رنبیر توڑیں گے شاہ رخ کا ریکارڈ اور ایش کی واپسی

    • مصنف, دیپتی کارکی
    • عہدہ, بی بی سی، دہلی

رنبیر توڑیں گے شاہ رخ کا ریکارڈ

رنبیر کپور کی فلم بیشرم اگلے ماہ ریلیز ہو رہی ہے اس فلم میں رنبیر امیتابھ کے فین ہیں۔

،تصویر کا ذریعہReliance Entertainment

،تصویر کا کیپشنرنبیر کپور کی فلم بیشرم اگلے ماہ ریلیز ہو رہی ہے اس فلم میں رنبیر امیتابھ کے فین ہیں۔

کیا رنبیر کپور کی آنے والی فلم ’بے شرم،‘ شاہ رخ خان کی فلم ’چنئی ایکسپریس‘ کا ریکارڈ توڑ دے گی؟

کمائی کے معاملے میں تو پتہ نہیں لیکن ریلیز کے معاملے میں یہ ’چنئی ایکسپریس‘ کو ضرور پیچھے چھوڑ دے گی۔

’چنئی ایکسپریس‘ ملک بھر میں تقریباً 3,500 سکرین پر ریلیز ہوئی تھی لیکن ’بے شرم‘ کو تقسیم کرنے والی کمپنی ریلائنس انٹرٹینمنٹ نے پورے بھارت میں 3,600 سکرین پر ریلیز کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے۔

ابھیشیک اور ایشوریا فلم میں بھی ایک ساتھ

 ماں بننے کے بعد ایشوریہ کی پہلی فلم ہوگی

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشن ماں بننے کے بعد ایشوریہ کی پہلی فلم ہوگی

ابھیشیک بچن اور ان کی اہلیہ ایشوریا رائے بچن دوبارہ ’ریل لائف‘ میں ایک ساتھ نظر آئیں گے۔

میاں بیوی کی یہ جوڑی فلم ساز گورانگ دوشی کی فلم ’ہیپی اینیورسري‘ میں ساتھ کام کریں گے جس کی ہدایت کار مشہور ایڈ مین پرہلاد ککڑ ہیں۔

ماں بننے کے بعد ایشوریا رائے نے فلموں سے لمبی چھٹی لی تھی لیکن اب اس فلم کے ذریعے ان کی دوبارہ بالی وڈ میں واپسی ہو گی۔

فلم کے لیے ایشوریا اپنا وزن بھی کم کریں گی۔ ابھیشیک اور ایشوریا کا فلمی سفر ساتھ میں کچھ خاص نہیں رہا ہے۔

دونوں نے’ڈھائی اکشر پریم کے‘، ’کچھ نہ کہو‘، ’امراؤ جان‘، ’راون‘ اور ’گرو‘ جیسی فلموں میں ساتھ کام کیا جن میں ’گرو‘ کو چھوڑ کر تمام فلمیں فلاپ رہیں۔

حالانکہ دونوں نے ایک ساتھ فلم ’دھوم -2‘ میں اداکاری کی تھی اور یہ فلم سپر ہٹ تھی لیکن اس میں ایشوریا کے ساتھ ہیرو کے کردار میں ریتک روشن تھے۔

دلیپ کمار کی ہسپتال سے رخصتی

دلیپ کمار کو بالی وڈ میں اداکاری کا مینارہ تسلیم کیا جاتا ہے
،تصویر کا کیپشندلیپ کمار کو بالی وڈ میں اداکاری کا مینارہ تسلیم کیا جاتا ہے

گیارہ دن ہسپتال میں رہنے کے بعد دلیپ کمار 26 ستمبر کو ڈسچارج ہوگئے۔

دلیپ کمار گھر واپس جانے پر بہت خوش تھے اور اس کا خیال انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی کیا۔

دلیپ کمار نے ایک ٹوئٹ میں لکھا: ’میں گھر جانے کو بیتاب ہوں۔ ہسپتال کے تمام ڈاکٹروں اور نرسوں کا بہت بہت شکریہ جنہوں نے میری دیکھ بھال کی۔‘

دلیپ کمار کو بے چینی محسوس ہونے پر ممبئی کے ليلاوتي ہسپتال میں 15 ستمبر کو داخل کرایا گیا تھا۔ طبیعت میں بہتری آنے کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں اب گھر جانے کی اجازت دے دی ہے۔

جمعرات کوان کی بیوی سائرہ بانو انہیں ممبئی کے پالی ہل میں واقع گھر لے گئیں۔ ہسپتال میں دلیپ کمار سے ملنے امیتابھ بچن بھی پہنچے تھے جس کی خوشی دلیپ کمار نے ٹوئٹر پر ظاہر کی تھی۔

بھارتی جیوری کو آسکر کی سمجھ نہیں

لنچ باکس کو حکومت کی جانب سے آسکر میں بھارت کی نمائندگی کا موقعہ نہ مل سکا

،تصویر کا ذریعہThe Lunch box

،تصویر کا کیپشنلنچ باکس کو حکومت کی جانب سے آسکر میں بھارت کی نمائندگی کا موقعہ نہ مل سکا

بھارت کی طرف سے آسکر ایوارڈ کے لیے بھیجی جانے والی فلموں کا متنازع ہونا اب کوئی نئی بات نہیں رہ گئی ہے۔

گزشتہ سال اگر لوگوں نے فلم ’برفي‘ پر انگلي اٹھائی تو اس سال کچھ لوگ اس بات سے خفا ہیں کہ ’لنچ باکس‘ کے بجائے گجراتی فلم ’دا گڈ روڈ‘ کو آسکر کے لیے بھارت کی نمائندہ فلم کے طور پر کیوں بھیجا جا رہا ہے۔

بی بی سی نے ’لنچ باکس‘ کے ڈائریکٹر رتیش بترا سے جب پوچھا کہ کیا ان کی فلم ’لنچ باکس‘ اور گیان کوریا کی فلم ’دی گڈ روڈ‘ کے درمیان جنگ چھڑ گئی ہے۔

ریتیش کہتے ہیں: ’جب بھی کبھی ایسا کوئی تنازع ہوتا ہے تو فلم سازوں کو آگے کر دیا جاتا ہے لیکن اصل میں یہ نظام کی ناکامی ہے۔ ہماری جیوری کو اس بات کی سمجھ ہی نہیں ہے کہ کس طرح کی فلم کو آسکر ایوارڈ کے لیے بھیجا جائے۔‘