’فنڈز کی دھمکی پر سعودی اتحاد کا نام خارج کیا‘

،تصویر کا ذریعہAP
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے کہا ہے کہ سعودی اتحاد کا نام ادارے کی بلیک لسٹ سے عارضی طور پر خارج کرنے کی وجہ اس اتحاد کے حامیوں کی جانب سے مختلف پروگرامز کے لیے دیے جانے والے فنڈز روکے جانے کی دھمکی تھی۔
خیال رہے کہ اقوامِ متحدہ نے یمن جنگ میں بچوں کے حقوق کی پامالی سے متعلق رپورٹ سامنے آنے کے بعد وہاں جنگ کرنے والے سعودی اتحاد کا نام بلیک لسٹ میں شامل کیا تھا۔
اقوامِ متحدہ کی گذشتہ جمعرات کو شائع ہونے والی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ گذشتہ برس 2015 میں یمن میں مجمموعی طور پر 1953 بچے ہلاک ہوئے جن میں 60 فیصد بچوں کی ہلاکتوں کی وجہ سعودی اتحاد کے حملے بتائے گئے ہیں۔
خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے کہا کہ ’یہ بہت مشکل اور تکلیف دہ فیصلہ تھا جو مجھے کرنا پڑا۔ اس اقدام کے لیے ان پر بہت دباؤ تھا۔‘
انھوں نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کے فنڈز کو روکے جانے کی صورت میں شام، فلسطین، سوڈان اور یمن سمیت بہت سی دوسری جگہوں پر لاکھوں بچے متاثر ہوتے۔

اگرچہ بان کی مون نے سعودی اتحاد کا نام لسٹ سے خارج کیے جانے کے اقدام کے بارے میں کہا ہے کہ یہ عارضی طور پر کیا ہے تاہم اپنے بیان میں انھوں نے یہ واضح طور پر نہیں کہا کہ جائزے کے بعد اتحاد کے نام کو دوبارہ سے اس لسٹ میں ڈالا جا سکتا ہے۔
خیال رہے کہ سیکریٹری جنرل کو اس فیصلے کے باعث انسانی حقوق کے گروہوں کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
سیکریٹری جنرل نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور دیگر ممالک کے تحفظات کے بعد ان کا ادارہ اس لسٹ میں موجود ’دہشت گرد اور انتہا پسند گروپوں‘ میں فرق کرنے کے لیے بہتر راستہ دیکھ رہا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
دوسری جانب اقوامِ متحدہ میں سعودی عرب کے سفیر عبداللہ الموالعمی نے اپنے میڈیا بیان میں کہا ہے کہ ان کا ملک سمجھتا ہے کہ اقوامِ متحدہ کی بلیک لسٹ سے سعودی اتحاد کا نام خارج کیا جانا حتمی اور غیر مشروط عمل ہے۔
انھوں نے اس دعوے کی تردید کی ہے کہ سعودی عرب نے بلیک لسٹ سے نام کے اخراج کے لیے کوئی دھمکی دی تھی تاہم انھوں نے کہا کہ اس قسم کی لسٹ میں انھیں شامل کیا جانا غیر منصفانہ عمل ہے اور اس کا یقیناً سعودی عرب اور امریکہ کے تعلقات پر اثر پڑے گا۔
سعودی سفیر نے اس بات کی تردید کی کہ ان کے ملک نے اقوامِ متحدہ کی ایجنسی کو فلسطینی مہاجرین کے لیے دیے جانے والے فنڈز روکنے کی بات کی ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ بات حیران کن نہیں کہ اگر دسیوں ممالک اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو یہ کہیں کہ سعودی اتحاد کو اس لسٹ میں شامل کیا جانا نامنظور ہے۔







