ میں نہ جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

سلمان خان کئی برسو‎ں سے اس شو کے میزبان ہیں اور مبصرین کے مطابق وہ اس شو کی جان بھی ہیں۔

اس سے قبل شاہ رخ اپنی فلم کی تشہیر کے لیے ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ اور ’کامیڈی نائٹس ود کپل‘ جیسے شوز میں جا چکے ہیں۔

’ہیپی نیو ایئر‘ کی سیلز ٹیم کے مطابق انتہائی مصروف ہونے کی وجہ سے وہ ’بگ باس‘ نہیں جا پائیں گے۔

اس سے پہلے شاہ رخ خان نے ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا: ’مجھے اپنی فلم کے پرموشن کے لیے ’بگ باس‘ کے پروگرام میں جانے میں کوئی تردد نہیں ہے۔‘

اس کے بعد سے بالی وڈ میں دونوں سٹارز کے ایک بار پھر آمنے سامنے ہونے کے متعلق قیاس آرائیاں شروع ہو گئی تھیں۔

پیرس ہلٹن نے رتیک روشن کو ’ہاٹ‘ کہا

ہلٹن کئی امریکی ریئلیٹی شوز کا حصہ رہ چکی ہیں اور کچھ ہالی وڈ فلموں میں بھی کام کر چکی ہیں

،تصویر کا ذریعہBBC AFP

،تصویر کا کیپشنہلٹن کئی امریکی ریئلیٹی شوز کا حصہ رہ چکی ہیں اور کچھ ہالی وڈ فلموں میں بھی کام کر چکی ہیں

امریکی اداکارہ پیرس ہلٹن بالی وڈ اداکار رتیک روشن کے ساتھ کام کرنے کے لیے بے تاب نظر آ رہی ہیں۔

دبئی میں ایک ریزورٹ کے افتتاح کے موقعے پر پیرس ہلٹن کی بالی وڈ اداکار رتیک روشن سے ملاقات ہوئی تھی۔

اس کے بعد ’ہالی وڈ ڈاٹ ٹی وی‘ نام کے آن لائن پورٹل نے رتیک روشن کے ساتھ پیرس ہلٹن کی ایک تصویر ٹویٹ کرتے ہوئے ہلٹن سے دریافت کیا: ’کیا آپ کسی بالی وڈ فلم میں رتیک روشن کے ساتھ کام کرنا چاہیں گی؟‘

جس کے جواب میں ہلٹن نے ٹویٹ کیا: ’ہاں کیوں نہیں۔ ریتک بہت ہاٹ (پرکشش) ہیں۔‘

ہلٹن کئی امریکی ریئلیٹی شوز کا حصہ رہ چکی ہیں اور کچھ ہالی وڈ فلموں میں بھی کام کر چکی ہیں۔

رتیک روشن کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’بینگ بینگ‘ نے اچھا بزنس کیا ہے اور باکس آفس ماہرین کے مطابق صرف بھارت میں اس فلم نے 150 کروڑ روپے سے زیادہ کی کمائی کر لی ہے۔

سنجے دت کا کردار کون نبھائے گا؟

رنبیر کپور کو نئے اداکاروں میں بہت اہمیت حاصل ہے

،تصویر کا ذریعہBBC AFP

،تصویر کا کیپشنرنبیر کپور کو نئے اداکاروں میں بہت اہمیت حاصل ہے

بالی وڈ کے معروف ہدایتکار راجکمار ہیرانی ادارکار سنجے دت کی حقیقی زندگی کے نشیب و فراز سے اتنے متاثر ہوئے ہیں کہ انھوں نے سنجے دپ پر فلم بنانے کا فیصلہ کر ڈالا۔

بھارت کے ایک معروف اخبار ’ممبئی مرر‘ کے مطابق راجکمار ہیراني نے اس میں سنجے دت کا مرکزی کردار ادا کرنے کے لیے رنبیر کپور کو منتخب کیا ہے۔

اخبار سے بات چیت میں رنبیر نے کہا: ’میرے لیے یہ بہت بڑا چیلنج ہے اور میں امید کرتا ہوں کہ سنجے سر کے کردار کو ان کے شایان شان ادا کر سکوں۔‘

سنجے دت اور راجکمار ہیراني دوست ہیں اور ہیرانی کی ہی فلم ’منا بھائی ایم بی بی ایس‘ نے سنجے دت کے ڈوبتے کریئر کو حیات نو بخشی تھی۔

ہیرانی سنجے کے ساتھ منا بھائی سیریز کی تیسری فلم ’منا بھائی چلے امریکہ‘ بھی بنانا چاہتے تھے لیکن سنجے دت کے جیل جانے کی وجہ سے ابھی تک ایسا ممکن نہیں ہو پایا ہے۔