سعودی عرب کی سرحد پر جھڑپوں میں پانچ محافظ ہلاک

،تصویر کا ذریعہAP
سعودی عرب کی وزارتِ داخلہ کے مطابق یمن کے راستے سے سعودی عرب کی سرحد پار کرنے کی کوشش کرنے والے مسلح گروہ سے آٹھ گھنٹوں تک جاری رہنے والی جھڑپوں میں اس کے پانچ سرحدی محافظ ہلاک ہو گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے ایے ایف پی کے مطابق سعودی عرب کی وزارتِ داخلہ نے پیر کو جاری بیان میں بتایا ہے کہ مسلح افراد اور باڈر کی سکیورٹی پر مامور محافظوں کے درمیان یہ جھڑپیں پیر کی صبح جنوبی خطے نجران میں ہوئیں۔
وزارتِ داخلہ نے سعودی عرب کی سرحد پار کرنے کی کوشش کرنے والے گروہ کا نام نہیں بتایا۔

خیال رہے کہ یمن سے متصل سعودی عرب کے سرحدی علاقے میں اس سے قبل بھی گذشتہ ڈیڑھ سال کے عرصے میں حوثی باغیوں اور سعودی فوج کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات موصول ہوتی رہی ہیں۔
سعودی عرب نے اتحادی افواج کے ہمراہ مارچ 2015 میں یمن میں موجود حوثی باغیوں کے خلاف جنگ کا آغاز کیا تھا۔
حالیہ جھڑپ ایک ایسے وقت میں ہوئی ہیں جب وہاں یمن جنگ کے خاتمے کے لیے امن کی کوششوں میں کچھ مثبت پیش رفت کے اشارے ملے ہیں۔
اس سے قبل پیر کی شام سعودی اتحاد نے بتایا تھا کہ ایک اپاچی ہیلی کاپٹر کو خراب موسم کے باعث یمن کے صوبے مارب میں حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں دو سعودی افسر ہلاک ہو گئے تاہم باغیوں کا دعویٰ ہے کہ انھوں نے اس اپاچی ہیلی کاپٹر کو مار گرایا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
باغی گروہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ انھوں نے مارب اور جنوبی سعودی عرب کے علاقے جیزان کے درمیان اس ہیلی کاپٹر کو بیلسٹک میزائل کے ذریعے مار گرایا تھا۔
حوثی باغیوں کا یہ دعویٰ بھی ہے کہ جمعرات سے اب تک ہونے والی لڑائی میں یمنی حکومت کی حامی افواج اور باغیوں کے درمیان لڑائی میں 82 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
اعدادوشمار کے مطابق ڈیڑھ سالہ جنگ میں سعودی عرب کی فوج اور شہریوں کی ہلاکتوں کی تعداد 100 ہو چکی ہے۔ یہ افراد سعودی سرحد پر جھڑپوں اور بارودی سرنگوں کے پھٹنے کے نتیجے میں ہلاک ہوئے۔ گذشتہ مارچ سے اب تک ہلاک ہونے والے یمنی باشندوں کی تعداد 6400 بتائی جاتی ہے جبکہ 28 لاکھ افراد اپنا ملک چھوڑنے پر مجبور ہوئے۔ ادھر قیام امن کے لیے کیے جانے والے مذاکراتتاحال کامیاب نہیں ہو سکے۔







