بالی وڈ راؤنڈ اپ

،تصویر کا ذریعہAFP
پھر روئے عامر خان
یہ ایک ایسی پریس کانفرنس تھی کہ جس میں ہنسی مذاق بھی تھا، جذبات کا غبار تھا اور آنسو بھی تھے۔ یہ سب ہوا جب عامر خان اپنے ٹی وی شو ’ستیہ میوجیتے‘ کے تیسرے ایڈیشن سے متعلق معلومات فراہم کرنے کے مقصد سے میڈیا سے مخاطب ہوئے۔ ’ستیہ میو جیتے‘ کا یہ نیا ایڈیشن 21 ستمبر سے شروع ہوگا۔
اس دوران اس شو کے موضوعات کی تفصیلات بتاتے ہوئے عامر خان کی آنکھوں میں آنسوں آ گئے۔ انھوں نے کہا ’شو کی ریسرچ کے دوران مجھے کئی ایسے واقعات سے روبرو ہونا پڑتا ہے جو ہلا دینے والے ہوتے ہیں۔ وہ غم کو نہیں دکھا سکتے لیکن میرے لیے وہ بڑے جذباتی ہوتے ہیں۔‘
ایسے ہی ایک تجربے کو انھوں نے شیئر کیا۔ ’گزشتہ سیزن میں عصمت دری کے متاثرین پر ریسرچ کے دوران ایک لڑکی کا کیس سامنے آیا۔ عصمت دری کے بعد اسے جلا دیا گیا۔ ہسپتال میں مرتے وقت اس نے اپنا بیان دیا۔ وہ میں نے دیکھا ہے۔ لیکن اسے ہم نہیں دکھا سکتے۔ میرے لیے وہ بہت دردناک تجربہ تھا۔‘
عامر نے یہ بھی کہا کہ اب لوگ انہیں اداکار نہیں بلکہ اس شو کی وجہ سے زیادہ جانتے ہیں۔
کس کے ساتھ بنے گی ایشوریا کی جوڑی

،تصویر کا ذریعہGetty
ایک طویل وقفے کے بعد پردے پر واپسی کرنے والی اداکارہ ایشوریا رائے بچن کو ایک انوکھا ساتھی ملا ہے۔ سنجے گپتا کی فلم ’جذبہ‘ سے واپسی کرنے والی ایشوریا کے ساتھ اس فلم میں اداکار عرفان ہوں گے۔
فلم میں ایشوریا ایک وکیل کا کردار ادا کریں گیں جبکہ عرفان ایک ایسے برخواست پولیس افسر کے کردار میں ہیں جس کی لڑائی نظام کے خلاف ہے۔ اس کی شوٹنگ جلد ہی شروع ہوگی اور ایشوریا رائے نے اپنے رول کے لیے اپنا وزن کافی کم کیا ہے۔
جگجیت سنگھ کے لیے بھارت رتن کا مطالبہ

گلوکار جگجیت سنگھ کی بیوی چترا سنگھ نے ان کے لیے ’بھارت رتن‘ جیسے اعزاز کا مطالبہ کیا ہے۔ مرحوم غزل گلوکار جگجیت سنگھ کی بیوی چترا سنگھ نے ان کے لیے بھارت رتن کا مطالبہ کیا ہے۔
سنہ 2003 میں جگجیت سنگھ کو پدم بھوشن کے اعزاز سے نوازا گیا تھا اور ان کے نام پر ایک ڈاک ٹکٹ بھی جاری کیا جا چکا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
لیکن چترا سنگھ کہتی ہیں ’جگجیت سنگھ، نریندر مودی سے مل چکے تھے اور دونوں کے درمیان اچھے تعلقات بھی تھے۔ مجھے امید ہیں کہ انہیں بھارت رتن سے نوازا جائے گا۔‘
’ڈوبتے‘ بابی کو ٹی وی کا سہارا

،تصویر کا ذریعہAFP
دھرمیندر کے چھوٹے صاحبزادے بابی دیول نے کئی بار اپنے کریئر کو سنوارنے کی کوشش کی لیکن بات بن نہیں پائی۔
اپنی پہلی فلم سے ہی اب تک بالی وڈ میں پیر جمانے کے لیے جدوجہد میں لگے بابی دیول نے اب تھک ہار کر ٹی وی کا رخ کیا ہے۔ وہ ایک جاسوسی سیریل میں اہم کردار ادا کریں گے۔
بابی کی آخری فلم سنہ 2013 میں ’یملا پگلا دیوانہ نمبر دو‘ آئی تھی۔ اس میں ان کے والد دھرمیندر اور بڑے بھائی سنی دیول بھی شامل تھے۔ لیکن فلم سپرفلاپ ثابت ہوئی۔
مرداني کے ولین پر فدا رانی

،تصویر کا ذریعہAFP
فلم مرداني میں بھلے ہی رانی مکھرجی ولین کا کردار کرنے والے طاہر راج بھسین پر لات گھونسے برساتی ہیں لیکن اسی ولین پر وہ فدا بھی ہیں۔
رانی کہتی ہیں ’مجھے اس بات کی بے حد خوشی ہے کہ انڈسٹری میں موجود لوگوں نے اداکار طاہر کے ٹیلینٹ کو پہچانا۔ فلم میں مجھے تو دیکھا ہی پر طاہر بھی لوگوں کی نظر میں آئے ہیں۔ یہ بہت خوشی کی بات ہے۔‘
خاص بات یہ ہے کہ طاہر کی یہ دوسری ہی فلم تھی اور ان کی تعریف عامر خان نے بھی ٹوئٹر پر کی ہے۔







