’عامر کے پوسٹر پر سپریم کورٹ معترض نہیں‘

عامر خان کے پوسٹر پر سپریم کورٹ کو اعتراض نہیں

پی کے پوسٹر پر کئی بار شاہ رخ خان نے بھی اپنے منفرد انداز میں پھبتیاں کسی ہیں

،تصویر کا ذریعہU TV

،تصویر کا کیپشنپی کے پوسٹر پر کئی بار شاہ رخ خان نے بھی اپنے منفرد انداز میں پھبتیاں کسی ہیں

عامر خان کی فلم ’پی کے‘ کے نیم برہنہ پوسٹر پر میڈیا میں بڑی بحث جاری ہے یہاں تک کہ فلم کو ریلیز ہونے سے روکنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔

ایک اپیل کی سماعت کرتے ہوئے بھارتی سپریم کورٹ نے کہا کہ عامر کے اس پوسٹر میں جذبات کو مجروح کرنے والی کوئی چیز نہیں ہے۔

واضح رہے کہ فلم ’پی کے‘ کے اس پوسٹر میں عامر خان ایک ریلوے ٹریک پر بے لباس کھڑے ہیں اور محض ایک ریڈیو سے ستر پوشی کر رکھی ہے۔

سپریم کورٹ جج چیف جسٹس آر ایم لودھا نے کہا کہ ’یہ انٹرٹینٹمنٹ اور فکشن ہے اور فن کو فن ہی رہنے دیا جائے۔ آپ اسے نہیں پسند کرتے تو مت دیکھیے۔ برائے مہربانی تھوڑا تحمل تو دکھائیے۔ ہمیں یہ سمجھ میں نہیں آ رہا ہے کہ اس سے عوام میں بد امنی کیسے پھیل سکتی ہے۔‘

چیف جسٹس آر ایم لودھا کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے اس فلم کے خلاف اپیل پر سماعت کی۔

دوسری جانب بدھ کو ایک مراٹھی کتاب کے اجرا کے موقعے پر عامر خان سے پوسٹر کے بارے میں سوال کیا گیا تو انھوں نے کہا: ’20 اگست کو جب پی کے کا دوسرا پوسٹر آئے گا تب تو ریڈیو بھی نہیں ہو گا۔ تب آپ لوگ کیا کروگے؟‘

عامر نے اس کے علاوہ اس معاملے پر کچھ نہیں کہا۔

پہلے ’پی کے‘ کا دوسرا پوسٹر 15 اگست کو لانچ ہونا تھا لیکن اطلاعات کے مطابق اسی دن شاہ رخ خان کی فلم ’ہیپی نیو ایئر‘ کے پرومو لانچ کی وجہ سے اس کی تاریخ 20 اگست کر دی گئي ہے۔

منیشا بنیں گی مینا کماری؟

مینا کماری کی شادی معروف فلم ساز اور ہدایتکار کمال امروہی سے ہوئی تھی

،تصویر کا ذریعہFilm Poster

،تصویر کا کیپشنمینا کماری کی شادی معروف فلم ساز اور ہدایتکار کمال امروہی سے ہوئی تھی

بالی وڈ کی سنہ 1950 اور 60 کی دہائی کی معروف اداکارہ مینا کماری کی زندگی پر ایک بايوپك بنانے کا منصوبہ ہے۔

اطلاعات کے مطابق اس میں مینا کماری کے کردار کے لیے منیشا كوئرالا کا نام تجویز کیا گیا ہے۔ وہی منیشا کوئرالا جنھوں نے سبھاش گھئی کی فلم سوداگر سے اپنے کریئر کا آغاز کیا تھا۔

فلم کی ہدایت کاری ششی لال نائر کریں گے۔

منیشا نے برسوں پہلے ششی لال نائر کی بالغوں کے لیے فلم ’ایک چھوٹی سی لو سٹوری‘ میں کام کیا تھا جس کے بعد دونوں کے درمیان مبینہ طور پر اختلافات پیدا ہو گئے تھے۔

مینا کماری نے ’پاکیزہ‘، ’کاجل‘، ’کوہ نور‘، ’یہودی‘، ’بہو بیگم‘، ’دل اپنا اور پریت پرائی‘، ’صاحب بی بی اور غلام‘، ’دل ایک مندر ہے‘، ’میں چپ رہوں گی‘، ’دو بیگھہ زمین‘، ’سانجھ اور سویرا‘، ’بھیگی رات‘، اور ’پھول اور پتھر‘ جیسی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔

فلم ’فائنڈنگ فینی‘ کے موقعے پر

فائنڈنگ فینی میں دیپکا کے علاوہ نصیرالدین شاہ ،پنکج کپور اور ڈمپل کپاڈیہ جیسے منجھے ہوئے فن کار ہیں

،تصویر کا ذریعہSony Music

،تصویر کا کیپشنفائنڈنگ فینی میں دیپکا کے علاوہ نصیرالدین شاہ ،پنکج کپور اور ڈمپل کپاڈیہ جیسے منجھے ہوئے فن کار ہیں

فلم ’فائنڈنگ فیني‘ کے پروموشن پر جب دیپکا پڈوکون سے رنویر سنگھ کے بارے میں سوال پوچھے گئے تو وہ میڈیا سے قدرے ناراض نظر آئیں۔

دراصل رنویر سنگھ زويا اختر کی فلم ’دل دھڑکنے دو‘ میں کام کر رہے تھے اور مبینہ طور پر دیپکا فلم کے سیٹ پر بارہا دیکھی گئیں۔

جب ان سے اس کی وجہ پوچھی گئی تو انھوں نے کہا: ’اس بات کا یہاں کوئی مطلب نہیں ہے، میں اس کا جواب یہاں دینا مناسب نہیں سمجھتی۔ ہم اس بارے میں بعد میں بات کریں گے۔‘

دوسری جانب شاہد کپور اس فلم کو دیکھنے کے بارے میں بہت بے تاب نظر آ رہے ہیں اس کی وجہ اس فلم میں ان کے والد پنکج کپور کے کردار کا دوسرا رخ پیش کیا گیا ہے۔