دلاور خان وزیر بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ڈیرہ اسماعیل خان |  |
 | | | بینظیر بھٹو کے قتل کیس میں گرفتار کیا جانے والا اعتزاز شاہ پولیس کی حراست میں |
اٹھارہ فروری قریب آنے کے باعث سیاسی سرگرمیوں میں غیر معمولی بھاگ دوڑ اور جوڑ توڑ کا سلسلہ آخری مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔ پورے ملک کی طرح ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی انتخابات کے حوالے سے کافی گہما گہمی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان چونکہ مولانا فضل الرحمن کا حلقہ ہے اس حوالے سے یہ اور بھی اہم سمھجا جاتا ہے۔ اس وقت ڈیرہ اسماعیل خان میں قومی اسمبلی کی نشت کے لیے دو ہی امیدوار ہیں جن میں مولانا فضل الرحمن اور پیپلز پارٹی کے فیصل کریم کنڈی شامل ہیں۔ دونوں امیدوار بھرپور کوشش کر رہے ہیں مگر سکیورٹی کے مسائل کی وجہ سے مولانا فضل الرحمن احتیاط کیساتھ انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔ مولانا فضل الرحمن ڈیرہ اسماعیل خان میں آباد وزیر اور محسود قبائل کو رام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن وزیر اور محسود قبائل کی ایک بڑی تعداد نے گزشتہ روز ایک جلسہ عام میں فیصل کریم کنڈی کی حمایت کا اعلان کیاہے۔ ان قبائل کا کہنا ہے کہ گزشتہ کئی سال سے انہوں نے اسلام کے نام پر مولانا کا ساتھ دیا ہے۔’اب معلوم ہوا کہ مولانا اسلام کے نام پر لوگوں کو دھوکہ دے دیتے رہے ہیں۔انہوں نے وزیرستان آپریشن میں کوئی کردار ادا نہیں کیا ہے۔‘  | | | مولانا کی حمایت میں کچھ فرق ہے لیکن پھر بھی ان کا ووٹ بینک کافی بڑا ہے |
وزیر محسود قبائل کے فیصل کریم کی حمایت میں اعلان کے بعد مولانا نے سنیٹر صالح شاہ محسود اور سابقہ ممبر قومی اسمبلی معراج الدین محسود کی قیادت میں وزیر اور محسود قبائل کو جمعہ کو مولانا فضل الرحمن کے رہائش گاہ پر بلایا تھا لیکن وہ وہاں نہیں گئے۔ اس موقع پر مولانا نے کہا کہ تمام قبائل ان کے بھائی ہیں۔ ’ہم انہیں عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔‘ ان کے مطابق وزیرستان میں طاقت کا استعمال بلاجواز ہے اور وزیرستان مسئلے کا واحد حل مذاکرات ہیں۔انہوں نے کہا کہ عالم کفر کے ایجنڈے کی تکمیل پر مشرف، ق لیگ اور پیپلز پارٹی ایک سے ہیں۔انہوں نے کہا کہ برسراقتدار آ کر وہ وزیرستان میں دیرپا امن قائم کرنے کے لیے ہر ممکن وسائل بروکار لائیں گے اور مسئلے کا حل مذاکرات کے ذریغے نکالیں گے۔  | | | ڈیرہ اسماعیل خان انتخابی لحاظ سے کافی اہم ضلع ہے |
دوسری جانب ڈیرہ اسماعیل خان میں ایڈیشنل آئی جی صوبہ سرحد حبیب الرحمن نے کہا ہے کہ بینظیر قتل کیس میں ملوث ملزم اعتزاز شاہ کی گرفتاری ڈیرہ پولیس کا اعزاز ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران ڈیرہ پولیس نے چھ خوکش حملہ آور گرفتار کیے ہیں۔ ان کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک سو تیس پولنگ سٹیشنز کو حساس جبکہ تریسٹھ کو انتہائی حساس قرار دے دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن سیمت تمام سیاسی رہنماؤں کی سکیورٹی کے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ان کے مطابق پولنگ سٹیشنوں پر تین ہزار پولیس اہلکاروں سیمت ایف سی کی بھاری نفری تعینات کی جائے گی اور کسی بھی ممکنہ کارروائی سے نمٹنے کے لیے پاک فوج کو بھی چوکس کر دیا گیا ہے۔ |